امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے دلی میں حالیہ تشدد کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں اور سینئر اہلکاروں کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی
متاثرہ علاقوں میں خاطر خواہ فورسز پہلے سے ہی زمینی سطح پر تعینات، حالات قابو میں: امت شاہ
تحمل برقرار رکھیں اور پارٹی لائن سے اوپر اٹھیں: امت شاہ کی سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل
افواہیں اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے پرہیز کریں: امت شاہ کی عوام اور میڈیا سے اپیل
مقامی امن کمیٹیوں کو پھر سرگرم کریں: امت شاہ کی دلی پولیس کمشنر کو تلقین
Posted On:
25 FEB 2020 5:08PM by PIB Delhi
نئی دہلی ،25؍فروری: مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج دلی میں موجودہ حالات کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔سینئر اہلکاروں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر جناب انل بیجل اور دہلی کے وزیراعلی جناب اروند کیجریوال بھی میٹنگ میں موجود تھے۔جناب شاہ نے میٹنگ میں سبھی جماعتوں کی شرکت کی ستائش کی اور صورت حال سے نمٹنے کے لئے ان سے تحمل سے کام لینے اور پارٹی لائن سے اوپر اٹھنے کی اپیل کی۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ دہلی کی اترپردیش اور ہریانہ سے متصل سرحدوں پر گزشتہ تین دنوں سے نگرانی رکھی جارہی ہے اور دہلی پولیس خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے، جن میں شہریت قانون سے متعلق امور کی سپریم کورٹ میں مجوزہ سماعت کے پیش نظر چیکنگ اور دیگر احتیاطی اقدامات شامل ہیں۔جناب شاہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق اضافہ فورسز تعینات کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے سیاسی جماعتوں سے صورت حال کو خراب کرنے والے بیانات دینے اور اشتعال انگیز تقریریں کرنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی۔
جناب شاہ نے کہا کہ پیشہ وارانہ تجزیئے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ راجدھانی میں تشدد یکایک پھوٹ پڑا۔انہوں نے دہلی پولیس پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ فورس نے صورتحال کو قابو میں کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔
جناب شاہ نے سبھی لوگوں سے افواہیں پھیلانے سے باز رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ سبھی سیاسی جماعتیں پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ افواہوں کو دبایا جاسکے اور لوگوں میں موجود خوف کو دور کیا جاسکے۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دارانہ طریقے سے کمیونی کیٹ کریں اور افواہیں پھیلانے سے بچیں۔انہوں نے دلی پولیس کمشنر سے کہا کہ وہ پولیس کنٹرول روم میں سینئر پولیس افسروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ جتنا جلد ممکن ہوسکے۔ افواہوں کا ازالہ کیا جاسکے۔
جناب شاہ نے مقامی امن کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کی ضرورت بھی بتائی اور کہا کہ ان کمیٹیوں میں سماج کے سبھی طبقات، مذاہب اور معروف مقامی افراد کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ جناب شاہ نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقامی نمائندوں سے حساس علاقوں میں میٹنگ کرنے کے لئے کہیں ۔ انہوں نے سینئر پولیس افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پرخطر پولیس تھانوں کا جلد از جلد دورہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خصوصی افسران تعینات کئے جائیں گے۔ مقامی نمائندوں سے اس معاملے میں فیڈ بیک لیا گیا ہے اور لیفٹننٹ گورنر نیز دہلی پولیس کمشنر کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد آگے کی کارروائی کرتے وقت اسے پیش نظر رکھا جائے گا۔
جناب شاہ نے کہا کہ دہلی پولیس ایک پیشہ ور تنظیم ہے اور وہ اس بات کی اہل ہے کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کتنی فورس کی ضرورت ہے، اس کے بارے میں فیصلہ کرسکے۔ میٹنگ میں موجود سبھی لوگوں نے کل کی کارروائی میں مارے گئے ہیڈ کانسٹبل رتن لال کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔
*************
م ن۔م م۔ ن ع
(U: 914)
(Release ID: 1604345)
Visitor Counter : 216