وزارت خزانہ

ایشیائی ترقیاتی بینک اور بھارت نے مدھیہ پردیش کے 64 چھوٹے شہروں میں شہری خدمات کو بہتر بنانے کے لئے 270 ملین ڈالر کے قرضہ جاتی معاہدے پر دستخط کئے

Posted On: 12 OCT 2020 9:01PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  12 /اکتوبر 2020 ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور حکومت ہند نے آج 270 ملین ڈالر کے ایک قرضہ جاتی معاہدے پر دستخط کئے۔ اس رقم کا استعمال مدھیہ پردیش میں پانی کی سپلائی کے نظام کو فروغ دینے اور مربوط اسٹورم واٹر اور سیویج بندوبست سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے فروغ اور شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لئے کیا جائے گا، تاکہ وہ بہتر طریقے سے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

یہ رقم اضافی طور پر دستیابی کرائی جارہی ہے تاکہ مدھیہ پردیش اربن سروسیز امپرومنٹ پروجیکٹ کے اسکوپ کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔ اس پروجیکٹ کو 2017 میں منظوری دی گئی تھی اور اس کے لئے 275 ملین ڈالر کا قرض لیا گیا تھا۔ اس سے موجودہ پروجیکٹ کو وسعت دی جاسکے گی اور اس کے تحت مزید 64 چھوٹے شہروں کو شامل کیا جائے گا، جس سے تقریباً 1.3 ملین افراد پر مشتمل 185000 کنبوں کو فائدہ ہوگا۔

اس قرضہ جاتی معاہدے پر حکومت ہند کی جانب سے وزارت خزانہ کے محکمہ اقتصادی امور کے ایڈیشنل سکریٹری (فنڈ بینک اور اے ڈی بی) جناب سمیر کمار کھرے اور اے ڈی بی کی طرف سے اے ڈی بی کے انڈیا ریزیڈینٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر جناب ٹاکیو کونیشی نے دستخط کئے۔

قرضہ جاتی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد جناب کھرے نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے منتخب شہروں میں زندگی گزارنے کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔ یہ حکومت مدھیہ پردیش کے ویژن سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد شہری بنیادی ڈھانچہ جاتی خدمات کو بہتر بنانا ہے، جس میں 2025 تک سبھی شہری بلدیاتی اداروں میں پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی کا کام شامل ہے۔

جناب کونیشی نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے ذریعے اے ڈی بی رواں پروجیکٹوں کے تعلق سے اختراعاتی تصورات اور بہترین طور طریقوں کا سلسلہ جاری رکھے گا، جس میں 100 فیصد کنبوں میں میٹر لگانا، فل آپریشن اور رکھ رکھاؤ پر آنے والی لاگت کی ریکوری اور بغیر محصول والے پانی کے معاملات میں کمی لانا شامل ہے۔

شہری غریبوں کو شمولیت پر مبنی پانی اور صفائی ستھرائی سے متعلق خدمات میں جگہ دینے کے پائیدار ترقیاتی ہدف سے یا سب کو صاف ستھرا پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولت دستیاب کرانے میں مدد ملے گی۔ اس پروجیکٹ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن سے بھی مدد ملے گی۔

سابقہ قرض کی طرح ہی اس پروجیکٹ سے اَربن ڈیولپمنٹ اینڈ ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ اور مدھیہ پردیش اربن ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرنے اور اس کی صلاحیت سازی میں مدد ملے گی۔ اے ڈی بی کا تکنیکی تعاون ایک اہم ماڈل دستیاب کرائے گا، جس کا استعمال دوسرے مقامات پر شہروں میں زندگی گزارنے کی صورت حال کو بہتر بنانے میں کیا جاسکے گا۔

اے ڈی بی ایک خوش حال، شمولیت پر مبنی اور پائیدار ایشیا و بحر الکاہل کے حصول کے تئیں پابند عہد ہے۔ اس دوران انتہائی درجے کی غریبی کو ختم کرنے کے تعلق سے اس کی کوششیں بھی جاری رہیں گی۔ 1966 میں قائم اس بینک کی ملکیت 68 اراکین کے ساتھ ہے، جن میں سے 49 کا تعلق اس خطے سے ہے۔

 

******

 

م ن۔ م م۔ م ر                                                                                  

U-NO. 6319

12.10.2020



(Release ID: 1663904) Visitor Counter : 119


Read this release in: English , Hindi , Manipuri , Assamese