ارضیاتی سائنس کی وزارت
بھارت کا ہدف گہرے سمندر ی مشن اور بحری وسائل کے ذریعہ 100 بلین ڈالرز سے زیادہ مالیت کی ‘‘ نیلگوں معیشت ’’ کا نشانہ حاصل کرنا ہے: وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ
Posted On:
12 JUL 2021 7:51PM by PIB Delhi
نئی دہلی ، 13 ،جولائی 2021 :
سائنس اور ٹیکنالوجی ، اور ارضیاتی سائنس محکمے کے مرکزی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج )، وزیر اعظم کے دفتر پی ایم او ، عملے، عوامی شکایات ، پینشن سے متعلق امور ، ایٹمی توانائی اور خلا سے متعلق محکموں کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ آنے والے برسوں میں، بھارت کا ہدف ، اپنے گہرے سمندری مشن ( ڈی او ایم ) اور بحری وسائل کے ذریعہ ایک سو بلین ڈالرز سے زیادہ مالیت کی ‘‘ نیلگوں معیشت ’’ کا نشانہ حاصل کرنا ہے۔
آج یہاں ارضیاتی سائنس کی وزارت میں سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ملک کی معیشت کی نمو میں مزید تحریک بخشنے کے مقصد سے سمندر میں کھوج بین اور دریافت کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملک کی معیشت میں اندازاً 110 ارب ڈالرز تک کے اضافے کا ایک نیا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارضیاتی سائنس کے ذریعہ تیار کئے گئے ‘‘ گہرے سمندر سے متعلق مشن ’’ کو خلائی تحقیق سے متعلق بھارت کی تنظیم ( اسرو ) کے اشتراک سے عملی جامہ پہنایا جائے گا اور یہ حکومت کی مختلف وزارتوں کے تحت کام کرنے والے سائنس کے مختلف شعبوں کی کوششوں کو یکجا کرنے اور انہیں مربوط کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ‘‘ گہرے سمندر سے متعلق مشن ’’ کی بدولت عام آدمی کے لئے بھی دور رس اہم مفید اثرات مرتب ہوں گے ۔ مثال کے طور پر اس سے پینے کا صاف پانی فراہم ہونے اور کھارے پانی کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ سمندری پٹی سے معدنیات نکالنے سے متعلق ذرائع تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
وزیر موصوف نے بھارت کے محکمئہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمس کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کریں تاکہ بالکل درست معلومات کو جلد از جلد نشر کیا جا سکے ۔ انھوں نے کہا کہ وزارت کی حصولیابیوں کو ، خاص طور پر جن سے عام آدمی کو فائدہ پہنچتا ہو ، انہیں ذرائع ابلاغ یا میڈیا کے ذریعہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ فضول اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کریں اور وزارت کے تحت ضم ہونے والے خود مختار اداروں کی افادیت تلاش کریں۔
اس جائزہ میٹنگ میں وزارت کے انتظامی شعبوں کے ڈائریکٹر جنرل صاحبان ، سرکردہ سائنس دانوں اور عہدیدارون نے شرکت کی ۔
ارضیاتی سائنس کی وزارت کے تحت دس ادارے ہیں جن میں اس کے احاطہ کے تحت پانچ خود مختار ادارے بھی شامل ہیں ۔ وزارت ، پانچ بڑی سر پرست اسکیموں کے تحت اپنی تحقیقی و ترقیاتی اور کارروائی سے متعلق سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔
ش ح۔ع م۔ ر ب
U. NO. 6490
(Release ID: 1735063)
Visitor Counter : 237