پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 3:27PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 29 نومبر 2026 کو شام 6 بجے نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں بھارت رتن ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کے صد سالہ یومِ پیدائش کی تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا 8 ستمبر 1926 کو آسام کے شہر سادیا میں پیدا ہوئے۔ وہ محبت سے ’سدھاکنٹھ‘ اور ’برہم پتر کے شاعر‘ کے نام سے یاد کیے جاتے ہیں۔ آسام اور ملک کی ثقافتی تاریخ میں انہیں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ وہ ایک عظیم گلوکار، موسیقار، نغمہ نگار، فلم ساز اور ادیب تھے۔ انہوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے عام لوگوں کے جذبات، احساسات اور امنگوں کو آواز دی۔آسام اور شمال مشرقی ہندوستان کی لوک روایات سے جڑی ان کی موسیقی نے زبان اور جغرافیہ کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے سامعین تک اس خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے کو پہنچایا۔
فن کے میدان میں نمایاں خدمات کے علاوہ ڈاکٹر ہزاریکا ایک انسان دوست اور سماجی مفکر بھی تھے۔ ان کی تخلیقات میں مساوات، انسانی وقار، سماجی ہم آہنگی اور عالمی بھائی چارے کا پیغام نمایاں تھا۔ انہوں نے آسام کی ثقافتی شناخت کو مضبوط بنانے اور ہندوستان کے متنوع ثقافتی ورثے کو مالا مال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ہندوستانی موسیقی، سنیما اور ثقافت کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئی باوقار اعزازات سے نوازا گیا، جن میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی شامل ہے۔ سال 2019 میں انہیں بعد از وفات ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ سے سرفراز کیا گیا۔
ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کے صد سالہ یومِ پیدائش کی تقریبات کا آغاز 8 ستمبر 2025 کو ہوا تھا۔ ان تقریبات کے ذریعے موسیقی، ادب، سنیما اور سماج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو یاد کرنے اور نئی نسلوں تک پہنچانے کا موقع ملا۔ اس دوران ان کے نظریات کی اہمیت، تخلیقی صلاحیتوں کی لازوال کشش اور انسانیت، ہم آہنگی و عالمی بھائی چارے کے پیغام کو بھی اجاگر کیا گیا۔
********
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 8413