گوا، 28 نومبر 2026
ایک کنبے کی تشکیل کن چیزوں سے ہوتی ہے؟ کیا خاندانی رشتے، ایک ہی گھر میں رہنا یا وہ محبت اور اپنائیت کے بندھن جو لوگ وقت کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ قائم کرتے ہیں؟ یہی سوال 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (افّی) کی اختتامی فلم ’وی آر آل اسٹرینجرز‘کا مرکزی موضوع ہے۔ہدایت کار انتھونی چن کی یہ 157 منٹ طویل فلم مینڈارن اور انگریزی زبان میں بنائی گئی ہے۔ اس میں خاندانی رشتوں، جوانی سے عملی زندگی میں قدم رکھنے کے دوران پیش آنے والی غیر یقینی صورتِ حال اور اپنائیت و تعلق کے حقیقی مفہوم کو پیش کیا گیا ہے۔فلم کے موضوعات پر سنگاپور کے اداکاروں کو جیا لیر اور ریجین لم نے آج گوا میں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔یہ فلم ہدایت کار انتھونی چن کی فلمی سیریز ’گروئنگ اَپ ٹرائیلوجی‘ کی تیسری اور آخری کڑی ہے۔ اس سے قبل اس سیریز کی دو فلمیں ’آئیلو آئیلو‘ (2013) اور ’ویٹ سیزن‘ (2019) ریلیز ہوچکی ہیں۔
عصرِ حاضر کے سنگاپور کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی 21 سالہ نوجوان جون یانگ اور اس کے والد بون کیات کے گرد گھومتی ہے۔ ان کی زندگی میں نئے رشتوں اور غیر متوقع ذمہ داریوں کے آنے سے حالات بدلنے لگتے ہیں۔ جب چار افراد ایک ہی گھر میں رہنے لگتے ہیں تو کہانی خاندانی رشتوں، عملی زندگی میں قدم رکھنے کے دوران پیش آنے والی غیر یقینی صورتِ حال اور ان لوگوں کے درمیان رفتہ رفتہ پروان چڑھنے والے تعلقات کو اجاگر کرتی ہے، جو ابتدا میں ایک دوسرے کو سمجھنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔
فلمی سلسلے ’گروئنگ اَپ ٹرائیلوجی‘ کے ساتھ اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کوہ نے کہا کہ ان فلموں کے ساتھ ساتھ بطور اداکار ان کی اپنی شخصیت اور صلاحیتوں میں بھی نکھار آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 8 ہزار بچوں میں سے ان کا انتخاب کیا گیا تھا۔ جب انہوں نے انتھونی چن کے ساتھ کام شروع کیا تو انہیں اداکاری کی کوئی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں تھی۔ان کے مطابق اسکول کی چھٹیوں کے دوران شروع ہونے والا یہ کام ابتدا میں ایک خوشگوار تجربہ تھا، لیکن بعد میں ہدایت کار کے ساتھ مسلسل کام کرنے کے نتیجے میں سنیما اور اداکاری کے فن سے ان کی دلچسپی مزید گہری ہوتی چلی گئی۔
اپنے کردار جون یانگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کوہ نے کہا کہ اسے ایک طرف خاندانی ذمہ داریاں سنبھالنی پڑتی ہیں تو دوسری جانب وہ معاشرے میں اپنی جگہ تلاش کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی کے بعض ذاتی تجربات بھی فلم کی کہانی میں شامل ہوئے ہیں۔ان کے مطابق عملی زندگی میں قدم رکھنے، مشکل فیصلے کرنے اور زندگی میں اپنی صحیح سمت تلاش کرنے کے چیلنجز ایسے تجربات ہیں جن سے دنیا بھر کے نوجوان خود کو جوڑ سکتے ہیں۔
فلم کے عنوان کی اہمیت واضح کرتے ہوئے اس میں لیڈیا کا کردار ادا کرنے والی ریجین لم نے کہا کہ بعض اوقات خونی رشتوں میں بندھے ہوئے لوگ بھی، جیسے فلم میں باپ اور بیٹے کا رشتہ، ایک دوسرے کے لیے اجنبی بنے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب چار افراد ایک ہی چھت کے نیچے رہنا شروع کرتے ہیں تو وہ رفتہ رفتہ ایک دوسرے کو سمجھنا اور قبول کرنا سیکھتے ہیں۔ اس طرح انہیں احساس ہوتا ہے کہ خاندان صرف خونی رشتوں سے نہیں بنتا بلکہ باہمی سمجھ بوجھ، ایک دوسرے کو قبول کرنے اور جذباتی وابستگی سے بھی خاندانی رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔
ریجین لم نے نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سے کمیونیکیشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اداکاری کے میدان میں واپسی کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس تعلیم نے ان کے اندر اداکاری کے فن میں دلچسپی کو ایک بار پھر بیدار کیا۔ان کے مطابق سنیما ایک ایسا ذریعہ ہے جو ناظرین کو اپنی زندگی سے مختلف لوگوں، ممالک اور ثقافتوں کو جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
کوہ نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم بین الاقوامی ناظرین کو سنگاپور کے لوگوں کی روزمرہ زندگی سے روشناس کرائے گی، تاکہ وہ ملک کی خوشحالی کی معروف تصویر سے آگے بڑھ کر وہاں کے عام لوگوں کے حقیقی حالات اور زندگی کو بھی سمجھ سکیں۔خاندان، ذمہ داریوں اور عملی زندگی میں قدم رکھنے کے دوران پیش آنے والی غیر یقینی صورتِ حال کی جذباتی عکاسی کے ذریعے فلم ’وی آر آل اسٹرینجرز‘ آئی ایف ایف آئی 2026 کے موضوع ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘کے لیے ایک موزوں اختتامی فلم ثابت ہوتی ہے۔فلم میں اپنائیت، باہمی تعلقات اور انسانی رشتوں کی عکاسی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ جذبات اور زندگی کے تجربات مختلف ثقافتوں اور جغرافیائی سرحدوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی ایک دوسرے سے جوڑ سکتے ہیں۔
اس پریس کانفرنس کی نظامت جناب کرن مرلی نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:۔
افّی لائڈ کے لیے یہاں کلک کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
********
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 8415