نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

دلّی یونیورسٹی میں داخلے کے خواہش مند آندھرا پردیش کے طلباء کو نائب صدر جمہوریہ کی مداخلت کے بعد راحت

Posted On: 02 JUL 2019 4:50PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 2 جولائی  / نائب صدر جمہوریۂ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے انسانی وسائل کے فروغ  کے مرکزی وزیر  ڈاکٹر رمیش  پوکھریال نشنک کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام ریاستوں کے   سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈوں یا  انٹر میڈیٹ کے بورڈوں کو ایڈوائزری جاری کریں کہ وہ مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے میں آسانی کے لئے  نمبر دینے  کا یکساں طریقۂ کار اپنائیں ۔ 

          جناب نائیڈو نے کہا کہ   ایسے بورڈ  ، جو  نتائج  گریڈس میں جاری کرتے ہیں ، انہیں چاہیئے کہ وہ  گریڈس کے ساتھ ساتھ  نمبر بھی  درج کریں تاکہ طلباء کے ذریعے حاصل کی گئی فی صد  کا حساب لگانے میں آسانی ہو ۔

          نائب صدر جمہوریہ  نے  ایچ آر ڈی کے وزیر کو راجیہ سبھا میں اپنے  چیمبر میں بلایا اور  اُن سے اِس معاملے پر تبادلۂ خیال کیا ۔ اس سے پہلے  آندھرا پردیش کے طلباء نے   نائب صدر جمہوریہ سے مل کر دلّی یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں در پیش مسائل کے بارے میں انہیں مطلع کیا ۔  

          آندھرا پردیش کے انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے بورڈ نے  تعلیمی سال 18-2017 ء میں  پہلے سال کے طلباء کے لئے گریڈنگ نظام  متعارف کرایا تھا اور اسے 19-2018 ء میں بھی جاری رکھا ۔  گریڈنگ طریقۂ کار کے تحت طلباء کو ہر سبجیکٹ  میں گریڈ کے پوائنٹ دیئے گئے ہیں ۔

          چونکہ یونیورسٹی میں  داخلے  حاصل شدہ نمبروں  کے فی صد کی بنیاد پر ہوتے ہیں ،  اس لئے طلباء نے  یہ معاملہ نائب صدر جمہوریہ کے سامنے پیش کیا اور ان سے  مداخلت کرنے  کی درخواست کی ۔  نائب صدر جمہوریہ نے چند دن پہلے ہی  یہ معاملہ نوٹس میں آنے کے بعد  دلّی یونیورسٹی کے حکام کو  طلباء کی تشویش  سے آگاہ کرنے کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی ۔   نائب صدر جمہوریہ  کی مداخلت کے بعد  دلّی یونیورسٹی کے حکام نے اس معاملے کو  متعلقہ  عہدیداروں کے ساتھ اٹھایا ۔

          اس سے پہلے ، آج جناب نائیڈو نے اپنی رہائش گاہ پر دلّی یونیورسٹی کے وائس چانسلر  جناب یوگیش کمار تیاگی اور اسٹوڈنٹ ویلفیئر کے ڈین  پروفیسر راجیو گپتا  سے ملاقات کی اور   اس معاملے پر تفصیل سے بات چیت کی ۔ 

          وائس چانسلر نے انہیں یقین دلایا کہ  طلباء کے مفادات  کا تحفظ کیا جائے گا  اور ایڈمیشن  نمبروں کے فی صد کی بنیاد پر ہو گا ۔

          یونیورسٹی حکام نے آندھرا پردیش کے تمام طلباء کو ای میل اور ایس ایم ایس بھی بھیجے ہیں اور اُن سے کہا ہے کہ وہ انٹر میڈیٹ بورڈ سے  نمبر ڈاؤن لوڈ کریں اور دلّی یونیورسٹی میں  درخواست دیتے ہوئے یہ نمبر اَپ لوڈ کریں ۔

          آندھرا پردیش کے طلباء کو در پیش  مسائل کے پیش نظر نائب صدر جمہوریہ نے  ایچ آر ڈی کے وزیر  کو صلاح دی ہے کہ وہ   اعلیٰ تعلیم یا انٹرمیڈیٹ کے تمام بورڈوں کو اس سلسلے میں ایڈوائزری جاری کریں ۔  

 

U. No. 2759


(Release ID: 1576714) Visitor Counter : 65
Read this release in: English , Marathi