عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور جموں وکشمیر کی نمائندگی کرنے والے راجیہ سبھا کے دیگر سبکدوش ہورہے اراکین کیلئے الوداعی ظہرانے کااہتمام کیا

Posted On: 10 FEB 2021 9:33PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی:10،فروری، 2021: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور جموں وکشمیر کی نمائندگی کرنے والے راجیہ سبھا کے دیگر سبکدوش ہورہے اراکین کیلئے الوداعی ظہرانے کااہتمام کیا۔

غلام نبی آزاد کے علاوہ راجیہ سبھا میں اپنی مدت کار پورا کرنے جارہے شمیر سنگھ منہاس اور میر محمد فیاض کے ساتھ ہی اس موقع پر راجیہ سبھا کے رکن اور پٹرولیم کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، اُمور داخلہ کے وزیر مملکت اور جموں وکشمیر معاملات کے انچارج جی کشن ریڈّی اور جموں سے لوک سبھا کے ایم پی جگل کشور شرما بھی موجود تھے۔

راجیہ سبھا میں جموں وکشمیر کی نمائندگی کرنے والے سبھی اراکین کی چھ سال کی مدت کار پارلیمنٹ کے اجلاس  میں پوری ہونے والی ہے اور جب تک چناؤ کے بعد نئی اسمبلی کی تشکیل نہیں ہوجاتی تب تک راجیہ سبھا میں جموں وکشمیر سے کوئی نمائندگی نہیں ہوگی۔

اعزازی ظہرانے کے موقع پر غلام نبی آزاد نے 1980 سے پارلیمنٹ کے ساتھ طویل عرصے تک جڑے رہنے اور جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ کے طور پر اپنے تجربات اور ڈوڈہ ضلع کے بلاک بھلیسا سے شروع کیے گئے اپنے سیاسی سفر کو بھی یاد کیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ ہمیشہ انہیں اپنا چھوٹا بھائی مانتے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ہی ڈوڈہ ضلع سے ہیں اور اس لئے ان کے درمیان ایک الگ اور خاص طرح کا جڑاؤ رہا ہے۔ انہوں نے ڈوڈہ میں شروع کیے گئے کچھ ترقیاتی پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ ملکر ان جگہوں کا دورہ کرنے اور ان پروجیکٹوں کے تیزی کے سا تھ اور مؤثر نفاذ کیلئے مرکز کے زیر انتظام  علاقے کی انتظامیہ کے ساتھ چرچا کرنے کی پیش کش کی۔

شمشیر سنگھ منہاس نے راجیہ سبھا میں اپنے چھ سال کی مدت کار کے تجربات کو یاد کیا جبکہ میرفیاض نے راجیہ سبھا سے رخصت ہورہے جموں وکشمیر کے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ذاتی طور پر ظہرانے کا اہتمام کرنے کیلئے  ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی تعریف کی۔

جناب دھرمیندر پردھان نے کہا کہ آزاد ایک ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے ان کی آبائی ریاست اڈیشہ  کے لوگوں سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے عزت حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جناب آزاد اڈیشہ میں کانگریس کے جنرل سکریٹری  کے طور پربھی کام کرچکے ہیں۔ جناب کشن ریڈی نے ان دنوں کو یاد کیا جب آزاد جنوبی ریاستوں کے انچارج تھے۔

 

-----------------------

 

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO: 1427


(Release ID: 1697205) Visitor Counter : 182


Read this release in: English , Marathi , Hindi