صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ نے منگولیا کے صدر کی ضیافت کی؛ کہا کہ ہندوستان اور منگولیا نہ صرف اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں  بلکہ روحانی پڑوسی بھی ہیں

Posted On: 21 SEP 2019 10:05AM by PIB Delhi

 

          صدر جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج (20 ستمبر 2019) راشٹرپتی بھون میں منگولیا کے صدر مسٹر خالت ماگن بٹولگا کی ضیافت کی۔ انھوں نے منگولیاکے صدر کے اعزاز میں ایک دعوت کا اہتمام کیا۔

صدر بٹولگا کا ہندوستان میں خیر مقدم کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ  کووند نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں کسی منگولیائی صدر کا یہ پہلا ہندوستان کا دورہ ہے۔ انھوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ ہندوستان-منگولیا کی دوطرفہ تعلقات میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان، منگولیا کے ساتھ اپنے گہرے اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انھو ں نے کہا کہ ہندوستان اور منگولیا ‘اسٹرٹیجک شراکت دار’ ہی نہیں بلکہ اپنی مشترکہ بودھ وراثت سے جڑے ‘روحانی پڑوسی’ بھی ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ انھیں اس بات کی خوشی ہے کہ  دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اب بنیادی ڈھانچے، خلا اور ڈیجیٹل روابط جیسے کئی اہم شعبوں میں اقتصادی تعاون کی توسیع ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملک سائبر تحفظ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، قدرتی آفات سے نمٹنے، کانکنی  اور مویشی پروری کے شعبوں میں باہمی تعاون کر رہے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے ہندوستان کی امیدواری کی مسلسل حمایت کے لیے منگولیا کی ستائش کی۔ انھوں نے ‘بین الاقوامی شمسی اتحاد’ میں شامل ہونے کے منگولیات کے فیصلے کی بھی تعریف کی۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس سے قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں ہماری شراکت داری مضبوط ہوگی اور ہمیں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ صدیوں سے لوگوں کے درمیان تبادلہ ہمارے تعلقات کی بنیاد رہی ہے۔ ہندوستان کے بودھ راہب اور تاجر، امن ویکجہتی  اور دوستی کے پیغام  کے ساتھ منگولیا گئے۔ اسی طرح وقت کے ساتھ ساتھ منگولیاکے اسکالر اور زائرین بدھ مت کی تعلیم  اورروحانی استفادے کے لیے ہندوستان آئے اور  یہ روایت مستقل طور پر جاری ہے۔ ہندوستان  کوآج بدھ مت کی تعلیم سے منسلک تقریباً 800 منگولیا کے طلبا کی میزبانی کرنے کا شرف حاصل ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ہند منگولیا کی حکومت اور اس کے شہریوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ دونوں ملکوں کے شہریوں کی خوشحالی کے لیے ہماری اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم اور وسعت دی جاسکے۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

U. No. 4273



(Release ID: 1585761) Visitor Counter : 98


Read this release in: English , Hindi