وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

سی سی آر اے ایس-سی اے آر آئی کے زیر اہتمام یکم دسمبر کو نئی دہلی میں ’ابھیودے درشن 2026‘ اوپن ہاؤس کا اہتمام


اوپن ہاؤس میں آیورویدک تحقیق، سائنسی ترقیات اور سائنسی شواہد پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات کی نمائش

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 10:24PM by PIB Delhi

مرکزی کونسل برائے آیورویدک علوم میں تحقیق (سی سی آر اے ایس)، وزارت آیوش کے تحت، مرکزی آیورویدک تحقیقی ادارہ (سی اے آر آئی)، نئی دہلی یکم دسمبر 2026 کو نئی دہلی میں ’ابھیودے درشن 2026 – اوپن ہاؤس‘ کا انعقاد کرے گا۔

سی اے آر آئی کے انچارج ڈاکٹر ہیمنت پانگریہی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھیودے درشن 2026 ایک ملک گیر پہل ہے، جس کا انعقاد سی سی آر اے ایس کے تمام 30 ذیلی اداروں میں کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد کونسل کی تحقیقی کامیابیوں، سائنسی ترقیات اور شواہد پر مبنی آیوروید کے فروغ میں اس کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261128222531_4ba178.jpg

اس پہل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر پانگریہی نے کہا کہ ابھیودے درشن کا مقصد آیوروید کے قدیم علم کو عصری سائنسی تحقیق سے جوڑنا اور معاشرے میں اس کی افادیت کو مزید اجاگر کرنا ہے۔ اوپن ہاؤس کے ذریعے طلبہ، نوجوان محققین اور عام لوگوں کو سی سی آر اے ایس کی جانب سے انجام دیے جانے والے سائنسی کاموں کو سمجھنے اور جامع صحت و تندرستی کے فروغ میں آیوروید کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261128222537_dc406a.jpg

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آیوروید کی ترقی کے لیے مبالغہ آمیز دعووں کے بجائے سخت تحقیقی عمل، مستند سائنسی شواہد اور ذمہ دارانہ ابلاغ ضروری ہے۔ اس پہل کا مقصد روایتی علم کو سائنسی اعتبار سے بامعنی صحت کی دیکھ بھال کے حل میں تبدیل کرنا اور شفافیت، عوامی شمولیت اور شواہد پر مبنی آیوروید پر اعتماد کو فروغ دینا ہے۔

’روایتی دانش سے سائنسی شواہد تک‘ کے موضوع پر نئی دہلی کے سی اے آر آئی میں منعقد ہونے والے اوپن ہاؤس میں سات اہم موضوعاتی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی:

1۔ انوسندھان پردرشنی: سائنسی کامیابیوں، مصنوعات، مطبوعات اور عملی مظاہروں پر مشتمل تحقیقی نمائش۔

2۔ درویہ درشن: ادویاتی پودوں کے باغات، خام ادویاتی اجزا اور ملاوٹ شدہ اشیا کی شناخت کا جائزہ۔

3۔ گرنتھ درشن: مخطوطات، آیوروید کی قدیم کتابوں اور انہیں ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنے کے اقدامات کی نمائش۔

4۔ وگیانک سمواد: سائنس دانوں کے ساتھ تبادلۂ خیال اور سی سی آر اے ایس کی اسکیموں اور مواقع سے متعلق معلومات۔

5۔ جِگیاسا کیندر: طلبہ کے لیے مخصوص گوشہ، جس میں سوال و جواب کے مقابلے اور سائنس دان سے سوال کرنے کے خصوصی اجلاس شامل ہوں گے۔

6۔ آروگیہ سمواد: مجموعی صحت و تندرستی کے لیے روزمرہ معمولات (دن چریا)، موسمی معمولات (رتو چریا)، صحت بخش غذائی عادات اور فطری مزاج (پرکرتی) سے متعلق بیداری کے اجلاس۔

7۔ انوسندھان سیتو: باہمی تعاون اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے معالجین، صنعتی شعبے کے نمائندوں، نئے کاروباری اداروں اور کسانوں کو جوڑنے کا ایک پلیٹ فارم۔

یہ پہل طلبہ، محققین، ماہرین تعلیم اور دیگر متعلقہ فریقوں کو آیورویدک تحقیق، جڑی بوٹیوں، روایتی لٹریچر اور عصری سائنسی ترقیات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ایک باہمی تبادلۂ خیال کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

مرکزی آیورویدک تحقیقی ادارہ، نئی دہلی نے طلبہ، محققین، ماہرین تعلیم، آیوروید کے معالجین، صنعتی شعبے کے نمائندوں اور عام لوگوں کو اوپن ہاؤس میں شرکت اور ادارے کی تحقیقی و سائنسی سرگرمیوں سے واقفیت حاصل کرنے کی دعوت دی ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8443


(ریلیز آئی ڈی: 2343365) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: Assamese , English , हिन्दी