کارپوریٹ امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستانی ادارۂ کارپوریٹ امور اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ری سیٹلمنٹ کی جانب سے دفاعی افسران کے لیے کارپوریٹ نظم و نسق میں ڈائریکٹروں کی سند کا چھٹا دور مکمل


چھٹے دور کے پروگرام کے تحت فوج، بحریہ اور فضائیہ کے 30 سینئر افسران کو مانسیر میں واقع ہندوستانی ادارۂ کارپوریٹ امور کے کیمپس میں تربیت، تاکہ وہ کمپنیوں کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں

اگست 2024 سے اب تک مجموعی طور پر 150 افسران کو تربیت دی جا چکی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 1:11PM by PIB Delhi

ہندوستانی ادارۂ کارپوریٹ امور (آئی آئی سی اے)، وزارتِ کارپوریٹ امور کے ایک فکری ادارے نے وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ری سیٹلمنٹ (ڈی جی آر) کے اشتراک سے مانسیر میں واقع آئی آئی سی اے کیمپس میں دفاعی افسران کے لیے کارپوریٹ نظم و نسق میں ڈائریکٹروں کی سند کے کورس کے چھٹے دور کا اختتام کیا۔ دو ہفتے پر مشتمل یہ پروگرام 16 نومبر کو شروع ہوا اور 27 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوا، جس میں تینوں افواج کے 30 سینئر افسران نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر جناب پی۔ ڈینیئل، کل وقتی رکن، قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی (این ایف آر اے)، جناب انوپ کمار پجاری، سابق سکریٹری، حکومتِ ہند، اور جناب گیانیشور کمار سنگھ، ڈائریکٹر جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، آئی آئی سی اے موجود تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261128131157_0ce776.jpg

یہ پروگرام افسران کو کارپوریٹ شعبے میں بورڈ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہیں کارپوریٹ نظم و نسق کے ضابطہ جاتی ڈھانچے، کارپوریٹ تعمیل، مالیاتی گوشواروں اور خطرے کی نشان دہی کرنے والے عوامل کی تفہیم، نیز بورڈ کے ارکان کے کردار اور ذمہ داریوں سے روشناس کرایا جاتا ہے۔ اس میں بورڈ کی مختلف کمیٹیوں، مثلاً آڈٹ کمیٹی، نامزدگی و معاوضہ کمیٹی، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کمیٹی اور خطرات کے انتظام سے متعلق کمیٹیوں کے فرائض بھی شامل ہیں۔

یہ پروگرام کارپوریٹ نظم و نسق کے حالیہ رجحانات، مثلاً ادارہ جاتی خطرات کے انتظام (ای آر ایم)، ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی عوامل (ای ایس جی) اور پائیداری، جغرافیائی سیاست اور اقتصادیات، کارپوریٹ قرض ادا کرنے کی صلاحیت، سرمایہ بازار کے مالیاتی ذرائع، داخلی مالیاتی کنٹرول اور بورڈ کے اجلاسوں میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔ اس میں تجرباتی اور مطالعاتی مثالوں پر مبنی سیکھنے کے طریقے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

آئی آئی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، جناب گیانیشور کمار سنگھ نے تقسیمِ اسناد کی تقریب میں افسران کی ستائش کی اور پروگرام کے لیے 30 سینئر افسران نامزد کرنے پر وزارتِ دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام کارپوریٹ بورڈز کے لیے تربیت یافتہ ارکان کی کمی کو دور کرنے میں معاون ہے اور اب تک 150 افسران کو آزاد ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے کامیابی کے ساتھ تیار کر چکا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261128131205_af9c19.jpg

کارپوریٹ نظم و نسق اور بورڈز کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے زور دیا کہ بورڈ کی بہترین کارکردگی ڈائریکٹروں کی جانب سے بورڈ کے طریقۂ کار اور عملی امور میں گہری شمولیت، سوالات کرنے اور متعلقہ معلومات حاصل کرنے کے ذریعے یقینی بنائی جا سکتی ہے، تاکہ باخبر فیصلے کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ پروگرام کے دوران حاصل ہونے والی تعلیمات کو بورڈ کے اجلاسوں میں بروئے کار لائیں، بہتر نظم و نسق کے طریقوں کو فروغ دیں اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کارپوریشنوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بورڈ میں اثر و رسوخ اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے خود مختاری نہایت اہم ہے، جو کردار، فیصلہ سازی کی صلاحیت اور طرزِ عمل سے وابستہ ایک وصف ہے۔

قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی (این ایف آر اے) کے کل وقتی رکن، جناب پی۔ ڈینیئل نے آزاد ڈائریکٹروں کے کردار میں اعتماد اور دیانت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آڈٹ کے معیار اور مالیاتی انکشافات کو بہتر بنانے میں این ایف آر اے کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور بورڈ کے ارکان کے اہم کردار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان میں قیادت کی صلاحیت، مناسب احتیاط اور نگرانی کا وصف ہونا ضروری ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261128131211_a15385.jpg

انہوں نے ایک مؤثر ڈائریکٹر کے لیے چھ اہم اصول بیان کیے، جن میں ایجنڈے کے دستاویزات کا بغور مطالعہ، بالخصوص نقدی کی صورتِ حال سے متعلق اعداد و شمار کی بنیاد پر معاملات کو سمجھنا، بورڈ کے اجلاسوں میں سوالات کرنا اور تجاویز پر تنقیدی غور کرنا، خود مختاری کا تحفظ، متعلقہ فریقوں اور عام لوگوں کے مفاد میں اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہنا، اور کمپنی میں بدعنوانیوں یا بے ضابطگیوں کی اطلاع دینے سے متعلق پالیسی پر مناسب عمل درآمد کو یقینی بنانا شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261128131218_b9e0b9.jpg

آئی آئی سی اے کے اسکول آف کارپوریٹ گورننس اینڈ پبلک پالیسی کے سربراہ، ڈاکٹر نیرج گپتا اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ، ڈی جی آر کے گروپ کیپٹن سشانت بسواس، وی ایس ایم نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کورس کے احاطۂ کار کی رپورٹ پیش کی۔ پروگرام کی ہم آہنگی آئی آئی سی اے کے چیف پروگرام ایگزیکٹو، جناب منوج سنگھ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ری سیٹلمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل ساکشم شرما نے انجام دی۔

 

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8410


(ریلیز آئی ڈی: 2343044) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil