پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 2:17PM by PIB Delhi
وزارتِ دفاع، حکومتِ ہند کے تحت ڈیفنس ہیڈکوارٹرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (ڈی ایچ ٹی آئی)کی جانب سے فجی کی وزارتِ دفاع و امورِ سابق فوجیان کے افسران کے لیے منعقد کیے گئے پہلے بین الاقوامی تربیتی پروگرام ’’ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے لیے دفاعی نظم و نسق اور عوامی انتظامیہ میں عالمی قیادت کا پروگرام‘‘ کا پہلا مرحلہ 27 نومبر 2026 کو لامی، سووا میں اختتام پذیر ہوگیا۔اس تربیتی پروگرام میں اچھی حکمرانی، دفاعی خریداری، حکومتی امور میں اخلاقیات، صلاحیتوں کا انتظام اور استعداد سازی، انتظامی قانون، عوام مرکوز حکمرانی، دفاعی شعبے میں آڈٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مقصد پر مبنی قیادت، اسٹریٹجک مواصلات اور دفاعی شعبے کے رہنماؤں کے لیے جذباتی ذہانت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
تقریباً دو ہفتوں پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب میں فجی کی وزارتِ دفاع و امورِ سابق فوجیان کے قائم مقام مستقل سکریٹری جناب ایرونی روکسی اور فجی میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے سیکنڈ سکریٹری (سیاسی امور و سربراہِ دفتر) جناب رنجیت کمار نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایچ ٹی آئی کے اساتذہ اور تربیتی پروگرام میں شریک افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب ایرونی روکسی نے ڈی ایچ ٹی آئی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس تربیتی پروگرام کے مؤثر نصاب نے شرکاء کی صلاحیتوں اور سوچ کے انداز میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے انتظامی امور، شفافیت اور جواب دہی، مالیاتی انتظام، رویّوں اور قائدانہ صلاحیتوں، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں شرکاء کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
تربیت کے دوسرے مرحلے کا انعقاد 2027 کی پہلی سہ ماہی میں نئی دلّی میں دو ہفتوں کے لیے کیا جائے گا۔یہ پروگرام دفاعی اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافے اور پیشہ ورانہ تربیت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈی ایچ ٹی آئی کے عزم کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔
********
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 8408