وزارتِ تعلیم
تدریسی مواد کو ہندوستانی اشاروں کی زبان میں بدلنے کے لیے آئی ایس ایل آر ٹی سی اور این سی ای آر ٹی کے درمیان تاریخی مفاہمت نامہ پر دستخط
این سی ای آر ٹی کے 60ویں یومِ تاسیس میں مرکزی وزیر تعلیم اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات ورچوولی (ویڈیو کانفرنس کے ذریعے) شامل ہوئے
Posted On:
06 OCT 2020 7:40PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 06 اکتوبر: آج این سی ای آر ٹی کے 60ویں یومِ تاسیس میں مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال ’نشنک‘ اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات تھاور چند گہلوت ورچوولی (ویڈیو کانفرنس کے ذریعے) شامل ہوئے۔
اس موقع پر سماعت سے معذور بچوں کے لیے تمام قسم کے تدریسی مواد کو ان کے سمجھنے لائق شکل جیسے ہندوستانی اشاروں کی زبان کے طور پر دستیاب کرانے کے لیے انڈین سائن لینگویج ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر- آئی ایس ایل آر ٹی سی (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی کا قومی ادارہ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت) اور این سی ای آر ٹی (وزارتِ تعلیم کا قومی ادارہ) نے ایک تاریخی مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اس مفاہمت نامہ پر مرکزی وزراء، ڈی ای پی ڈبلیو ڈی کی سیکریٹری محترمہ شکنتلا ڈالے گیملن اور وزارتِ تعلیم کی سیکریٹری (اسکولی تعلیم اور خواندگی) محترمہ انیتا کروال کی ورچوول موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ پربودھ سیٹھ، جوائنٹ سیکریٹری، ڈی ای پی ڈبلیو ڈی اور ڈائرکٹر، آئی ایس ایل آر ٹی سی اور پروفیسر ہرشی کیش سین پتی، ڈائرکٹر، این سی ای آر ٹی نے متعلقہ اداروں کی طرف سے مفاہمت نامہ پر دستخط کیے۔ اس پروگرام کے دوران ’نشٹھا‘ ٹریننگ کے آن لائن فارمیٹ (شکل) کو بھی جاری کیا گیا۔
اپنے خطاب میں جناب رمیش پوکھریال ’نشنک‘ نے این سی ای آر ٹی کو اس کے 60ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد دی اور کہا کہ این سی ای آر ٹی کے تدریسی مواد کو ہندوستانی اشاروں کی زبان میں بدلنے کے لیے این سی ای آر ٹی اور آئی ایس ایل آر ٹی سی کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط سے ہندوستانی اشاروں کی زبان کی تعلیمی معیار کاری یقینی بنتی ہے جیسا کہ نئی تعلیمی پالیسی (این ای پی)، 2020 میں بھی کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سالوں میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے تحت ڈی ای پی ڈبلیو ڈی نے ملک کے معذور افراد کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے قابل ذکر کام کیے ہیں اور ان کی حصولیابیوں پر کئی نئے ریکارڈ بھی بنے ہیں۔ یہ مفاہمت نامہ یقینی طور پر سماعت سے معذور ہمارے ملک کے بچوں کو با اختیار بنائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی تعلیمی پالیسی، 2020 شمولیتی ہے اور ہمارے ملک میں تبدیلی لائے گی۔
جناب پوکھریال نے کہا کہ آج این سی ای آر ٹی اور آئی ایس آر ٹی سی کے درمیان ہوا یہ مفاہمت نامہ صرف دو اداروں کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ نہیں ہے، بلکہ یہ دو وزارتوں، وزارتِ تعلیم اور سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے درمیان بہتر تال میل کی سمت میں اٹھایا گیا قدم بھی ہے۔ جناب نشنک نے آگے کہا کہ اس ایم او یو کے توسط سے ہم حق تعلیم (آر ٹی ای)-2009، معذور افراد کے حقوق کا قانون (آر پی ڈبلیو ڈی)-2016 کے حقوق اور قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 میں درج التزامات کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جیسے کہ ترسیل کے مناسب اور متبادل ذرائع کا استعمال، جس میں اشاروں کی زبان (سائن لینگویج) کا ایک اہم مقام ہے۔
