شہری ہوابازی کی وزارت

اُڑان 4.1 کےتحت مزید راستوں کی تجویز


چھوٹے ایئر  پورٹس کو باہم مربوط کرنے پر اُڑان 4.1 کی خاص توجہ

ساگر مالا سی پلین سروسز کے تحت نئے روٹس کی تجویز

Posted On: 13 MAR 2021 9:15PM by PIB Delhi

 

حکومت ہند کی طرف سے شروع کئے گئے‘ آزادی کا امرت مہوتسو(بھارت@75)،کے افتتاح کے موقع پر شہری ہوا بازی کی وزارت(ایم او سی اے) نے اُڑان 4.1نیلامی عمل کے تحت تقریباً 392 روٹس کی تجویز پیش کی ہے۔علاقائی مربوط کاری اسکیم( آر سی ایس)- اُڑے دیش کا عام ناگرک( یو ڈی اے این) شہری ہوا بازی کی وزارت کی ایک خاص اسکیم ہے۔جس کا مقصد ملک کے کونے کونے میں لوگوں کے لئے ہوائی سفر کو کفایتی بنانا ہے۔اس اسکیم کا ہدف شمولیاتی قومی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور ملک بھر میں نقل وحمل کے ڈھانچے کی ترقی میں اضافہ کرنا ہے۔آج تک اُڑان منصوبے کے تحت 325 روٹس اور56 ہوائی  اڈے جن میں 5 ہیلی پورٹس  اور 2 واٹر ایر و ڈرم شامل ہیں،کو فعال بنایا جاچکا ہے۔

اُڑان 4.1 کی خاص توجہ چھوٹے ہوائی اڈوں کو خصوصی ہیلی کاپٹروں اور سمندری طیاروں کے روٹس کے ساتھ باہم مربوط کرنے   پر مرکوز ہے۔اس کے علاوہ بندرگاہوں ، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت کے مشورے سے ساگر مالا سی پلین سروسز کے تحت کچھ نئے  روٹوں کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

شہری ہوا بازی کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ اوشا پدھی نے بتایا کہ‘‘ نیلامی کی چار کامیاب ادوار کے بعد خصوصی اُڑان 4.1 بولی لگانے کے دور کے لئےترجیحی راستوں کے لئے، جن کو اُڑان کے تحت نہیں لایا گیا تھا، بولی لگانے والوں کو دعوت دی گئی ہے۔ اس بولی  لگانے کے دور میں ان روٹس کو شامل کیاجائے گا، جن کے لئے ریاستی حکومت/مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ نے خاص طور پر درخواست کی ہو اور ان روٹس کو بھی جنہیں پہلے منسوخ/ختم کردیا گیا ہو۔ہم نے مشاہدہ کیا ہے کہ بہت سی ٹیئر -2 اور ٹیئر-3کی زبردست مانگ ہے، جس سے ان علاقائی راستوں کی ضرورت اور اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔ہم اپنے ملک کو  ایک مضبوط ترین ہوائی مربوط کاری نیٹ ورک سے آراستہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں’’۔

اُڑان4.1 کے تحت ایئر لائنس کو کچھ کارگزاری کی سہولیات مہیا کرا دی گئی ہیں تاکہ چھوٹے شہروں/ہوائی پٹیوں کو منسلک کرنے کے لئے مناسب آپریشن ماڈلس کو یقینی بنایا جاسکے۔اس کے علاوہ این ایس او پی کے تحت  بحری طیاروں، فکسڈ ونگ ایئر کرافٹ اور   ہیلی کاپٹروں کو اُڑان 4.1 کے تحت فراہم کردہ آر سی ایس روٹس پر اُڑانیں بھرنے کی اجازت دی جائے گی۔

بولی سے متعلق دستاویز، نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے سینٹرل پروکیورمنٹ پورٹل پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔ جس میں خواہش مند ایئر لائنس کو بولی لگانے کی دعوت دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ بولی لگانے کا عمل 6 ہفتوں کے اندر مکمل ہوجائے گا۔

******

ش  ح ۔س ب۔ ر ض

U-NO.2529


(Release ID: 1704794) Visitor Counter : 252


Read this release in: English , Marathi , Hindi