سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت

گھر کے قریب ٹیکہ کاری مراکز کی دستیابی سے  بڑی تعداد میں  بزرگ شہریوں  اور دِویانگ جنوں کو فائدہ  ہو گا : جناب رتن لال کٹاریا  

Posted On: 28 MAY 2021 4:05PM by PIB Delhi

نئی دلّی ، 28 مئی / بزرگ شہریوں اور دِویانگ جنوں کے لئے  ، اُن کے گھروں کےقریب  ٹیکہ  کاری مرکز فراہم کرنے  کی خاطر  صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے ذریعے  جاری کردہ   ہدایت  کا خیر مقدم کرتے ہوئے  ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت  جناب رتن لال کٹاریا نے کہا ہےکہ  اس اقدام سے   ملک بھر کے تقریباً 14 کروڑ بزرگ شہریوں اور 2.2 کروڑ دِویانگ جنوں  کو فائدہ ہو گا ۔   سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت    نے ، اِس سے پہلے   ٹسٹنگ   ، علاج اور ٹیکہ کاری میں   بزرگ شہریوں اور    معذوری سے متاثرہ افراد کو در پیش مسائل سے   صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کو مطلع کیا تھا ۔

         وزارت نے  دلّی میں ایمس کے  بزرگ افراد   کی بیماریوں سے متعلق شعبے   کے مشورے سے  27 اپریل ، 2021 ء کو   بزرگ شہریوں کے لئےکووڈ سے متعلق  مناسب رویے  کے رہنما خطوط  جاری کئے تھے ۔

         جناب کٹاریا نے کہا ہے کہ مودی  حکومت ، عوام کی ضرورتوں کا پورا احساس رکھتی ہے اور   ملک میں جاری  وباء کے دوران  فوری طور پر راحت فراہم کرنے  کے لئے  انتھک کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سماجی انصاف اور تفویض  اختیارات کی وزارت   سماج کے کمزور طبقوں  اور دیگر کمزور گروپوں     کی پریشانیوں کو  حل کرنے کے لئے  عہد بستہ ہے ۔

         سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت   نے  مخنث برادری  سے  تعلق رکھنے والے   لوگوں  کو  نفسیاتی  علاج  فراہم کرنے کے لئے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی  شروع کیا ہے ۔  مخنث افراد کو ، جو  انتہائی غیر یقینی  حالات کی وجہ سے انتہائی دباؤ  کا سامنا کر رہے ہیں ، ماہرین نفسیات   کے ذریعے   صلاح و مشورہ  دستیاب کرایا جا رہا ہے ۔

         وزارت نے  مخنث افراد کے لئے یکمشت  1500 روپئے  کا بھتہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے  تاکہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی وجہ سے  متاثرہ ، اِن افراد  کو مدد حاصل ہو سکے ۔ یہ مالی امداد ایک عبوری اقدام ہے اور پچھلے سال بھی   مخنث برادری کے 7000 لوگوں کو  ، یہ امداد فراہم کی گئی تھی ۔

         جناب کٹاریا نے مزید کہا کہ  وزارت نے  20 مئی ، 2021 ء کے اپنے ایک مراسلے کے ذریعے  تمام ریاستی حکومتوں پر زور دیا ہےکہ وہ  کووڈ ٹیکہ کاری پروگرام   کےبارے میں مخنث برادری  کے لوگوں میں  بیداری  پیدا کریں  ،   موجودہ ٹیکہ کاری مراکز کو مخنث افراد کے لئے  سازگار بنائیں اور   مخنث برادری کی ٹیکہ کاری کے لئے علیحدہ کیمپ  اور موبائل بوتھ کا بھی  بندوبست کریں ۔

         وزیر موصوف نے مزید کہا کہ  دنیا کا سب سے بڑا اور  تیز تر  ٹیکہ کاری پروگرام  جاری ہے  ، جہاں حکومت نے اب تک   130 دن کے اندر 20.27 کروڑ  ویکسین کے ٹیکے  لگائےہیں ۔  انہوں نے تمام سرکاری  حکام   اور فریقوں پر زور دیا کہ وہ   کووڈ – 19 کی دوسری لہر  سے نمٹنے کے لئے متحد ہوں ۔  انہوں نے وزیراعظم جناب نریندر مودی  کی  مضبوط قیادت میں  مکمل اعتماد  کا اظہار کیا  اور دعویٰ کیا کہ  سماج کے تمام طبقوں کےسرگرم  تعاون سے ہم جلد ہی  وباء  کی دوسری لہر سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔   

 

۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔

( ش ح ۔ و ا  ۔ ع ا ۔28.05.2021 )

U.No. 4925



(Release ID: 1722543) Visitor Counter : 140