PIB Backgrounder
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان میں دیہی سیاحت


پائیدار سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی معیشتوں کو مضبوط بنانا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 NOV 2026 11:11AM by PIB Delhi

دیہی معیشتوں کو مستحکم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہندوستان میں پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے دیہی سیاحت ایک اہم ذریعہ بن کر ابھر رہی ہے۔ دیہی سیاحت کی ترقی کے لیے حکومت کی قومی حکمت عملی اور روڈ میپ کا مقصد گاؤں  میں سیاحتی کلسٹرز قائم کرنا، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، مقامی سیاحتی تجربات کو فروغ دینا اور مقامی برادریوں کی شراکت داری کو یقینی بنانا ہے۔

سودیش درشن اسکیم، بہترین سیاحتی گاؤں کا مقابلہ اور دیہی سیاحتی گاؤں کا پورٹل (رورل ٹورزم ولیج پورٹل) جیسے اقدامات سیاحتی مقامات کی ترقی اور تشہیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈی اے-جے جی یو اے، مدرا قرضوں اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگراموں کے ذریعے دیہی ہوم اسٹے (گھریلو قیام کی سہولت) کو خصوصی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں مقامی سطح پر، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

حکومت نے سیاحوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ اداروں میں پائیدار سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 2023 میں ’ٹریول فار لائف‘ (Travel for LiFE)مہم بھی شروع کی تھی۔ ان کوششوں کا مقصد مقامی برادریوں کی شراکت داری سے سیاحت کو فروغ دینا اور دیہی ورثے، روایتی ذرائع معاش اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرنا ہے۔

تعارف: ہندوستان میں دیہی سیاحت

ہندوستان کے گاؤں میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ منفرد روایات، دستکاریاں، زرعی طریقے، قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثہ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ روایتی سیاحتی مقامات کے علاوہ،گاؤں میں فارم ٹورز، روایتی دستکاری کی ورکشاپس، مقامی کھانوں، ثقافتی سرگرمیوں اور مقامی برادریوں کے زیرِ انتظام ہوم اسٹے کے ذریعے دیہی طرزِ زندگی سے واقف ہونے کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

دیہی سیاحت سیاحتی سرگرمیوں میں تنوع پیدا کرنے اور گاؤں میں آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ سیاحوں کو مقامی برادریوں سے جوڑتی ہے اور مہمان نوازی، دستکاری، زراعت اور سیاحتی رہنمائی جیسی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے۔ اس طرزِ عمل سے روایتی پیشوں اور ثقافتی روایات کے تحفظ کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

اس صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے دسمبر 2021 میں ہندوستان میں دیہی سیاحت کی ترقی کے لیے ایک قومی حکمت عملی اور روڈ میپ تیار کیا۔ یہ آتم نربھر بھارت کی تعمیر کی جانب ایک اہم پہل ہے۔ اس حکمت عملی کے بنیادی مقاصد میں دیہی سیاحتی کلسٹرز کا قیام، ڈیجیٹل رسائی کو بہتر بنانا، سیاحتی مقامات کی تشہیر، مقامی ہنرمندی اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانا اور مقامی برادریوں کی شراکت داری کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس میں دیہی سیاحت کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی ترقی کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مختلف اسکیموں کے درمیان تال میل پر بھی زور دیا گیا ہے۔

یہ حکمت عملی گاؤں کو پائیدار سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینے کے لیے ایک لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے، جس کے تحت مقامی برادریوں کو سیاحتی سرگرمیوں میں شامل کرکے ان سے پیدا ہونے والے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جاتا ہے۔

اثرات اور نتائج: دیہی معیشتوں کو مستحکم بنانا

دیہی سیاحت زراعت کے علاوہ آمدنی اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔ یہ دیہی خاندانوں، مقامی مصنوعات تیار کرنے والوں اور روایتی کاروبار سے وابستہ افراد کو سیاحتی منڈی سے جوڑتی ہے۔ اس کی اہمیت اس بات میں مضمر ہے کہ مقامی برادریاں سیاحوں کو رہائش، کھانا، سیاحتی رہنمائی، دستکاری کی مصنوعات اور دیگر خدمات فراہم کرنے میں براہِ راست حصہ لیتی ہیں۔

