وزارات ثقافت

پرہلاد سنگھ پٹیل نے امرتسر کے جلیانوالا باغ کی مقدس مٹی والا ‘کلش’وزیر اعظم نریندر کو سونپا

Posted On: 21 NOV 2019 4:20PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،21؍نومبر:جلیانوالا باغ کے واقعے کے 100برس مکمل ہونے کے موقع پر ثقافت و سیاحت (آزادانہ چارج)کے مرکزی وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے آج نئی دہلی میں امرتسر کے جلیانوالا باغ کی مقدس مٹی والا ‘کلش’ وزیر اعظم کے سپرد کیا۔یہ مٹی   وزیر ثقافت 5 نومبر کو لائے تھے، جب انہوں نے تاریخی جلیانوالا باغ قومی یادگار کا دورہ کیاتھا۔

 

NAV_2543-01.jpeg

 

کلش پیش کرنے کے بعد وزیر موصوف نے پریس کانفرنس کی اور اس اقدام کے پس پردہ تصور سے میڈیا کو واقف کرایا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب پٹیل نے کہا کہ اس کلش کو نئی دہلی میں واقع  نیشنل میوزیم میں رکھا جائے گا اور اسے عام لوگوں کی نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ہندوستان کے نوجوانوں کو یہ تحریک ملے گی کہ ہمارے آباء واجداد میں ہندوستان کی آزادی کےلئے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔انہوں نے کہا کہ یہ محض مٹی نہیں ہے، بلکہ یہ دنیا کی عظیم ترین قربانیوں میں سے ایک قربانی کا جزو ہے اور ہم اس کے ذریعے ان کی قربانیوں کو عزت بخشنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسلیں اس مقدس مٹی کے توسط سے ان کی بہادری اور وطن پرستی سے واقف ہوں گی۔

جناب پٹیل نے میڈیا کو ثقافت و سیاحت کی وزارت کی 100 دنوں کی اہم حصولیابیوں سے بھی واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے تاج محل میں بچوں کو دودھ پلانے کے لئے کمرہ بنایا ہے اور وہ ملک کے سبھی مثالی مقامات پر ایسے ہی بے بی فیڈنگ روم یعنی بچوں کو دودھ پلانے کے لئے کمروں کی تعمیر کرے گی، تاکہ خواتین سیاحوں کو بہتر سہولتیں فراہم ہوسکیں۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ثقافت کی وزارت بین الاقوامی شہرت کی حامل چند اہم ہندوستانی یادگاروں میں غیر ملکی زبانوں میں سائن بورڈ لگانے جارہی ہے، تاکہ اس سے غیر ملکی سیاحوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ سہولت چوٹی کے ان تین ملکوں کے سیاحوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فراہم کرانے جارہے ہیں، جہاں سے ایسے مقامات پر ایک لاکھ سے زیادہ سیاح آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سہولت کا آغاز کل سے مدھیہ پردیش کے سانچی میں ہوگا، جہاں مختلف ملکوں بالخصوص سری لنکا اور جنوبی کوریا سے بودھ سیاح آتے ہیں۔

مرکزی وزیرنے یہ بھی کہا کہ ای-ویزا کی فیس میں کمی اور ہوٹل کے کمروں پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی سے مزید سیاح ہندوستان آرہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ہماری حکومت نے عام لوگوں کے لئے 137چوٹیاں کھول دی ہیں اور اس کے علاوہ سیاچن گلیشئر کو بھی عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ جناب پٹیل نے کہا کہ ہندوستان عالمی ٹریول اور سیاحت انڈیکس میں40 ویں مقام سے 2019 میں 34 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے اور امید ہے کہ سیاح دوست ہماری پالیسیوں کی بدولت ہم مستقبل قریب میں سیاحتی نقطہ نظر سے چوٹی کے 10ملکوں کی صف میں شامل ہوجائیں گے۔

********

U: 5284



(Release ID: 1592899) Visitor Counter : 89


Read this release in: English , Hindi , Bengali