بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
مرکزی وزیر جناب نارائن تاتو رانےاور وزیر مملکت جناب بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے چھوٹی ، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کی وزارت کا عہدہ سنبھالا
Posted On:
08 JUL 2021 12:37PM by PIB Delhi
نئی دہلی ، 08 جولائی: مرکزی وزیر جناب نارائن تاتو رانے نے آج چھوٹی ،بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کی وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ وہ مہاراشٹر کےسابق وزیر اعلی بھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے مہاراشٹرا حکومت میں کابینی وزیر برائے صنعت ، بندرگاہ ، روزگار اور ملازمت کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 35 سالوں سے مختلف عہدوں کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں اورمسلسل عوام کی خدمت میں مصروف رہے ہیں۔
پانچ بار لوک سبھا سے ممبر پارلیمنٹ ، جناب بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے بھی وزارت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے چارج لیا۔ بحیثیت رکن پارلیمنٹ ، وہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی فلاح و بہبود سے متعلق کمیٹی کے ممبر تھے۔ سکریٹری ایم ایس ایم ای اور وزارت کے تمام اعلی عہدیداروں نے مرکزی وزرا کا استقبال کیا۔
عہدے کا چارج لینے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرجناب نارائن تاتو رانے، نے وزیر اعظم کی شاندار قیادت، اور ایم ایس ایم ای کے فروغ کے تئیں ان کی خصوصی دلچسپی کی جم کر ستائش کی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ایم ایس ایم ای کا محکمہ معاشی ترقی ، اختراعات و جدت طرازی نیز روزگار کے سب سے مضبوط ترین ستون میں شامل ہے۔ اس اہم ترین شعبے کی اعلی سطح کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ، وزیر موصوف نے ایم ایس ایم ایز کو مزید فعال بنانے اور 5 کھرب ڈالر کے معاشی منصوبے کو دوگنا کرنے اور ملازمتوں کے ذریعہ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لانے نیز اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے ' برآمدات اور جامع نمو'کے وژن پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ انفراسٹرکچر کے شعبے میں تیز رفتار ترقی، قرضوں کی فراہمی اور مالی تعاون ، ٹکنالوجی کو مزید اپ گریڈ کرنے اور مہارت کی ترقی کے لئے مختلف اسکیموں کے ذریعے ایم ایس ایم ای کے محکمے کو مزید متحرک کرنے اور اس کا ازسر نو جائزہ لینے کے ساتھ ہی"خود کفیل بھارت"کے وژن کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لیے ایم ایس ایم ای کی ترقی کے لیے مستقل کوششیں کی جارہی ہیں۔ بڑی تعداد میں کاروباری یونٹوں اور برآمد کنندگان کو اس سے جوڑا بھی جا رہا ہے جس کی ستائش کی جانی چاہیے۔
جناب نارائن رانے، نے چارج سنبھالنے کے بعد وزارت کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بااختیار بنانے کےلیے متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے ایم ایس ایم ای کی وزارت کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ایم ایس ایم ای کی ترقی کے لیے ہمہ تن مصروف عمل ہوں اور اپنی لیاقت و استعداد کے مطابق اس میں اپنی پائیدار شراکت کے ذریعہ مثبت تبدیلی لائیں۔
*****************
ش ح - س ک
U.No. : 6317
(Release ID: 1733627)
Visitor Counter : 306