عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام سرکاری ملازمین سے جلد سے جلد ٹیکہ لگوانے کے لئے کہا

Posted On: 29 MAY 2021 6:02PM by PIB Delhi

نئی دہلی:29مئی،2021۔محکمہ برائے عملہ و تربیت (ڈی او پی ٹی) نے 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام سرکاری ملازمین کو جلد سے جلد ٹیکہ لگوانے کے لئے کہا ہے۔

یہ بات شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں کووڈ 19  وبا کی دوسری لہر کو ذہن میں رکھتے ہوئے کئے جارہے اقدامات کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے  کہی۔

ڈی او پی ٹی کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ چونکہ حکومت کے ذریعے کووڈ-19 کی روک تھام کے لئے 18 سال یا اس سے اوپر کے تمام لوگوں کو ٹیکہ کاری پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لہذا اس عمر کے سبھی ملازمین کو ٹیکہ لگوانے کی صلاح دی جاتی ہے۔اس کے ساتھ ہی کووڈ کے پازیٹو معاملات کی تعداد میں اضافے کو ذہن میں رکھتے ہوئے سکریٹریوں / محکمہ کے سربراہان کو  اپنے اپنے محکموں میں، کام سے متعلقہ تقاضوں اور پازیٹو معاملات کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے سبھی سطح پر ملازمین کی موجودگی کو کنٹرول کرنے کے اختیارات عطا کئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دوسری لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ کے ذریعہ اپنائے جانے والے اقدامات میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات میں ڈی او پی ٹی ایڈوائزری کی سختی سے پیروی کرنا بھی شامل ہے۔ اس میں دفتر کے سارے کمروں، علاقوں اور سطحوں کے ساتھ ساتھ محکمہ کی راہداریوں کا باقاعدگی سے سینیٹائزیشن/ ڈس انفیکشن کرنا شامل ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ورک سٹیشنوں کے لئے گلاس پارٹیشن کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری گاڑیوں میں ڈرائیور کی نشست کو الگ کرنے کے لئے پلاسٹک شیٹ پارٹیشن کا نفاذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں کووڈ سے متاثرہ ملازمین کی باقاعدگی سےکاؤنسلنگ کرنے اور ان کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے ایک واٹس ایپ گروپ (وی کیئر) بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ٹیکہ کاری مہم کو آسان بنانے کے لئے کہا کہ وزارت داخلہ امور کی مدد سے نارتھ بلاک میں بھی ایک ٹیکہ کاری کیمپ چلایا جارہا ہے۔

دریں اثنا وزیر موصوف نے کہا کہ ویبینارز اور ویڈیو کانفرنسنگ ٹولز کا بھی وسیع پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے تاکہ بلا رکاوٹ رفتار سے کام کیا جاسکے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ڈی او پی ٹی کی تمام فائلوں کو وقت پر منظوری دی جارہی ہے اور کئی بار ضروری فائلوں کو دیر شام تک بھی نمٹایا جارہا ہے۔

****

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO:4962


(Release ID: 1722824) Visitor Counter : 191