صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

کوویڈ-19 کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانا

Posted On: 27 JUL 2021 3:52PM by PIB Delhi

نئی دہلی،27 جولائی 2021:  مرکزی حکومت نے کوویڈ-19 کے دوران صحت کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو مزید اپ گریڈ کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی امداد کے ساتھ ریاستوں کی مدد کی ہے۔

صحت کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کچھ پروگرام اس طرح ہیں:

  • غیر کوویڈ مریضوں میں انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے نیز علاوہ بھر میں غیر کوویڈ ایمرجنسی طبی خدمات جاری رکھنے کے لیے ملک بھر میں تین سطحی کوویڈ-19 ہیلتھ کیئر کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے: (1) کویڈ کیئر مرکز (سی سی سی)، (2) کوویڈ کو وقف صحت مرکز (ڈی ایچ سی) اور (3) کوویڈ کو وقف اسپتال (ڈی سی ایچ )۔

  • دفاع، ریلوے، فوج، اسٹیل کی وزارت کے تحت ٹرشری اسپتالوں میں خدمات کے معیار کو بڑھانے کے لیے ضروری امداد فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی آر ڈی او نے عارضی طبی دیکھ بھال کی سہولیات بھی تیار کی ہیں۔

  • مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے آئی سی یو بستروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال مارچ میں پہلے لاک ڈاؤن کے دوران آئی سی یو بستروں کی تعداد 2168 سے بڑھ کر تقریباً 122,000 ہوگئی ہے (بمطابق 20 جولائی 2021)۔

  • اگست 2020 میں علاج کے لیے استعمال ہونے والی مائع آکسیجن کی روزانہ پیداواری صلاحیت 5700 میٹرک ٹن تھی۔ اب 13 مئی تک یہ بڑھ کر روزانہ 9690 ہو گئی ہے۔

  • صنعت میں آکسیجن کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

  • ریاستوں /مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے علاج کے لیے استعمال ہونے والی آکسیجن کی تقسیم کے لیے ایک علیحدہ اور شفاف فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔

  • آکسیجن کے موزوں استعمال کے پالیسی رہ نما خطوط گذشتہ سال 25 ستمبر کو جاری کیے گئے تھے جس کا مقصد علاج کے لیے استعمال ہونے والی آکسیجن کے ضیاع کو روکنے کے لیے آکسیجن کا منطقی استعمال کرنا تھا۔ رہ نما خطوط میں 25 اپریل 2021 کو مزید ترمیم کی گئی اور ریاستوں کو مطلع کیا گیا۔

  • گذشتہ سال اپریل اور مئی میں ریاستوں میں 102400 سے زیادہ آکسیجن سلنڈر حاصل اور تقسیم کیے گئے۔ دریں اثنا 21 اپریل کو مزید ایک لاکھ 27 ہزار سلنڈر فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • صحت مراکز میں آکسیجن پیدا کرنے کے لیے پی ایس اے پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں دور دراز اور دشوار گزار علاقوں کے اسپتال داخلی آکسیجن کی مانگ کو پورا کر سکیں گے۔

  • کوویڈ-19 سے متعلق ادویات سے متعلق تمام معاملات پر فوری اور موثر فیصلے کرنے کے لیے ادویہ سازی کے محکمہ کے تحت ایک ادارہ جاتی نظام کے طور پر ڈرگ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

  • تمام ریاستوں /مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈرگ کنٹرولرز سے درخواست کی گئی کہ وہ ریمیڈیسیور جیسی ہنگامی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور غیر دیانت دارانہ لین دین کو روکنے کے لیے دواؤں کے ذخائر کی نگرانی تیز کریں۔

مذکورہ اقدامات کے علاوہ مرکزی کابینہ نے کوویڈ-19 ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور صحت کے نظام کی تشکیل سے متعلق دوسرے مرحلے کے پیکج کے لیے 23,123 کروڑ روپے کی فراہمی کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس میں سے 15,000 کروڑ روپے مرکزی حکومت دے گی اور باقی 8,123 کروڑ روپے ریاستوں کو دینا ہوں گے۔ پیکیج یکم جولائی 2021 سے 31 مارچ 2022 کے دوران نافذ کیا جائے گا۔

یہ معلومات صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے آج راجیہ سبھا کو ایک تحریری جواب میں دی ہیں۔

***

U. No. 7091

(ش ح۔ ع ا۔ ع ر)


(Release ID: 1739819) Visitor Counter : 273


Read this release in: English , Bengali , Telugu