اس کے فوائد بالخصوص ان گاؤں کے لیے اہم ہیں جہاں موجود ثقافتی اور زرعی وسائل کو روایتی ذرائع معاش کو متاثر کیے بغیر سیاحت کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان وسائل کی بنیاد پر سیاحت کو فروغ دینے والے گاؤں کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ تلنگانہ کے پوچم پلی کو 2021 میں اور گجرات کے ڈھورڈو کو 2023 میں اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) نے بہترین سیاحتی گاؤں قرار دیا۔

معاشی اور سماجی اثرات

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261129110939_faf49d.jpg

دیہی آمدنی کے ذرائع میں تنوع: ہوم اسٹے اور زرعی سیاحت

ہوم اسٹے، زرعی سیاحت اور دیہی سیاحتی تجربات کاشت کار خاندانوں، کاریگروں اور مقامی کاروباری افراد کے لیے اضافی آمدنی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ہوم اسٹے کی سہولیات میں اضافے سے زرعی مصنوعات کی مانگ بھی بڑھتی ہے۔

خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ: کمیونٹی پر مبنی سیاحت خواتین کے لیے کھانے کی تیاری، ہوم اسٹے کے انتظام، دستکاری اور مقامی سیاحتی تجربات پر مبنی پروگراموں کے ذریعے روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ خواتین کے خود امدادی گروپ (سیلف ہیلپ گروپس) بھی غذائی اشیا، تحائف اور دیگر خدمات فراہم کرکے سیاحتی سپلائی چین میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

مقامی پیداوار اور منڈیوں کو مستحکم بنانا: سیاحتی اداروں اور گاؤں کے مقامی مصنوعات تیار کرنے والوں کے درمیان براہِ راست روابط سے مقامی طور پر اگائی جانے والی سبزیوں، روایتی کھانوں، ہتھ کرگھا مصنوعات اور دستکاری کی اشیا کی مانگ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے سیاحت پر ہونے والے اخراجات کو زراعت اور دیہی کاروباری سرگرمیوں تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔

دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع: دیہی سیاحتی مقامات پر مقامی سیاحتی رہنمائی، مہمان نوازی کی خدمات، نقل و حمل، ثقافتی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل سیاحتی خدمات کے ذریعے نوجوانوں کے لیے خود روزگاری اور ہنرمندی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

روایتی ذرائع معاش کا تحفظ: بُنائی، مٹی کے برتن بنانے، مقامی تہواروں اور زرعی طریقوں پر مبنی سیاحتی سرگرمیاں روایتی پیشوں کے لیے نئی منڈیاں پیدا کر سکتی ہیں۔ اس سے ان پیشوں کے تسلسل اور تحفظ کو فروغ ملتا ہے۔

یہ وہ اہم ذرائع ہیں جن کے ذریعے دیہی سیاحت مقامی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کا اثر ہوم اسٹے کے شعبے میں سب سے زیادہ نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کے ٹورازم سیٹلائٹ اکاؤنٹس کے مطابق، سیاحت کے مختلف ذیلی شعبوں میں ہوم اسٹے کا شعبہ روزگار اور پیداوار میں اضافے کے حوالے سے بالترتیب 4.38 اور 2.04 کے ساتھ سب سے زیادہ اثر انگیز ہے۔ مزید برآں، ہوم اسٹے کی پیداوار میں ہر ایک یونٹ کے اضافے سے زرعی پیداوار میں 0.42 یونٹ کا اضافہ ہوتا ہے۔

