قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی
azadi ka amrit mahotsav

قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی اور سوسائٹی آف آڈیٹرز، چنئی کی جانب سے بہتر مالیاتی رپورٹنگ کے نظام کی تشکیل اور آڈٹ کے معیار میں بہتری کے موضوع پر آڈٹ کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے رابطہ پروگرام کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 1:07PM by PIB Delhi

آڈٹ کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے رابطہ پروگراموں اور ورکشاپوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی (این ایف آر اے) نے حال ہی میں 21 نومبر 2026 کو چنئی میں سوسائٹی آف آڈیٹرز، چنئی کے اشتراک سے ایک روزہ رابطہ پروگرام اور ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا موضوع ’’بہتر مالیاتی رپورٹنگ کے نظام کی تشکیل‘‘ تھا۔ اس رابطہ پروگرام میں 200 سے زائد پیشہ ور افراد نے شرکت کی، جس کا مقصد آڈٹ کے معیار کو بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرنا تھا۔

چنئی میں منعقدہ ورکشاپ کا افتتاح این ایف آر اے کے چیئرمین جناب نتن گپتا نے کیا۔ جناب گپتا نے 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے، عوامی مفادات کے تحفظ اور مالیاتی رپورٹنگ میں اعتماد قائم کرنے کے لیے اس پیشے کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ سمیت ایک مضبوط مالیاتی رپورٹنگ نظام سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جناب نتن گپتا نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر آڈٹ فرموں کو آڈٹ کے معیار پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور بڑی و پیچیدہ اداروں کے آڈٹ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔

این ایف آر اے کی کل وقتی رکن محترمہ اسمتا جھنگران نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔ انہوں نے آڈٹ کے معیار کو بہتر بنانے میں این ایف آر اے کی نگرانی اور احتسابی عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو سالانہ معائنوں کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔

رابطہ پروگرام میں آڈٹ کے طریقۂ کار کے اہم پہلوؤں پر مرکوز تکنیکی اجلاس شامل تھے، جن میں آڈٹ حکمتِ عملی کی دستاویز بندی، آڈٹ کے لیے نمونوں کا انتخاب، اہم غلط بیانی کے خطرات اور آڈٹ کی تکمیل جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ضابطہ کار کے نقطۂ نظر اور خیالات سے آگاہی حاصل کرنے اور آرا و تجاویز وصول کرنے کے لیے این ایف آر اے کے چیئرمین جناب نتن گپتا اور کل وقتی رکن محترمہ اسمتا جھنگران نے ایک کھلی نشست بھی منعقد کی، جس میں آزادانہ اور بے تکلف گفتگو ہوئی اور سوالات کے جوابات دیے گئے۔

ورکشاپ میں بڑی تعداد میں آڈٹ کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد نے سرگرمی اور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ مختلف نوعیت اور حجم کی فرموں سے تعلق رکھنے والے شرکا کی موجودگی نے بامعنی تبادلے، مختلف نقطۂ نظر کے اظہار اور آڈٹ کے معیار سے متعلق چیلنجوں پر گفتگو کے مواقع فراہم کیے، جس سے مجموعی تبادلۂ خیال مزید مفید اور نتیجہ خیز بنا۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8409


(ریلیز آئی ڈی: 2343022) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil