پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 7:55PM by PIB Delhi
45واں بین الاقوامی بھارتی تجارتی میلہ (آئی آئی ٹی ایف) 2026 جمعہ، 27 نومبر کو قومی دارالحکومت نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس میلے کے دوران وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے پویلین میں مجموعی طور پر 2.38 کروڑ روپے کی فروخت درج کی گئی۔ میلے کا انعقاد 14 سے 27 نومبر 2026 تک کیا گیا۔
نمائش میں آنے والے لوگوں کی جانب سے ملنے والا زبردست ردعمل ملک بھر کی مقامی مصنوعات، روایتی دستکاری اور دستکاروں کی کاروباری صلاحیتوں کے لیے بڑھتی ہوئی قدر دانی کی عکاسی کرتا ہے۔
45ویں آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کے پویلین کا کامیاب اختتام اس اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ دستکاروں کو ایسے پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں جو ان کی روایتی مہارتوں اور مصنوعات کو وسیع تر بازاروں سے جوڑیں، تاکہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے اور زیادہ خود انحصاری کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔


نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں آئی ٹی پی او کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہال نمبر 5 میں قائم وزارت کے پویلین نے ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے، روایتی ہنرمندی اور مقامی دستکاری کو پیش کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔ 19 ریاستوں کے 130 سے زائد دستکاروں کی شرکت نے انہیں اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے، صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے اور اپنی مصنوعات کی منڈی تک رسائی کو وسعت دینے کا موقع فراہم کیا۔


وزارت کے ایک سینئر عہدیدار سنجے شرما نے بتایا کہ دستکاروں نے وزارت کے تین اعلیٰ مالیاتی اداروں کے ذریعے اس میلے میں شرکت کی۔ ان میں نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی شرکت درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات، صفائی متروں اور ڈی نوٹیفائیڈ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹیز) سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور کاروباری افراد کے لیے کاروبار کو فروغ دینے، بازاروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کی وزارت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔


سنجے شرما نے بتایا کہ پویلین میں روایتی ہینڈلوم مصنوعات، نفیس ڈیزائن والی دستکاری کی اشیا، ہاتھ سے تیار کردہ زیورات، ٹیکسٹائل، جوتے، ہاتھ سے بنی مختلف اشیا اور دیگر مقامی مصنوعات کی وسیع رینج پیش کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف خطوں کی منفرد فنکارانہ شناخت اور ثقافتی تنوع کی نمائندگی کرنے والی ان مصنوعات نے میلے میں آنے والوں کو ہندوستان کی دستکاری کی مالا مال روایات سے واقف ہونے اور ان کی قدر و ستائش کرنے کا موقع فراہم کیا۔

سنجے شرما نے بتایا کہ وزارت کی شرکت کی ایک اہم خصوصیت ٹیولپ (روایتی دستکاروں کے روزگار کو فروغ دینے کا پروگرام) کو فروغ دینا تھا، جس کا مقصد دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے بازار میں ایک الگ شناخت قائم کرنا اور صارفین کے درمیان ان کی پہچان کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے وزارت روایتی دستکاری اور موجودہ دور کی بازاری ضروریات کے درمیان فاصلے کو کم کرنے، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنے اور دستکاروں کے لیے آمدنی کے پائیدار مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


عہدیدار نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 کے دوران حوصلہ افزا فروخت اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ قومی سطح کی نمائشیں روایتی دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور انہیں زیادہ نمایاں کرنے، صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے، صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کو سمجھنے، کاروباری روابط قائم کرنے اور بازار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارموں میں شرکت سے کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، صارفین کی تعداد بڑھانے اور کاروبار کے پائیدار امکانات پیدا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔


سنجے شرما نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت نے جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے، روایتی دستکاری کے تحفظ، نچلی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو مضبوط بنانے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے اپنے عزم کی توثیق کی ہے۔ یہ کوششیں ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کے وژن سے ہم آہنگ ہیں، جس کی رہنمائی وزیراعظم نریندر مودی کے اصول ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘ سے ہوتی ہے۔


*****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8431)