دیہی معیشتوں کو مستحکم بنانے میں ہوم اسٹے کا کردار

ہوم اسٹے دیہی خاندانوں کو رہائش، مقامی کھانے اور ثقافتی تجربات فراہم کرکے سیاحتی سرگرمیوں میں براہِ راست حصہ لینے کا موقع دیتے ہیں۔ ان کا معاشی تعاون صرف کمروں کے کرایے تک محدود نہیں رہتا، بلکہ اس کے فوائد زراعت، دستکاری، غذائی اشیا کی پیداوار اور گاؤں میں دستیاب دیگر خدمات تک بھی پہنچتے ہیں۔

4.38

روزگارکا ضرب

2.04

پیداوار کا  ضرب

0.42

زرعی پیداوار سے تعلق

 

دیہی سیاحت کے لیے حکومتی لائحۂ عمل اور اقدامات

دیہی سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کا نقطۂ نظر قومی پالیسی کے رہنما اصولوں کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مالی معاونت، مقامی برادریوں کی شراکت داری اور سیاحتی مقامات کی تشہیر سے متعلق اقدامات پر مبنی ہے۔ دیہی سیاحتی مقامات کی ترقی کی بنیادی ذمہ داری ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ مرکزی حکومت قومی حکمت عملیوں، مرکزی اعانت سے چلنے والی اسکیموں، صلاحیتوں میں اضافے اور تشہیری معاونت کے ذریعے ان کوششوں میں تعاون کرتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261129111004_660b45.jpg

دیہی سیاحت کے لیے قومی پالیسی کا لائحۂ عمل

دو ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی قومی حکمت عملیاں دیہی سیاحتی مقامات کی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں مقامی برادریوں کی شراکت داری بڑھانے کے لیے پالیسی کا لائحۂ عمل فراہم کرتی ہیں۔

ہندوستان میں دیہی سیاحت کی ترقی کے لیے قومی حکمت عملی اور روڈ میپ (2021)

آتم نربھر بھارت (خود کفیل ہندوستان) کی جانب ایک پہل کے طور پر تیار کی گئی اس حکمت عملی کا مقصد چھ اہم ستونوں کے ذریعے دیہی سیاحت کو فروغ دینا ہے:

1۔ مثالی پالیسیاں اور بہترین طریقۂ کار: ریاستی پالیسیوں کا بہترین معیارات کی بنیاد پر تقابلی جائزہ لینا، کامیاب نمونوں کو دستاویزی شکل دینا اور سرکاری، نجی اور مقامی برادریوں کے درمیان اشتراک پر مبنی شراکت داری (پی پی سی پی) کی حوصلہ افزائی کرنا۔

2۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی: سیاحتی مقامات کی تشہیر اور سیاحتی خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی کو بہتر بنانا۔

3۔ دیہی سیاحتی کلسٹرز: سیاحتی امکانات کے حامل گاؤں کے مجموعوں کی نشاندہی کرنا اور مربوط بنیادی ڈھانچے، سیاحتی سہولیات اور مقامی تجربات کے ذریعے انہیں ترقی دینا۔

4۔ تشہیری معاونت: ڈیجیٹل مہمات، سیاحتی صنعت کے ساتھ شراکت داری اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر تشہیری سرگرمیوں کے ذریعے دیہی سیاحتی مقامات کو فروغ دینا۔

5۔ صلاحیتوں میں اضافہ: مقامی برادریوں کو مہمان نوازی، سیاحتی رہنمائی، کاروبار کے انتظام اور سیاحت سے متعلق دیگر خدمات کی تربیت فراہم کرنا۔

6۔ نظم و نسق: مرکزی حکومت کی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، پنچایتی راج اداروں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان ادارہ جاتی تال میل قائم کرنا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261129111019_668898.jpg

روڈ میپ میں سیاحتی امکانات کی بنیاد پر پانچ سے سات گاؤں پر مشتمل کلسٹرز کی نشاندہی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان کے ترقیاتی منصوبوں میں آخری میل تک رابطے کی سہولت، صفائی ستھرائی، کچرے کا انتظام، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، مقامی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور گاؤں کے منفرد تجربات کو اجاگر کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