’نشٹھا‘ ٹریننگ کے آن لائن فارمیٹ کو جاری کیے جانے کے موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ بھارت میں تعلیمی نظام 85 لاکھ اساتذہ اور 26 کروڑ طلبہ کے ساتھ بہت وسیع ہے۔ تمام کو مبنی بر انصاف اور معیاری تعلیم مہیا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کووڈ-19 نے تمام اسکولوں/کالجوں کو باقاعدہ طور پر ہونے والے ٹیچنگ-لرننگ-تجزیہ کے عمل اور آمنے سامنے (ایف ٹی ایف) کی ٹیچر ٹریننگ کو بند کرنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ ابتدائی تعلیم (کلاس 1 سے 8) کی سطح پر 42 لاکھ اساتذہ (فیس-ٹو-فیس موڈ کے ذریعے) کی ٹریننگ کے لیے بنایا گیا ’نشٹھا‘ پروگرام بھی ٹھپ پڑ گیا ہے۔
’نشٹھا‘ کے تحت آمنے سامنے کی تربیت میں آٹھ مہینوں کے دوران 33 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری اسکولوں کے 23137 ایس آر جی اور 1774728 اساتذہ کو جوڑ لیا گیا تھا۔ لاک ڈاؤن کا سامنا کرنے کے لیے تیاریوں کی کمی یا کثیر اور وسیع آبادی کی وجہ سے اساتذہ اور طلبہ کے سیکھنے کے تسلسل کو محدود نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے این سی ای آر ٹی نے دیکشا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ’نشٹھا‘ مربوط ٹیچر ٹریننگ کو جاری رکھنے اور پرائمری اسکول کے 42 لاکھ اساتذہ تک پہنچنے اور اسے آگے سبھی تک پھیلانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر تھاور چند گہلوت نے کہا کہ اس مفاہمت نامہ پر دستخط ہونا ایک تاریخی قدم ہے، کیوں کہ ہندوستانی اشاروں کی زبان (آئی ایس ایل) میں این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں کی دستیابی سے یہ یقینی ہوگا کہ اب سماعت سے معذور بچے بھی ہندوستانی اشاروں کی زبان میں تعلیمی وسائل تک پہنچ سکتے ہیں اور یہ سماعت سے معذور طلبہ، اساتذہ، اساتذہ کے ٹیچر، والدین اور سماعت سے معذور برادری کے لیے بہت مفید اور نہایت ضروری وسیلہ ہوگا، جس سے ملک میں سماعت سے معذور بچوں کی تعلیم پر گہرا اثر پڑے گا۔
اس مفاہمت نامہ کے بعد این سی ای آر ٹی کی تدریسی کتابیں اور مواد ہندوستانی اشاروں کی زبان میں دستیاب ہوں گے، جو پورے بھارت میں ایک جیسی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ہندوستان کے سماعت سے معذور تمام طلبہ، چاہے ان کا تعلق مشرق سے ہو یا مغرب سے یا جنوب یا شمال سے، سبھی ایک ہی زبان یعنی ہندوستانی اشاروں کی زبان میں این سی ای آر ٹی کی کتابیں پڑھیں گے۔ ہندوستانی اشاروں کی زبان کثرت میں وحدت کی عکاسی کرتی ہے، جس کا بیان ہاتھوں سے ہوتا ہے اور آنکھوں سے سمجھا جاتا ہے اور یہ ہمارے ملک کے سماعت سے معذور تمام لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔
انڈین سائن لینگویج ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر (آئی ایس ایل آر ٹی سی) ڈی ای پی ڈبلیو ڈی، ایم ایس جے ای کے تحت ایک خود مختار قومی ادارہ ہے، جو ہندوستانی اشاروں کی زبان کو مقبول بنانے، ہندوستانی اشاروں کی زبان میں تعلیم و تحقیق کے لیے افرادی قوت کے فروغ کے لیے وقف ہے۔
این سی ای آر ٹی، ایم ایچ آر ڈی کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے، جو اسکولی تعلیم سے متعلق شعبوں میں تحقیق کرانے، ماڈل نصابی کتابیں، امدادی مواد، نیوز لیٹر اور رسائل تیار کرنے اور شائع کرنے اور تعلیمی کٹس، ملٹی میڈیا مواد وغیرہ کے فروغ کے ذریعے اسکولی تعلیم میں معیاری اصلاح کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ دار ہے۔
**************
م ن ۔ ق ت
U: 6135
(Release ID: 1662555)
Visitor Counter : 180