صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ نے نیدر لینڈس کے شاہ اور ملکہ کی میزبانی کی


اقتصادی شراکت داری بھارت اور نیدر لینڈس کے باہمی تعلقات کا ایک مضبوط ستون ہے

Posted On: 14 OCT 2019 9:42PM by PIB Delhi

نئیدہلی  15 اکتوبر۔صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے  آج (14 اکتوبر 2019 کو) نیدرلینڈس کے  شاہ عز ت مآب ولیم الیگزینڈر اور  عزت مآب   ملکہ میکسیما کا راشٹر پتی بھون میں  خیر مقدم کیا ۔ انہوں  نے ان کے اعزاز میں  ایک ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

 

          شاہ اور ملکہ کا بھارت  میں خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اور نیدر لینڈس کے باہمی تعلقات مضبوط  ہیں اور ان میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ہم نے پچھلے چار برسوں  میں  وزیر اعظم کی سطح کے تین دوروں کا تبادلہ کیا ہے ۔ ان دورو ں سے ہمارے باہمی تعاون کو خاطر خواہ رفتار حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں  نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس ریاستی دورے سے ہمارے  رابطے کو اور استحکام حاصل ہوگا نیز تعلقات میں مزید گہرائی پیدا ہوگی۔

 

          صدر جمہوریہ نے کہا کہ اقتصادی شراکتداری  بھارت – نیدرلینڈس باہمی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے ۔ نیدر لینڈس  ، یورپی یونین میں   بھارت کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے ۔ نیدر لینڈس  بھارت میں  سرمایہ کاری کرنے والا  ایک  اہم ملک ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ بھارتی کمپنیوں  نے بھی نیدر لینڈس میں  خاطر خواہ سرمایہ کاری کی ہے ۔انہوں  نے کہا کہ نیدر لینڈس کی کمپنیوں کا زراعت ، پانی کے بندوبست  ، بندرگاہوں کی ترقی ، کچرے کے بندوبست اور شہری منصوبہ بندی کے شعبوں میں  دنیا میں  ایک بڑا نام ہے ۔انہوں  نے ان کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ اپنی ترقی کی کہانی میں بھارت کو ساجھیدار بنائیں  ۔

          صدرجمہوریہ نے مختلف  برآمداتی  کنٹرول نظاموں  اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں  بھارت کی مستقل رکنیت کے سلسلے میںنیدر لینڈس کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔

          صدرجمہوریہ نے کہ بھارت اور نیدر لینڈس، دورحاضر کے چیلنجوں   خاص طور پر آب وہوا کےسلسلے میں کارروائی ،سائبر سکیورٹی اور دہشت گردی کے بارے میں   یکساں  خیالات رکھتے ہیں ۔ انہوں  نے کہا کہ دہشت گردی ان  شدید ترین خطرات میں سے ایک ہے، جو آج دنیا کودرپیش ہیں  اور ہمیں  اس  لعنت کو شکست دینے اور اسے تباہ کرنے میں ایک مضبوط عالمی  کارروائی کے لئے  مل کر آگے آنا چاہئے۔

          صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے کہا کہ ہم نے اپنے تاریخی رشتوں کی مضبوط  بنیاد پر ایک ایسی شراکتداری قائم کی ہے ، جو جدت طرازی ، سرمایہ کاری اورٹکنالوجی سے عبارت ہے۔اسمارٹ سولیوشنز  ،اسمارٹ سٹیز ،کثافت سے پاک توانائی ،اسٹارٹ اپس اور نئے زمانے کی مصنوعات  ہمیں قریب لارہی ہیں۔بھارت  ،دریاؤں کے احیا کے بارے میں نیدرلینڈس سے سیکھنے  اور اس عمل میں  اس سے ساجھیداری کرنے کا مشتاق ہے ۔

 

          صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہماری اقتصادی شراکتداری نے  ہمارے عوام کے لئے نئے مواقع پیدا  کئے ہیں ، جن میں  روزگار سے لے کر طرز زندگی اور غذا  کی پسند ناپسند کے  معاملا ت شامل ہیں ۔ آج نیدرلینڈس یورپ میں سب سے بڑی  بھارتی برادری کا گھر ہے ۔ نیدر لینڈس میں  بھارتی طلبا اور پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد  ہمارے  کلچرل رشتے کو مضبو ط بنارہی ہے  اور ٹکنالوجی کے معاملے میں شراکتداری کو گہرا کررہی ہے

۰۰۰۰

594U-4


(Release ID: 1588106) Visitor Counter : 61


Read this release in: English , Hindi , Punjabi