دیہی ہوم اسٹے کے فروغ کے لیے قومی حکمت عملی  (2022)

یہ تکمیلی حکمت عملی دیہی ہوم اسٹے کو تجربات پر مبنی سیاحتی مصنوعات کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور ان کے فروغ کے لیے مالی، تکنیکی اور تشہیری معاونت فراہم کرنے کا لائحۂ عمل پیش کرتی ہے۔

اس کی اہم سفارشات میں شامل ہیں:

  • ریاستوں کو دیہی ہوم اسٹے کے لیے مالی مراعات اور انتظامی معاونت فراہم کرنے کی ترغیب دینا۔
  • مقامی برادریوں، پنچایتوں اور سیاحتی صنعت کے شراکت داروں کی شرکت سے ہوم اسٹے کلسٹرز تیار کرنا۔
  • ڈیجیٹل رجسٹریشن، بکنگ اور تشہیری پلیٹ فارمز تک رسائی کی سہولت فراہم کرنا۔
  • خواتین کے خود امدادی گروپوں، مقامی کاروباری سرگرمیوں اور مہمان نوازی کے شعبے میں تربیت کی حوصلہ افزائی کرنا۔
  • حکومت اور سیاحتی صنعت کے درمیان شراکت داری کے ذریعے مثالی دیہی ہوم اسٹے کلسٹرز کی ترقی کو فروغ دینا۔

یہ حکمت عملی ریاستی سطح پر مخصوص مراعات کی بھی سفارش کرتی ہے، جن میں سبسڈی اور ہوم اسٹے کے قیام کے لیے کارکردگی سے منسلک مالی معاونت شامل ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت مختلف ریاستی حکومتوں نے اپنی اپنی ہوم اسٹے پالیسیوں کے ذریعے یہ مراعات فراہم کی ہیں۔

مثال کے طور پر، میگھالیہ میں ہوم اسٹے چلانے والوں کو قومی اور ریاستی اسکیموں کے تحت بیک وقت سبسڈی حاصل کرنے کی اجازت ہے، جبکہ گجرات میں ہوم اسٹے آپریٹرز ریاست کے شمسی توانائی مشن اور دیگر ریاستی پالیسیوں کے تحت فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

اتراکھنڈ نے پہاڑی اور میدانی علاقوں کی ضروریات کے مطابق مرحلہ وار مراعاتی پروگرام نافذ کیا ہے، جبکہ مہاراشٹر نے سیاحتی منصوبوں کے لیے رقبے کی بنیاد پر درجہ بندی کا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت جائیداد کے محل وقوع کی بنیاد پر مراعات فراہم کی جاتی ہیں۔

دیگر ریاستوں نے ضابطہ جاتی اور انتظامی اقدامات بھی کیے ہیں۔ ان میں گوا کا آسان آن لائن رجسٹریشن نظام، چھتیس گڑھ کا لچکدار ہوم اسٹے درجہ بندی کا نظام اور دہلی میں رجسٹرڈ بیڈ اینڈ بریک فاسٹ (بی اینڈ بی) اداروں کے لیے رہائشی نرخوں کے مطابق یوٹیلٹی چارجز اور ٹیکس کی شرحیں مقرر کرنا شامل ہیں۔

مدھیہ پردیش کی گرام اسٹے اسٹیبلشمنٹ (رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن) اسکیم، 2019‘ میں 2026 میں ترمیم کی گئی ہے۔ یہ اسکیم گرام پنچایت کے علاقوں میں رجسٹرڈ کوآپریٹیو اداروں یا خود امدادی گروپوں کے ذریعے قائم کیے گئے ہوم اسٹے کا احاطہ کرتی ہے۔ اس کے تحت تشہیر کے لیے یک مشت مالی امداد اور کمروں کے استعمال کی کم از کم شرح حاصل کرنے کی صورت میں مراعات فراہم کی جاتی ہیں۔

سکم کی میگا ہوم اسٹے اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 1,000 سے زیادہ ہوم اسٹے تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان میں روایتی بھوٹیا، لیپچا اور نیپالی طرزِ تعمیر کے مطابق بنائے جانے والے ہوم اسٹے بھی شامل ہیں۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد انہیں مستحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد گاؤں پر مبنی سیاحت اور پائیدار ذرائع معاش کو فروغ دینا ہے۔

ریاست کے محکمہ تجارت و صنعت نے اُتّر پورو ٹرانسفارمیٹو انڈسٹریلائزیشن اسکیم  (اُنّتی)، 2024 کے تحت ہوم اسٹے کے لیے رہنما خطوط بھی جاری کیے ہیں۔ ان رہنما خطوط کے تحت ہوم اسٹے کے لیے سرمایہ جاتی سرمایہ کاری کے لیے مراعات اور شرحِ سود میں رعایت فراہم کی جاتی ہے۔ ان کا مقصد دیہی باشندوں کے لیے روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع بڑھانا ہے۔

دیہی سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی

سودیش درشن اسکیم: دیہی سرکٹ

سیاحت کی وزارت نے 2014-15 میں شروع کی گئی سودیش درشن اسکیم کے تحت دیہی سرکٹ کو 15 موضوعاتی سیاحتی سرکٹس میں سے ایک کے طور پر شامل کیا تھا۔ اس کا مقصد دیہی سیاحتی مقامات پر سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

9 مارچ 2026 تک، اس جزو کے تحت دو منصوبوں کو منظوری دی گئی تھی:

ریاست

دیہی سیاحت کا منصوبہ

منظور شدہ رقم

جاری شدہ رقم

بہار

بھیتیہاروا-چندراہیا-ترکولیا

44.27 کروڑ روپے

40.31 کروڑ روپے

کیرالہ

ملاناڈ مالابار کروز ٹورازم پروجیکٹ

57.35 کروڑ روپے

45.88 کروڑ روپے

کل

101.62 کروڑ روپے

86.19 کروڑ

دونوں منصوبوں کے لیے منظور شدہ 101.62 کروڑ روپے میں سے 86.19 کروڑ روپے جاری کیے گئے تھے۔

نظرثانی شدہ سودیش درشن 2.0 اسکیم کا مقصد دیہی اور قبائلی علاقوں سمیت پائیدار اور ذمہ دارانہ سیاحتی مقامات کو ترقی دینا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اتراکھنڈ کے ضلع پتھورا گڑھ کے گنجی میں دیہی سیاحتی کلسٹر کا تجربہ 5 مارچ 2024 کو 17.86 کروڑ روپے کی لاگت سے منظوری دی گئی تھی۔

دیہی سیاحتی گاؤں کی شناخت اور فروغ

بہترین سیاحتی گاؤں کا مقابلہ

حکومت کی جانب سے 2023 میں شروع کیے گئے بہترین سیاحتی گاؤں کے مقابلے کا مقصد ایسے گاؤں کی نشاندہی اور حوصلہ افزائی کرنا ہے جو اپنے ثقافتی اور قدرتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہیں، مقامی برادریوں کی شراکت داری پر مبنی سیاحت کو فروغ دیتے ہیں اور پائیدار طریقوں کو اپناتے ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے گاؤں کو مقامی روایات، وسائل اور ذرائع معاش کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی سیاحتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

اس مقابلے میں ایسے گاؤں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے جو اہم ثقافتی اور قدرتی ورثے کے حامل ہوں، مقامی برادریوں کی اقدار، مصنوعات اور طرزِ زندگی کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کے لیے کوشاں ہوں اور معاشی، سماجی اور ماحولیاتی پائیداری کے تئیں اپنے عزم کا واضح اظہار کرتے ہوں۔

اہم جھلکیاں: 2024 کا مقابلہ

  • 2024 کے مقابلے کے لیے 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 991 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 2023 میں منعقد ہونے والے پہلے مقابلے میں 795 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
  • آٹھ زمروں میں 36 گاؤں کو تسلیم کیا گیا۔

