کامرس اور صنعت کی وزارتہ

کاروبار اور شہریوں پر ضوابط کی تعمیل کا بوجھ کم کرنے کے لیے ایک  ریگولیٹری کمپلائنس پورٹل شروع کیا جائے

Posted On: 20 JAN 2021 5:51PM by PIB Delhi

اصلاحات  سے متعلق حکومت ہند کے عزم کی وسعت کا اندازہ وزیراعظم نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت کے تحت ملک گیر پیمانے پر کی جانے والی اصلاحات سے لگایا جاسکتا ہے۔ اس کا اظہار عالمی بینک کی اس رپورٹ سے بھی ہوتا ہے، جس کے مطابق 2014 میں اس کی درجہ بندی کی فہرست میں ہندوستان کا مقام کاروباری سہولت کے معاملے میں 142 واں تھا، جبکہ 2019 میں یہ ترقی کرکے 63ویں مقام پر پہنچ گیا۔

آتم نربھر بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے مرکزی وزارتوں اور ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعہ کاروبار اور شہریوں پر سے ضوابط پر عمل  داری کا بوجھ کم کرنے کی غرض سے جدید ترین اصلاحات کا مشن شروع کیا جارہاہے۔ بزنس اور شہریوں کے ساتھ رابطہ کاری کو آن لائن، شفاف اور پابند وقت بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

کابینہ سکریٹری نے وزارت تجارت وصنعت کے محکمہ برائے فروغ صنعت و اندرونی تجارت  (ڈی پی آئی آئی ٹی) کو کاروبار اور شہریوں پر سے تعمیل ضوابط کا بوجھ کم کرنے کے عمل کو مربوط بنانے کے لیے نوڈل محکمہ کی حیثیت سے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارتوں/ شعبوں اور ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈی پی آئی آئی ٹی اس پابندی کے بوجھ کو کم کرنے کا کام کررہا ہے، جس سے کاروبار کے وقت اور پیسے دونوں کا نقصان ہوتا ہے۔

ڈی پی آئی آئی ٹی کی طرف سے یکم جنوری 2021 کو ریگولیٹری کمپلائنس پورٹل  کا آغاز اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس پورٹل کا مقصد ان پریشان کن پابندیوں کو بوجھ کم کرنے کے لیے شہریوں، صنعتوں اور حکومت کے درمیان پل کا کام کرنا ہے۔ یہ اپنی قسم کا پہلا ادارہ ہوگا، جہاں مرکزی اور ریاستی سطح پر تعمیلات کا ریکارڈ موجود رہے گا۔

تمام مرکزی وزارتی اور ریاستیں/ مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے اپنے دائرہ اثر میں آنے والے قوانین اور ضابطوں کا جائزہ لیں گے۔ تمام کارروائیوں کو معقول اور سادہ بنانے اور پریشان کن تعمیلات کو ہٹانے، قوانین میں نرمی پیدا کرنے اور بے اثر قسم کے ضابطوں کو منسوخ کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان پر عمل کیا جائے گا۔ تمام تفصیلات پورٹل پردستیاب  رہیں گی۔ تجارتی اداروں کے صنعت، جیسے سی آئی آئی، فکی اور ایسوچیم سے متعلق افراد بھی اپنی عمل  آوری اور مجوزہ سفارشات یہاں پیش کرنے کے مجاز ہوں گے۔ جن کا سرکاری حکام کے ذریعے جائزہ لیے جانے کے بعد ریگولیٹری کمپلائنس کا بار کم کرنے کے لیے مناسب اقدام کیا جائے گا۔

اس پورٹل کی کارکردگی اور سرگرمیوں کا سرکاری افسران باریکی سے جائزہ لیں گے۔ کابینی سکریٹری تمام تعمیلات اور مرکزی وزارتوں/ محکموں اور ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں دی جانے والی درخواستوں کی صورت حال کا موقع پر ہی بھرپور جائزہ لیں گے۔ نگرانی اور جانچ کے لیے ہر وزارت/ محکمے/ریاست/ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے اقدامات کے متعلق رپورٹ بھی تیار کی جائیں گی۔

ریگولیٹری کمپلائنس پورٹل آتم نربھر بھارت کے خواب کو پورا کرنے، صنعتوں کے کاروبار اور شہریوں کے گزربسر میں آسانی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ڈی پی آئی آئی ٹی نے تمام وزارتوں اور ریاستوں کو اس پورٹل سے مانوس کرنے کے لیے 04.01.2021 تا 14.01.2021، اکیس تربیتی اجلاس منعقد کیے۔ ایسے مزید 12 اجلاس 18 جنوری سے 23 جنوری2021 تک کیے جانے ہیں۔ مرکزی وزارتوں اور ریاستوں کے نوڈل افسران کے ذریعے پورٹل میں تفصیلات داخل کرنے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹس بھی ان تربیتی اجلاسوں میں شامل کی جائیں گی۔

*****************

U-645

ش ح۔  س ب ۔  ت ع۔



(Release ID: 1690794) Visitor Counter : 187


Read this release in: English , Hindi , Tamil