مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت جلد ہی ایک مشاورت نامہ جاری کرے گی  جس کا تعلق گھر خریدنے والوں اور زمین جائیداد کی صنعت سے متعلق افراد کے مفاد سے ہوگا:ہردیپ ایس پوری


آر ای آر اے مرکزی مشاورتی کونسل کی فوری میٹنگ

Posted On: 29 APR 2020 8:07PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،29؍اپریل2020: زمین جائیداد (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ)ایکٹ 2016(آر ای آر اے)کی تجاویز کے تحت تشکیل کردہ مرکزی مشاورتی کونسل(سی اے سی) کی ایک فوری میٹنگ آج وزیر مملکت(آزادانہ چارج)، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت جناب ہردیپ سنگھ پوری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ کووڈ-19 کے وبائی مرض یعنی کورونا وائرس اور اس کے نتیجے میں نافذ ہونے والے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد زمین جائیداد کے شعبے پر مرتب ہوئے اثرات پر تبادلہ خیال کیے جاسکیں اور اس وبائی مرض کوآر ای آر اے کی تجاویز کے تحت   قدرتی حادثہ قرار دیاجاسکے۔نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت ، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سیکریٹری  جناب دُرگا شنکر  مشرا، قانونی امور کے محکمےکے سیکریٹری جناب اے کے میندی رتا، زمین جائیداد اور ریاستوں کی ریگولیٹری اتھارٹیز کے پرنسپل سیکریٹری اور صدر نشین حضرات خریداروں کے نمائندگان، زمین جائیداد ڈیولپرس، ریئل اسٹیٹ ایجنٹس، اپارٹمنٹ اونرس ایسو سی ایشن ، سی آر ای ڈی اے آئی، این اے آر ڈی سی او، مالی ادارے اور دیگر شراکت داروں نے مذکورہ میٹنگ میں شرکت کی۔

اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے جناب پوری نے اس بحران کے دوران اپنے کارکنان کو کھانا، پناہ گاہ، طبی سہولتیں اور اجرتیں فراہم کرنے کے لئے  زمین جائیداد کے شعبے کے تمام شراکت داروں ، ڈیولپروں کی ایسوسی ایشنوں کا شکریہ ادا کیا۔ریگولیٹری اتھارٹیز کو بھی انہوں نے ستائش سے نوازا ، کیونکہ انہوں نے زمین جائیداد کے شعبے کو ضروری امداد فراہم کی۔

زمین جائیداد کے شعبے کی تشویشات ، بطور خاص کووڈ-19 وبائی مرض کے اثرات اور اس کے نتیجے میں لاحق ہونے والے ملک گیر لاک ڈاؤن پر اس میٹنگ میں بات چیت ہوئی۔ مطالبہ کیا گیا کہ زمین جائیداد کے شعبے کو خصوصی راحت فراہم کی جانی چاہئے، تاکہ یہ شعبہ موجودہ بحران کے برعکس اثرات سے نبردآزما ہوسکے۔ کووڈ-19 نے پہلے ہی  تعمیراتی سرگرمیوں پر اپنے مضر اثرات مرتب کئے ہیں، کیونکہ اس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مزدور اپنے کام سے ہٹ گئے ہیں اور مختلف النوع تعمیراتی سازو سامان کی سپلائی چین بھی متاثر ہوئی ہے۔

تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ہاؤسنگ کے وزیر نے تمام شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ تمام تر شراکت داروں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت جلد ہی تمام آر ای آر اے ؍ ریاستوں کے لئے ایک مشاورت نامہ جاری کرے گی۔ یعنی انہیں یہ بتایا جائے گا کہ کون سے مخصوص اقدامات کئے جانے ہیں، تاکہ مکانات کے خریدار وں کے  مفادات کا تحفظ ہو سکے  اور زمین جائیداد کے دیگر شراکت دار بھی خسارے میں نہ رہیں۔

 

*************

 

م ن۔ ن ع

 (U: 2144)


(Release ID: 1619529) Visitor Counter : 160