آٹھ زمرے: ورثہ، زرعی سیاحت، دستکاری، ذمہ دارانہ سیاحت، متحرک گاؤں، مہم جوئی کی سیاحت، مقامی برادریوں کی شراکت داری پر مبنی سیاحت اور روحانی و فلاح و بہبود کی سیاحت۔

1۔ ورثہ: ہفیشور (گجرات)، اندرو (منی پور)، موفلانگ (میگھالیہ)، کیلاڈی (تمل ناڈو) اور پورا مہادیو (اتر پردیش)۔

2۔ زرعی سیاحت: کمارکوم (کیرالہ)، کردے (مہاراشٹر)، ہنسالی (پنجاب)، سوپی (اتراکھنڈ) اور بار نگر (مغربی بنگال)۔

3۔ دستکاری: سولکوچی (آسام)، پران پور (مدھیہ پردیش)، امڈن (میگھالیہ)، منی بندھا (اوڈیشہ) اور نرمل (تلنگانہ)۔

4۔ ذمہ دارانہ سیاحت: دودھنی (دادرا اور نگر حویلی اور دمن اور دیو)، کدلونڈی (کیرالہ)، تر گاؤں (لداخ)، سبروانی اور لاڈپورہ خاص (دونوں مدھیہ پردیش میں)۔

5۔ متحرک گاؤں: ہرشل اور گنجی (دونوں اتراکھنڈ میں)۔

6۔ مہم جوئی کی سیاحت: دھدمرس (چھتیس گڑھ)، آرو (جموں و کشمیر)، کتھلور (کرناٹک) اور جاکھول (اتراکھنڈ)۔

7۔ مقامی برادریوں کی شراکت داری پر مبنی سیاحت: چترکوٹ (چھتیس گڑھ)، منیکوئے جزیرہ (لکشدیپ)، سیالسک (میزورم)، دیومالی (راجستھان) اور الپنا گاؤں (تریپورہ)۔

8۔ روحانی اور فلاح و بہبود کی سیاحت: اہوبیلم (آندھرا پردیش)، بندورا (گوا)، ریکھیا پیٹھ (جھارکھنڈ)، میلکلنگم پٹی (تمل ناڈو) اور سومسیلا (تلنگانہ)۔

یہ مقابلہ نسبتاً غیر معروف دیہی سیاحتی مقامات کو شناخت اور مقبولیت دلانے میں مدد کرتا ہے اور گاؤں کو اپنے منفرد ثقافتی، قدرتی اور مقامی برادریوں سے وابستہ وسائل کی بنیاد پر سیاحتی تجربات کو وسعت دینے کی ترغیب دیتا ہے۔

دیہی سیاحتی مقامات کی ڈیجیٹل تشہیر

وزارت نے 16 فروری 2023 کو ’رورل ٹورازم ولیج پورٹل‘ (دیہی سیاحتی گاؤں کا پورٹل) شروع کیا۔ یہ پورٹل دیہی سیاحتی مقامات، ہوم اسٹے اور حکومت و سیاحتی صنعت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ دیہی سیاحتی مقامات کی تشہیر ’انکریڈیبل انڈیا‘ ویب سائٹ اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی کی جاتی ہے۔

وزارت نے دیہی سیاحت سے متعلق اقدامات، بشمول بہترین سیاحتی گاؤں کے مقابلے کے لیے، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ٹریول مینجمنٹ (آئی آئی ٹی ٹی ایم) کے ساتھ مرکزی نوڈل ایجنسی کے طور پر بھی کام کیا ہے۔

دیہی اور قبائلی سیاحت کے لیے خصوصی معاونت

سیاحتی مقامات کی ترقی اور تشہیر کے علاوہ، حکومت نے دیہی خاندانوں اور مقامی برادریوں کو معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی کئی اقدامات شروع کیے ہیں، تاکہ وہ سیاحتی سرگرمیوں میں براہِ راست حصہ لے سکیں۔

