صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
گورنروں کی 50 ویں کانفرنس آج راشٹر پتی بھون میں اختتام پذیر
Posted On:
24 NOV 2019 4:36PM by PIB Delhi
نئی دلّی، 24 نومبر / گورنروں کی 50 ویں کانفرنس آج (24 نومبر، 2019) کو راشٹر پتی بھون میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں قبائلیوں کی بہبود اور پانی کے تحفظ، زراعت، اعلی تعلیم اور زندگی کو سہل بنانے پر زور دیا گیا۔
گورنروں کے پانچ گروپوں نے ان مسائل پر اپنی رپورٹیں پیش کیں اور واضح طور پر ان نکات کو اجاگر کیا جن پر گورنر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کانفرنس نے قبائلیوں کی بہبود کے مسئلے پر گہری دل چسپی کا اظہار کیا اور مقامی ضروریات کے مطابق قبائلیوں کا معیار بلند کرنے کے لئے پالیسیوں کی نشان دہی کی۔
صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ گورنروں اور لیفٹننٹ گورنروں کے ساتھ تبادلہ خیالات ثمر آور ثابت ہوئے ہیں۔ وزراء اور نیتی آیوگ کی شرکت نے تبادلہ خیالات کو توجہ کا مرکز اور قابل عمل بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس کانفرنس سے مسائل کے مفید حل بر آمد ہوں گے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ رواں سال 26 نومبر کو آئین ہند کی 70 ویں سال گرہ ہے۔ اس دن شہریوں کے درمیان بنیادی فرائض کے بارے میں بیداری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام راج بھون اسے موثر طور پر منائیں گے اور گورنر عوام کے درمیان بنیادی حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم رول ادا کریں گے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ سمیت فطری وسائل مثلاً جنگلات، جھیلیں اور دریاؤں کا تحفظ ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ ہمارے وفاقی نظام میں گورنر کی نشست ایک اہم ذریعہ ہوا کرتی ہے۔ گورنر مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل اور تعاون کو یقینی بنانے میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں۔ صدر جمہوریہ ہند نے گورنروں کو مشورہ دیا کہ وہ راج بھون کو مزید متحرک اور عام آدمی اور ریاست کے مختلف حصوں کے نمائندوں کے لئے قابل رسائی بنائیں۔
اس اختتامی اجلاس سے نائب صدر جمہوریہ ہند، وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔
U.5335
(Release ID: 1593374)
Visitor Counter : 142