امور داخلہ کی وزارت

اتراکھنڈ میں گلیشیئرپھٹنے کے حادثے اور کیے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے کابینہ سکریٹری نے قومی بحران انتظام کمیٹی (این سی اے ایم سی) کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

Posted On: 07 FEB 2021 6:23PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 07 فروری 2021: کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبا نے آج گلیشیئر پھٹنے کی وجہ سے اتراکھنڈ میں آئی قدرتی آفت سے پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے قومی بحران انتظام کمیٹی (این سی ایم سی) کی میٹنگ کی صدارت کی۔ گلیشیئر پھٹنے سے رشی گنگا ندی کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، جس سے 13.2 میگاواٹ کا رشی گنگا چھوٹی پن بجلی پروجیکٹ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ اچانک آئے سیلاب سے دھولی گنگا ندی پر تپووَن میں این ٹی پی سی کا پن بجلی پروجیکٹ بھی متاثر ہوا ہے۔ دھولی گنگا الک نندا کی معاون ندی ہے۔

کابینہ سکریٹری نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قریبی تال میل بناکر کام کریں اور ریاستی حکام کو تمام تر ضروری امداد فراہم کریں۔ انہوں نے تمام لاپتہ افراد کی فہرست تیار کرنے اور سرنگ میں پھنسے لوگوں کو جلد سے جلد بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ بچاؤ کے کاموں کے مکمل ہونے اور صورتحال کے معمول پر آنے تک نگرانی جاری رہنی چاہئے۔

اتراکھنڈ حکومت کے چیف سکریٹری نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے کمیٹی کو حقیقی صورتحال کے ساتھ ساتھ حادثے کے بعد لوگوں کو نکالے جانے اور گلیشیئر پھٹنے کی وجہ سے آئے سیلاب سے ہوئے نقصان کو کم کرنے کی کوششوں کی اطلاع دی۔

سینٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے ذریعہ دی گئی معلومات کے مطابق ڈاؤن اسٹریم سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ کو بھی قابو میں کر لیا گیا ہے۔ اس سے آس پاس کے مواضعات کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مرکز اور ریاست کی متعلقہ ایجنسیوں کو صورتحال کی سخت نگرانی کرنے کے لئے کہا گیا ہے اور ڈی آر ڈی او کی ایک ٹیم جو برفانی تودوں کی نگرانی کرتی ہے، کو نگرانی و جانچ پڑتال کرنے کے لئے ہوائی راستے سے بھیجا رہا ہے۔ این ٹی پی سی کے ایم ڈی کو متاثرہ مقامات پر فوری طور پر پہنچنے کے لئے کہا گیا ہے۔

اطلاع  ملی ہے کہ آئی ٹی بی پی نے ایک سرنگ میں پھنسے تقریباً 12 لوگوں کو بچایا ہے اور ایک دیگر سرنگ میں پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ راحت اور بچاؤ کی یہ کوششیں فوج اور آئی ٹی بی پی کے ذریعہ آپسی تال میل کے تحت کی جا رہی ہیں۔ سبھی لاپتہ افراد کا پتہ لگانے اور ان کی اطلاع  حاصل کرنے کی تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔

این ڈی آر ایف کی 2 ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچنے والی ہیں اور ہنڈن سے 3 اضافی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں جو دیر رات جائے حادثہ پر پہنچیں گی۔ آئی ٹی بی پی کے 200 سے زائد جوان جائے حادثہ پر موجود ہیں اور فوج کے ایک کالم اور انجینئرنگ ٹاسک فورس (ای ٹی ایف) کو تعینات کیا گیا ہے، جس کے پاس بچاؤ سے متعلق تمام ساز و سامان موجود ہیں۔ بحریہ کے غوطہ خوروں کو ہوائی راستے سے بھیجا جا رہا ہے اور بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے طیارے/ ہیلی کاپٹر بھی تیار ہیں۔

آئی ایم ڈی نے میٹنگ کےدوران اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو دنوں تک علاقے میں بارش کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

میٹنگ میں مرکزی خارجہ سکریٹری، وزارت بجلی کے سکریٹری، ڈی جی آئی ٹی بی پی، چیف آئی ڈی ایس، این ڈی ایم اے کے اراکین، ڈی جی این ڈی آر ایف، چیئرمین سی ڈبلیو سی، ڈی جی آئی ایم ڈی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او، سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی حصہ لیا۔ اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری بھی افسران کی ٹیم کے ساتھ میٹنگ میں شامل ہوئے۔

 

*****

 

ش ح ۔اب ن

U-1270



(Release ID: 1696060) Visitor Counter : 181