ڈی اے-جے جی یو اے کے تحت قبائلی علاقوں میں ہوم اسٹے کی ترقی

دھرتی آبا قبائلی گاؤں اتکرش ابھیان (ڈی اے-جے جی یو اے) کے تحت سودیش درشن اسکیم کی ذیلی اسکیم کے طور پر 2025-26 میں شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد 1,000 قبائلی ہوم اسٹے تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت گاؤں کی برادری کی ضروریات کے لیے زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے، فی خاندان دو نئے کمرے تعمیر کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے اور موجودہ کمروں کی تزئین و آرائش کے لیے 3 لاکھ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ 29 ستمبر 2026 تک آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 24.53 کروڑ روپے کے منصوبوں کو منظوری دی جا چکی تھی۔

پردھان منتری مدرا یوجنا کے تحت ہوم اسٹے کے لیے مالی معاونت

مرکزی بجٹ 2025-26 میں پردھان منتری مدرا یوجنا (پی ایم ایم وائی) کے تحت ہوم اسٹے کے لیے ایک الگ زمرہ متعارف کرایا گیا، جس میں دیہی علاقوں کے ہوم اسٹے بھی شامل ہیں۔ اس سہولت کا مقصد چھوٹے پیمانے پر ہوم اسٹے چلانے والوں کو ادارہ جاتی قرضوں تک رسائی فراہم کرنا، دیہی کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنا اور سیاحت کے ذریعے ذریعہ معاش کے اضافی مواقع پیدا کرنا ہے۔

قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے سیاحت کی وزارت نے محکمہ مالیاتی خدمات کے اشتراک سے ستمبر 2025 میں ہوم اسٹے کے لیے مدرا قرضوں سے متعلق ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ہوم اسٹے کے لیے ’مدرا‘ (ایم یو ڈی آر اے) قرضوں سے متعلق رہنما کتابچہ، جو 27 ستمبر 2025 کو جاری کیا گیا، ’جن سمرتھ پورٹل‘ کے ذریعے قرض حاصل کرنے کے لیے اہلیت کے معیار، مطلوبہ دستاویزات اور درخواست دینے کے مرحلہ وار طریقۂ کار کی وضاحت کرتا ہے۔

پریٹن متر اور پریٹن دیدی

27 ستمبر 2024 کو شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد سیاحت سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کے لیے خواتین اور نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس تربیت میں ہوم اسٹے کا انتظام، مقامی کھانوں سے متعلق تجربات، ثقافتی رہنمائی اور قدرتی ماحول سے متعلق رہنمائی شامل ہیں۔ مارچ 2026 تک اس اقدام کے تحت تقریباً 4,382 افراد کو تربیت دی جا چکی تھی۔

قبائلی ہوم اسٹے کے لیے صلاحیتوں میں اضافہ

مارچ 2026 میں قبائلی امور کی وزارت نے انڈین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (آئی ٹی ڈی سی) کے تعاون سے گجرات، اروناچل پردیش اور سکم کے قبائلی ہوم اسٹے چلانے والوں اور ان کے عملے کے لیے ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ اس کا مقصد مقامی برادریوں کی قیادت میں چلنے والے سیاحتی اداروں کو مستحکم بنانا تھا۔

یہ اقدامات دیہی سیاحتی مقامات کی ترقی کو مقامی رہائش کی سہولیات، کاروباری سرگرمیوں اور ہنرمندی کی ترقی سے مربوط کرتے ہیں۔

پائیدار دیہی سیاحت اور مستقبل کا لائحۂ عمل

ہندوستان میں دیہی سیاحت کو ایک ایسے مربوط لائحۂ عمل کے تحت فروغ دیا جا رہا ہے جس میں سیاحتی مقامات کی منصوبہ بندی، مقامی برادریوں کی شراکت داری اور پائیدار سیاحتی طریقوں کو یکجا کیا گیا ہے۔ دیہی سیاحت کی ترقی کے لیے قومی حکمت عملی اور روڈ میپ میں مربوط بنیادی ڈھانچے، ہنرمندی کی ترقی اور تشہیری معاونت کے ذریعے دیہی سیاحتی کلسٹرز کو فروغ دینے کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔

