ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 NOV 2026 7:43PM by PIB Delhi
نیشنل زولوجیکل پارک، نئی دہلی نے شہری سائنس اور تحفظِ ماحولیات سے متعلق بیداری کو فروغ دینے کے لیے 29 نومبر 2026 کو 'سنڈے برڈ واک @ این زیڈ پی' کے 23 ویں ایڈیشن کا انعقاد کیا۔
اس سیر میں فطرت سے محبت کرنے والے افراد، طلبہ، جنگلی حیات کے فوٹوگرافرز اور پرندوں و قدرتی دنیا میں دلچسپی رکھنے والے دیگر شہری ایک ساتھ جمع ہوئے۔ رضاکاروں کے ہمراہ، شرکاء نے چڑیا گھر کے مختلف حصوں کی سیر کی اور پرندوں کے رویوں، ان کے مسکن اور ماحولیاتی کردار کا مشاہدہ کرتے ہوئے پرندوں کی مختلف انواع کی شناخت کرنا سیکھا۔

اس سیر کے دوران مقررہ علاقے میں پرندوں کی مجموعی طور پر 44 انواع ریکارڈ کی گئیں، جن میں 350 سے زیادہ پرندے شامل تھے۔ ان مشاہدات نے چڑیا گھر میں پرندوں کے تنوع کے جاری دستاویزی ریکارڈ میں اضافہ کیا اور شرکاء کو شہری سائنس کا عملی تعارف فراہم کیا۔ اس سیر نے صحت مند ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں پرندوں کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا، جس میں کیڑوں پر قدرتی کنٹرول، ماحولیاتی توازن اور ماحولیاتی صحت کے اشاریوں کے طور پر کام کرنا شامل ہے۔
نیشنل زولوجیکل پارک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجیت کمار بھی چڑیا گھر کے دیگر حکام کے ہمراہ شرکاء کے ساتھ شامل ہوئے۔ انہوں نے گروپ سے بات چیت کی اور پرندوں کے مشاہدے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں ان کی دلچسپی اور فعال شرکت کو سراہا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'سنڈے برڈ واک' جیسے اقدامات فطرت کے ساتھ لوگوں کے تعلق کو مضبوط بنانے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں عوامی شمولیت کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس طرح کی سیر شرکاء کو پرندوں کی شناخت کی مہارت پیدا کرنے اور فوڈ ویبز سمیت ماحولیاتی تعلقات کو سمجھنے میں کس طرح مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ شہریوں کی شرکت سے حیاتیاتی تنوع کی منظم دستاویز سازی تحفظِ ماحولیات سے متعلق بیداری اور ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ فطرت سے اپنا تعلق برقرار رکھیں اور دوسروں کو بھی جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں۔

پروگرام کا اختتام ایک باہمی مکالمے اور تاثرات کے تبادلے کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء کو اپنے مشاہدات اور تجربات بیان کرنے کا موقع ملا۔ اس سیر کا اختتام ایک گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔
نیشنل زولوجیکل پارک پرندوں کے مشاہدے، حیاتیاتی تنوع کی دستاویز سازی اور تحفظِ ماحولیات میں عوامی شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لیے باقاعدگی سے 'سنڈے برڈ واکس' کا اہتمام کرتا ہے۔ بامعنی سیکھنے اور باہمی بات چیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر واک میں شرکاء کی تعداد 20 سے 25 افراد تک محدود رکھی جاتی ہے۔ اس میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن لازمی ہے، جو ہر ہفتے پیر سے جمعہ تک کھلی رہتی ہے اور شرکت کا موقع 'پہلے آئیے، پہلے پائیے' کی بنیاد پر فراہم کیا جاتا ہے۔ رجسٹریشن کا لنک نیشنل زولوجیکل پارک کی سرکاری ویب سائٹ اور 'این زیڈ پی ساتھی' موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے دستیاب ہے۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8459