خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعتوں کی وزارت
جناب پیوش گوئل، ڈاکٹر ہرش وردھن، محترمہ ہرسمرت کور بادل نے لوہیاں خاص (وایا جالندھر) تک کی ٹرین نمبر 22479/22480 سربت –دا – بھلا ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
’’یہ ٹرین سلطان پور لودھی تک کنیکٹیوٹی فراہم کراتے ہوئے زائرین کے لئے خدمات انجام دے گی‘‘: جناب پیوش گوئل
’’سربت دا بھلا ایکسپریس ٹرین کے نام سے ہی گرونانک جی کی تعلیمات کا اظہار ہوتا ہے جو انسانیت کی اچھائی کی علامت ہے‘‘: محترمہ ہرسمرت کور بادل
’’سلطان پور لودھی جانے والے زائرین کو آسان سفر کی سہولیات فراہم کرکے انڈین ریلوے نے قابل تعریف کام انجام دیا ہے‘‘: ڈاکٹر ہرش وردھن
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 OCT 2019 2:41PM by PIB Delhi
نئی دہلی،4/اکتوبر ۔ ’’شری گرو نانک دیوجی‘‘ کے پانچ سو پچاسویں یوم پیدائش کے موقع پر انڈین ریلویز سال بھر چلنے والی تقریبات میں اپنے طریقے سے تعاون کرکے گرونانک جی کو تعظیم کررہی ہے۔ قدیم شہر سلطان پور لودھی، جہاں پر گروجی کو گیان حاصل ہوا تھا، میں ریلوے اسٹیشن کو جدید سہولیات کے ساتھ اَپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ریلوے و کامرس اور صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل، صحت و خاندانی بہبود، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے وزیر جناب ڈاکٹر ہرش وردھن، فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزیر محترمہ ہرسمرت کور بادل اور دیگر معززین نے نئی دہلی اسٹیشن پر آج یعنی 4 اکتوبر 2019 کو لوہیاں خاص (وایا جالندھر) تک کی نئی دہلی – لدھیانہ انٹرسٹی ایکسپریس، جس کا نیا نمبر اور نام (22479/22480 ’’سربت دا بھلا‘‘ ایکسپریس) کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کے ارکان شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اور سینئر ریلوے افسران موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریلوے و کامرس اور صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا کہ نئی ٹرین گرو نانک جی کے 550ویں یوم پیدائش (پرکاش پرو) کے موقع پر سلطان پور لودھی جانے والے سکھ زائرین کی خدمت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں گرو نانک جی کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اتار لینا چاہئے۔ ریلوے کے ذریعہ کیا گیا یہ ایک اہم اقدام ہے، جو 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر سلطان پور لودھی جانے والے زائرین کو کنیکٹیوٹی فراہم کرائے گا۔ گزشتہ روز دوسری وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا گیا، جو ماتا ویشنو دیوی تک زائرین کو کنیکٹیوٹی فراہم کرائے گی۔ انھوں نے اس موقع پر موجود تمام معززین کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزیر محترمہ ہرسمرت کور بادل نے کہا ’’سلطان پور لودھی، جہاں پر گرو نانک جی نے اپنی زندگی کے چودہ سال گزارے ہیں، کے لئے ایک نئی ٹرین مہیا کرانے کے لئے اور ٹرین کا نام ’’سربت دا بھلا‘‘ جس کا مطلب سبھی کی بھلائی ہے، میں ریلویز اور کامرس و صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل جی کی شکر گزار ہوں۔ ٹرین کے نام سے ہی گرو نانک جی کی تعلیمات کا اظہار ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے کے وزیر نے سلطان پور لودھی اسٹیشن کو اَپ گریڈ کرنے اور اہم سکھ زیارت گاہوں مثلاً ناندیڑ، پٹنہ صاحب سے سلطان پور لودھی کو جوڑنے کے لئے ٹرینوں کی منظوری دی ہے۔ 70 سال بعد سکھ زائرین کی خواہشات پوری ہوئی ہیں۔‘‘

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ یہ ایک مبارک موقع ہے، کیونکہ نئی ٹرین قومی راجدھانی کو سیدھے سلطان پور لودھی سے جوڑے گی۔ سلطان پور لودھی جانے والے زائرین کو آسان سفر کی سہولت فراہم کراکے ریلویز نے قابل تعریف خدمت انجام دی ہے۔
ٹرین کے بارے میں معلومات:
ٹرین نمبر 22479/22480 ’’سربت –دا- بھلا‘‘ ایکسپریس نئی دہلی سے صبح 7 بجے چلے گی اور شکور بستی، بہادر گڑھ، روہتک جنکشن، جیند، نروانا، توہانا، جاکھل، سنگرور، دھوری، جالندھر سٹی، کپورتھلا اسٹیشنوں پر رکتی ہوئی سلطان پور لودھی سے ہوتے ہوئے دوپہر 14:55 بجے لوہیاں خاص پہنچے گی۔ واپسی میں ٹرین نمبر 22480 لوہیاں خاص سے 15:35 بجے چلے گی اور 23:35 بجے نئی دہلی اسٹیشن پہنچے گی۔ یہ ٹرین اتوار، منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کو (ہفتہ میں پانچ دن) چلے گی۔ اس ٹرین میں اے سی چیئر کار کوچیز-2، دوسرے درجہ کی سٹنگ کوچیز 6، جنرل کوچیز 7 شامل ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
U-4457
(ریلیز آئی ڈی: 1587232)
وزیٹر کاؤنٹر : 119