اس حکمت عملی کا ایک اہم پہلو سیاحت کو گاؤں میں موجود وسائل اور اداروں سے مربوط کرنا ہے۔ اس میں پانچ سے سات گاؤں پر مشتمل سیاحتی کلسٹرز کی ترقی کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ حکمت عملی میں سیاحتی مقامات کے انتظامی منصوبے تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے، جن میں آمد و رفت کے رابطوں، صفائی ستھرائی، کچرے کے انتظام، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور مقامی سطح پر منظم سیاحتی تجربات کو شامل کیا جائے۔ سیاحت کی منصوبہ بندی اور ترقی میں پنچایتی راج اداروں، مقامی کاروباری افراد اور گاؤں کی برادریوں کی شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

آئندہ کے لیے توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ دیہی سیاحت کو ایک منظم اور مقامی برادریوں کی شراکت داری پر مبنی معاشی سرگرمی کے طور پر مستحکم کیا جائے۔ سیاحتی کلسٹرز کی ترقی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دیہی سیاحتی مقامات کی تشہیر اور شناخت میں اضافہ، اور مقامی اداروں کی شراکت داری کو فروغ دینا مختلف شعبوں میں دیہی سیاحت کی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ تمام اقدامات دیہی ہندوستان کی ثقافتی اور ماحولیاتی خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحت کے مواقع بڑھانے کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل فراہم کرتے ہیں۔

 

حوالہ جات

وزارت سیاحت

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2237047&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2172092&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/Pressreleaseshare.aspx?PRID=1777305&reg=48&lang=2

https://sansad.in/getFile/lsapps/loksabhaquestions/annex/188/AU2520_WwWdgo.pdf?source=lsapps

https://sansad.in/getFile/loksabhaquestions/annex/187/AU2729_S4AMdg.pdf?source=pqals

https://sansad.in/getFile/loksabhaquestions/annex/187/AU321_uhIKfN.pdf?source=pqals

https://sansad.in/getFile/annex/271/AU3025_DQPk9d.pdf?source=pqars

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2059419&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2036824&reg=48&lang=2

https://www.incredibleindia.gov.in/en/rural-tourism

https://master-tourism.digifootprint.gov.in/static/uploads/2025/06/7cf843f13625000392d95befbb3e0507.pdf

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1989107&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2223766&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2238965&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2059419&lang=2&reg=48

https://www.tourism.gov.in/whats-new/national-strategy-and-roadmap-development-rural-tourism-india-initiative-toward

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2150720&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2223768&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1961216&reg=48&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2204113&reg=48&lang=2

قبائلی امور کی وزارت

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2242751&reg=48&lang=2

وزارت تجارت اور صنعت

https://industries.sikkim.gov.in/circulardoc/circulardoc-B9k2X7QQ9RupRY1josL6WSXO8pWs6y0Bbkc84JFp.pdf

نیتی آیوگ

https://www.niti.gov.in/sites/default/files/2025-08/Rethinking-Homestays-Navigating-Policy-Pathways.pdf

مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ

https://tourism.mp.gov.in/contents?page=homestay&number=jtgYPf+tmICK2N8tHLothw==

محکمہ سیاحت اور شہری ہوا بازی، سکم حکومت

https://www.sikkim.gov.in/media/press-release/press-info?name=Press+Release+from++Tourism+and+Civil+Aviation+Department++Government+of+Sikkim&id=164987

محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ، حکومت سکم

https://www.sikkim.gov.in/uploads/SikkimHerald/aug_15_0_20260817.pdf#page=3

پی ڈی ایف دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

***

(ش ح۔اس ک  )

UR-8449


(ریلیز آئی ڈی: 2343430) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil