جل شکتی وزارت
جل جیون مشن : ہماچل پردیش نے سالانہ لائحہ پیش کیا
ہماچل پردیش جولائی 2022 تک ’ہر گھر جل‘ ریاست بن جائے گی
Posted On:
02 MAY 2021 2:48PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 02 مئی 2021: ہماچل پردیش ریاست نے جل شکتی وزارت کے تحت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری کے زیر صدارت قومی کمیٹی کے سامنے ویڈیو کانفرنس کے توسط سے مالی سال 2021۔22 کے لئے جل جیون مشن کا سالانہ لائحہ عمل پیش کیا۔ اپنے منصوبہ کو پیش کرتے ہوئے، ہماچل پردیش حکومت کے ’جل شکتی وبھاگ ‘نے جولائی 2022 تک ’ہر گھر جل ‘کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
ہماچل پردیش میں 17.04 لاکھ دیہی کنبے ہیں، ان میں سے 3.02 لاکھ (76.41 فیصد) کے پاس نل کے ذریعہ پانی کا کنکشن موجود ہے۔ اگست 2019 میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے اعلان کے بعد سے لے کر اب تک، ریاست میں 5 لاکھ سے زیادہ نل کے ذریعہ پانی کنکشن فراہم کرائے گئے ہیں اور اب تک ریاست میں 8458 مواضعات (46.78 فیصد) کو ’ہر گھر جل‘ گاؤں قرار دیا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ان مواضعات کے ہر ایک گھر میں نل کے ذریعہ نل کے ذریعہ پانی کے کنکشن کی سہولت ہے۔ ہماچل پردیش کا منصوبہ 2021۔22 میں پوری ریاست میں 2.08 لاکھ نل کے ذریعہ پانی کے کنکشن فراہم کرانے کا ہے۔
منصوبے کی بنیاد پر ریاست سے اور زیادہ اضلاع کو صد فیصد سیراب بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ ریاست کے تین اضلاع یعنی کنور، اونا اور لاہول اور اسپیتی ’ہر گھر جل‘ والے اضلاع ہیں۔ 100 روزہ مہم کے تحت سبھی اسکولوں اور آنگن باڑی مراکز پر پہلے ہی احاطہ کر لیا گیا ہے اور ریاست کے ان تمام اداروں میں پائپ لائن کے توسط سے پانی سپلائی کیا جا رہا ہے۔
جل جیون مشن مرکزی حکومت کا ایک اہم پروگرام ہے، جسے ریاستوں کی شراکت داری میں نافذ کیا جا رہا ہے، اس کا مقصد 2024 تک ہر ایک دیہی کنبے کو نل کے ذریعہ پانی کا کنکشن فراہم کرایا جانا ہے۔ 2020۔21 میں، ہماچل پردیش کو دیہی علاقوں میں نل کے ذریعہ پانی کی یقینی سپلائی فراہم کرنے کے لئے 326 کروڑ روپئے کے بقدر کا مرکزی تعاون مختص کیا گیا تھا اور ریاست نے 548 کروڑ روپئے کے بقدر مرکزی فنڈ حاصل کیا تھا، جس میں بہتر مظاہرے کے لئے 221 کروڑ روپئے کے بقدر ترغیباتی امداد بھی شامل ہے۔ سال 2021۔22 میں ہماچل پردیش کو جل جیون مشن کے تحت، مختلف کاموں کی شروعات کرنے کے لئے مرکزی امداد کے طور پر تقریباً 700 کروڑ روپئے حاصل ہونے کا اندازہ ہے۔ جے جے ایم کے تحت مختلف پروگراموں جیسے ایم جی این آر ای جی ایس، ایس بی ایم، پی آر آئی کے لئے 15ویں مالی کمیشن امداد ، سی اے ایم پی اے فنڈس، لوکل ایریا ڈیولپمنٹ، وغیرہ کے اشتراک کے ذریعہ دستیاب وسائل کو مربوط کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ کمیٹی نے مشورہ دیا کہ ریاست کو پانی کی فراہمی، پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے، گرے واٹر مینجمنٹ، اسپرنگ شیڈ ڈیولپمنٹ سمیت وسائل کو مضبوط بنانے وغیرہ کے لئے مختلف وسائل کو بروئے کار لانا چاہئے۔
جل جیون مشن کے تحت، سال 2021۔22 میں جے جے ایم کے لئے 50011 کروڑ روپئے کی بجٹی تخصیص کے علاوہ ، 15 ویں مالی کمیشن کےتحت 26940 کروڑ روپئے کے بقدر کا یقینی فنڈ بھی موجود ہے جو آر ایل بی/ پی آر آئی کو پانی اور صفائی ستھرائی، ریاست کا حصہ اور باہری امداد سے حاصل پروجیکٹوں کے لئے دیا گیا یقینی تعاون ہے۔ اس طرح سے 2021۔22 میں دیہی گھروں میں نل کے ذریعہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ملک میں ایک لاکھ کروڑ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے۔
