ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 وزیر ریلوے کی ہدایات پر چیئرمین و سی ای او، ریلوے بورڈ نے زونل ریلوے اور ڈویژنوں کی جانب سے دھند کے موسم کی تیاریوں کا جائزہ لیا


ریلوے بورڈ نے زونل ریلوے اور ڈویژنوں کو ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 NOV 2026 7:08PM by PIB Delhi

وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو کی ہدایات پر ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جناب ستیش کمار نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آئندہ دھند کے موسم کے پیش نظر زونل ریلوے اور ڈویژنوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ریلوے بورڈ کے اراکین، زونل ریلوے کے جنرل منیجرز (جی ایم)، ڈویژنل ریلوے منیجرز (ڈی آر ایم) اور دیگر فیلڈ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران دھند کے حالات میں ٹرینوں کی محفوظ اور ہموار آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات اور آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں اہم توجہ کے شعبے درج ذیل تھے:

1۔ پٹریوں کی گشت: دھند کے موسم میں پٹریوں کی باقاعدہ اور مؤثر نگرانی یقینی بنانا اور گشت کرنے والے اہلکاروں کو تمام ضروری حفاظتی آلات فراہم کرنا۔

2۔ دھند سے بچاؤ کے آلات کی تنصیب: دھند سے بچاؤ کے آلات کی دستیابی اور تنصیب یقینی بنانا، تاکہ کم حدِ نگاہ کے حالات میں لوکو پائلٹس کو ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت میں مدد مل سکے۔

3۔ سگنلز اور لیول کراسنگ پر بہتر حدِ نگاہ: سگنلز پر چونے سے نشانات اور سگما بورڈز، لیول کراسنگ کے پھاٹکوں پر روشن پٹیاں، نیز ٹرینوں کی آخری بوگیوں پر ٹیل لیمپس اور ’ایکس‘ کے نشانات واضح طور پر دکھائی دینے کو یقینی بنانا۔

4۔ اشاراتی بورڈز کی مرئیت: اس بات کو یقینی بنانا کہ تمام سائیٹنگ بورڈز اور اشارتی بورڈز واضح طور پر دکھائی دیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔

5۔ تربیت اور حفاظتی بیداری: ریلوے ملازمین کو دھند سے متعلق حفاظتی احتیاطی تدابیر، آلات میں خرابی کے دوران کام کرنے کی ہدایات اور ترمیم شدہ خودکار سگنلنگ کے طریقہ کار کے بارے میں مناسب تربیت فراہم کرنا۔

6۔ ملازمین کی چوکسی: ٹرینوں کی آمدورفت اور حفاظتی امور سے متعلق فرائض انجام دینے والے تمام ریلوے اہلکاروں کی مستعدی اور چوکسی کو مزید مضبوط بنانا۔

7۔ آگ اور دھوئیں کا پتہ لگانے والے نظام: آگ اور دھوئیں کا پتہ لگانے والے نظاموں کے کام کاج پر کڑی نظر رکھنا، جن میں پینٹری کاروں میں نصب نظام بھی شامل ہیں۔

8۔ رات کے وقت معائنہ: آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے اور ریلوے ملازمین کو حفاظتی طریقہ کار کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے افسران کی جانب سے باقاعدہ رات کے وقت معائنہ یقینی بنانا، جس میں فٹ پلیٹ معائنہ بھی شامل ہو۔

9۔ اسکریچ ریکس کی دستیابی: دھند کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے دوران آپریشنل لچک برقرار رکھنے اور ٹرینوں کی تاخیر سے نمٹنے کے لیے اسکریچ ریکس کی مناسب تعداد میں دستیابی یقینی بنانا۔

زونل ریلوے کے جنرل منیجرز اور ڈویژنل ریلوے منیجرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان اقدامات پر عمل درآمد کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور تمام سطحوں پر ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ہندوستانی ریلوے دھند کے موسم میں آپریشنل تحفظ کو مضبوط بنانے اور ٹرینوں کی محفوظ، قابلِ اعتماد اور مؤثر آمدورفت یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ملازمین کی تیاری، حدِ نگاہ کو بہتر بنانے اور مقررہ حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

  

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :8458  )


(ریلیز آئی ڈی: 2343572) وزیٹر کاؤنٹر : 3