گوا، 28 نومبر 2026
روبی گریوال کی ہدایت کاری، پربھلین سندھو کی تخلیق اور آل مائیٹی موشن پکچر کے ذریعے تیار کردہ ہندی ڈاکیودراما سیریز ’میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری‘ نے گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) میں بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) ایوارڈ 2026 اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ ایوارڈ آج رات فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں پیش کیا گیا۔
اس سیریز کا انتخاب اس سال موصول ہونے والی کُل 46 انٹریوں میں سے، بھارتی زبانوں کی پانچ شارٹ لسٹ شدہ سیریز میں سے کیا گیا تھا۔ دیگر شارٹ لسٹ کی گئی سیریز میں چندرکانت لتا گائیکواڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دیوکیل‘ (مراٹھی)، روچیر ارون کی ہدایت کاری میں بننے والی ’مسافر کیفے‘ (ہندی)، دیوا کٹا کی ہدایت کاری میں بننے والی ’مایا سبھا‘ (تیلگو)، اور ہیمانک گور کی ہدایت کاری میں بننے والی ’آدرش بال ودیالیہ‘ (ہندی) شامل تھیں۔
جیوری کی جانب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے، چیئرپرسن جناب جمناداس مجیٹھیا نے انتخاب کے عمل کا خاکہ پیش کیا اور زور دے کر کہا کہ حتمی پانچ نامزدگیوں کے تعین سے قبل ابتدائی طور پر 12 اندراجات کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جیوری نے ایسی کہانیوں کی تلاش کی جو بھارتیوں کے دلوں کو چھو لیں، ملک کے جذبے کی عکاسی کریں اور ناظرین کو تحریک دیں۔ انھوں نے ویب سیریز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی اجاگر کیا جن سے اہلِ خانہ ایک ساتھ لطف اندوز ہو سکتے ہیں، اور نامزدگیوں میں شامل کہانیوں کے تنوع کی ستائش کی۔
جیوری نے مقامی صنعت و حرفت اور بھارت کی صنعتی کام یابیوں کا جشن منانے پر فاتح سیریز کی ستائش کی اور زور دے کر کہا: ”کام یابی کی کہانیاں بیان کیے جانے اور ان کا جشن منائے جانے کی مستحق ہیں۔ خاص طور پر صنعتی کام یابیاں، کاروباری عزم، ثابت قدمی اور وژن کے حوالے سے گراں قدر اسباق فراہم کرتی ہیں۔ یہ سیریز اس جذبے کی خوب صورتی سے عکاسی کرتی ہے اور پورے بھارت میں خوابوں کی تعبیر اور امنگوں کی تکمیل کی ایسی مزید داستانوں کے لیے راہ ہم وار کرتی ہے۔ یہ ایسی کہانیاں ہیں جو نسلوں کے لیے باعثِ تحریک ہونے کی وجہ سے دیکھے جانے، شیئر کیے جانے اور سراہے جانے کے قابل ہیں۔“
ڈیجیٹل کہانی کاری کے وسعت پذیر منظر نامے کی پذیرائی کے لیے سال 2023 میں 54ویں اِفی کے موقع پر شروع کیا گیا ’بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) ایوارڈ‘ ایک سرٹیفکیٹ اور 10 لاکھ روپے کے نقد انعام پر مشتمل ہے، جو ہدایت کار، کریئیٹر اور پروڈیوسر کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔
جون 2026 میں ایمیزون ایم ایکس پلیئر پر پیش کی جانے والی ’میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری‘ چھ اقساط پر مشتمل ایک ہندی ڈاکیودراما ہے، جو بھارت کے ایک ممتاز کنزیومر برانڈ کے عروج کی داستان بیان کرتا ہے۔ جناب ونے کامت کی کتاب ’TITAN: Inside India’s Most Successful Consumer Brand‘ سے ماخوذ اس سیریز میں جناب جم ساربھ نے زرکس دیسائی اور جناب نصیر الدین شاہ نے جے آر ڈی ٹاٹا کا کردار ادا کیا ہے۔
یہ ایوارڈ 57ویں اِفی کی اختتامی تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں شامل تھا، جس کے ساتھ ہی بین الاقوامی سنیما اور ثقافتی تبادلے پر مبنی نو روزہ سرگرمیاں اختتام پذیر ہوئیں۔
ایوارڈ کے لیے جیوری کی پریس کانفرنس یہاں ملاحظہ کریں:
اِفی لائیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 8433