جے جے ایم، ولیج ایکشن پلان (وی اے پی) کی تیاری اور ہر گاؤں کے لئے ولیج واٹر اینڈ سینی ٹائزیشن کمیٹی (وی ڈبلیو ایس سی) کی تشکیل پر توجہ مرکوز کرتا ہے، تاکہ مقامی دیہی کمیونٹی ان کے لئے تیار کیے گئے گاؤں میں پانی کی سپلائی کے بنیادی ڈھانچے کے آپریشن اور رکھ رکھاؤ کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی اور نفاذکاری میں اہم رول ادا کر سکے۔یہ ریاست کے ذریعہ اپنائے جانے والے نیچے سے اوپر نظریے کو یقینی بناتا ہے۔ کمیونٹی کی شمولیت کے توسط سے مواضعات/ بستیوں میں پیدا کیے گئے وسائل کی نگرانی، چوکسی اور رکھ رکھاؤ کے لئے پنچایتوں یا وی ڈبلیو ایس سی کو سونپ دیا جاتا ہے۔ گاؤں کا سائز چھوٹا ہونے کی وجہ سے ہماچل پردیش میں گرام پنچایت کی سطح پر وی ڈبلیو ایس سی تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ ریاست نے اب تک 3213 وی ڈبلیو ایس سی تشکیل دیے ہیں اور 2021۔22 میں بقیہ 402 تشکیل دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اب تک 16645 ولیج ایکشن پلان تیار کیے جا چکے ہیں۔
ریاست کا منصوبہ ریاستی اور ضلعی سطح پر مختلف ماہرین/ سپورٹ اسٹاف کو شامل کرنے کی ہے۔ اس کےعلاوہ، ریاست کی منشا ایس ڈبلیو ایس ایم / ڈی ڈبلیو ایس ایم، انجینئرنگ کیڈر، مینجمنٹ کیڈر، آئی ایس اے، بلاک کی سطح افسران، وی ڈبلیو ایس سی / پانی سمیتی کے اراکین، جی پی / گاؤں سطح کے کلیدی حصہ داران، وغیرہ کے لئے تربیتی / صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کرانے کی بھی ہے۔اس کے علاوہ، منصوبہ کے مطابق 2021۔22 میں 4000 مقامی افراد کو پلمبر، فیٹر اور الیکٹریشن کے طور پر تربیت دی جائے گی۔ اس تربیت یافتہ افرادی قوت کو پانی کی سپلائی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں زیر استعمال لایا جائے گا۔ یہ دیہی معیشت کو فروغ دینے اور مقامی خطوں میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرے گا۔
جے جے ایم کے تحت ضلعی اور ریاستی سطح پر پانی کی کوالٹی کی جانچ والی تجربہ گاہوں کو ترجیح دی جاتی ہے اور پانی کی کوالٹی کی نگرانی کے لئے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ ’جل شکتی وبھاگ‘کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور اس کی شمولیت کے لئے مدد فراہم کر رہاہے۔ کمیونٹی کو فیلڈ ٹیسٹ کٹ کی وقت پر خرید اور سپلائی کو یقینی بنانے، مقامی برادری کی کم سے کم پانچ خواتین کی شناخت اور انہیں تربیت دینے، فیلڈ ٹیسٹ کٹ کا استعمال کرنے اور ٹیسٹ سے حاصل نتائج کی رپورٹنگ کو یقینی بنانے کے لئے ایک لائحہ عمل کی شروعات کی گئی ہے۔ 2021۔22 میں، ریاست میں 11 نئی تجربہ گاہیں قائم کرنے اور 34 تجربہ گاہوں کو این اے بی ایل منظوری فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
ریاست کے افسران کو اسٹنڈرڈ پروٹوکول کے مطابق کیمیاوی اور جراثیمی آلودگی کی معلومات کے لئے پینے کے پانی کے وسائل کی جانچ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ کووِڈ۔19 وبائی مرض کے ساتھ ساتھ آنے والے گرمی کے موسم میں، پانی کی قلت اور آلودگی کے مسئلے سے نمٹنا ازحد اہم ہو گیا ہے۔ صاف ستھرا پانی بہتر صفائی ستھرائی کو فروغ دے گا اور مکانوں میں چالو نل کنکشن ہونے سے عوامی مقامات پر قائم پانی کے وسائل پر بھیڑ میں کمی لاکر سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ این جے جے ایم کی ٹیم نے جل جیون مشن کے تحت بنائے گئے پانی کی سپلائی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لینے کے لئے صفر سے کم درجۂ حرارت والے علاقوں سمیت دشوارگزار علاقوں کا جائزہ لینے پر زور دیا جس سے وہ سال بھر مصروف عمل بنے رہیں۔
ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ سالانہ لائحہ عمل کا نفاذ قومی کمیٹی کے ذریعہ کیا جاتا ہے، جس کی صدارت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے شعبے کے سکریٹری کرتے ہیں، اے ایس اینڈ ایم ڈی (این جے جے ایم) اور مختلف مرکزی وزارتوں / محکموں اور نیتی آیوگ کے افسران اس کے رکن ہوتے ہیں۔ مجوزہ لائحہ عمل (اے اے پی) کو حتمی شکل دینے سے پہلے اس کی گہرائی سے جانچ کی جاتی ہے۔ ’ہر گھر جل‘ کو یقینی بنانے کے لئے پروگرام کو وقت پر نافذ کرنے کے لئے، علاقے کا باقاعدہ دورہ، تیسری پارٹی کے ذریعہ معائنہ اور سہ ماہی جائزہ میٹنگ کے ساتھ ساتھ پورے سال فنڈ جاری کیے جاتے ہیں۔
*******
ش ح ۔اب ن
U-4130
(Release ID: 1715609)
Visitor Counter : 259