بجلی کی وزارت
پاور گرڈ میں سی ایس آر کے تحت کرگل ( لداخ ) ضلع انتظامیہ کو امداد فراہم کی
Posted On:
28 JUN 2021 4:01PM by PIB Delhi
نئی دلّی ، 28 جون / بجلی کی وزارت کے تحت ایک مہا رتن سی پی ایس یو ، پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹیڈ ( پاور گرڈ ) نے آج کرگل کی ضلع انتظامیہ کو ایک ویکسین کی ڈلیوری وین ، 12 ریفریجریٹر اور 9 ڈی فریزر سونپے ہیں ۔ اس موقع پر کرگل کے ایگزیکیٹو کونسلر جناب محسن علی نے ویکسین ڈلیوری وین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔

29 لاکھ روپئے کی لاگت کا یہ سامان پاور گرڈ نے اپنی سی ایس آر پہل کے تحت سونپا ہے ۔ ویکسین پہنچانے والی وین سے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو فائدہ ہو گا اور ٹیکہ کاری مہم کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ فریجر کی مدد سے کووڈ – 19 سے متعلق اور دیگر ویکسین کو مناسب طور پر ذخیرہ کیا جا سکے گا اور آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا جا سکے گا ۔ اس سے کرگل میں ویکسین کی تقسیم کاری کے چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔
پاور گرڈ ، حکومتِ ہند کی مختلف اسکیموں جیسے پی ایم ڈی پی ، ڈی ڈی یو جی جے وائی وغیرہ کے تحت دور دراز کے علاقوں میں دیہی برق کاری کے بنیادی ڈھانچے میں بھی مدد کر رہی ہے ، جس میں کرگل ضلع کی دراس تحصیل میں ایک 66/11 کے وی سب اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے ، جو آس پاس کے گاؤوں کی ضرورت کو پورا کرے گا اور بجلی کی دستیابی کو بہتربنائے گا ۔ ان اسکیموں کے تحت پاور گرڈ 23 گاؤوں میں بجلی پہنچانے کا کام کر رہی ہے ، جس میں کرگل ضلع میں 57 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی ۔ اس کے علاوہ ، پی ایم ڈی پی 66 کے وی کی ایک بجلی کی لائن کا نیٹ ورک بھی لگایا جا رہا ہے ، جس پر تقریباً 30 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی ۔
مقامی نو جوانوں کے لئے روز گار کے مواقع میں اضافہ کرنے کی خاطر پاور گرڈ نے لداخ خطے سے جونیئر انجینئروں کی بھرتی کی خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے ۔
پاور گرڈ نے کرگل میں جدید ترین گیس سے چلنے والا 220 / 66 کے وی کا ایک سب اسٹیشن بھی تعمیر کیا ہے ، جو خطے کو قومی گرڈ سے جوڑتا ہے ۔ پاور گرڈ کی 171950 سرکٹ کلومیٹر کی ٹرانسمیشن لائنیں ، 262 سب اسٹیشن اور 444738 ایم وی اے سے زیادہ کی ٹرانسفورمیشن صلاحیت ہے ۔ جدید ٹیکنا لوجی کے آلات اور تکنیک کے استعمال سے خود کاری اور ڈجیٹل طریقوں کے استعمال میں اضافے کے ساتھ پاور گرڈ 99 فی صد سے زیادہ ٹرانسمیشن سسٹم کی دستیابی بر قرار رکھتا ہے ۔ حال ہی میں 220 کے وی کے سری نگر – لیہہ ٹرانسمیشن سسٹم کو پاور گرڈ میں منتقل کرنے سے پورے لداخ خطے کو بھروسہ مند بجلی فراہم کرنے اور معیار کے مطابق سسٹم کی دستیابی کو بر قرار رکھنے کی ، اُس کی ذمہ داری میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ۔ 28.06.2021 )
U.No. 5979
(Release ID: 1731070)
Visitor Counter : 219