57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

57 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں ’دی ریور ٹرین‘ کی پوری ٹیم کے ایک بچے کی دنیا میں اتر جانے کی داستان


ارجنٹینا کی یہ فیچر فلم بچپن کے خوابوں اور باہمی تعاون کے جذبے کو یکجا کرتی ہے

فلم ’دی ریور ٹرین‘ نامعلوم دنیا کو کھوجنے اور زندگی میں اپنا راستہ خود تلاش کرنے کی آفاقی خواہش کی عکاسی کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 7:40PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342857Views: 2

گوا، 27 نومبر 2026

ہسپانوی زبان کی فلم ’دی ریور ٹرین‘ کی کاسٹ اور عملے—جن میں پروڈیوسر ویلنٹائن ٹورے اور اداکارہ ریٹا پالز شامل ہیں—نے آج گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) کے موقع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر گفتگو کی کہ کس طرح اعتماد، دوستی اور حساسیت نے اس فلم کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کیا۔ لورینزو فیرو اور لوکاس اے وگنالے کی ہدایت کاری میں بننے والی ارجنٹینا کی اس 75 منٹ طویل ہسپانوی فیچر فلم کا بھارت میں پہلا پریمیئر 'افی 2026' کے بین الاقوامی مقابلے کے زمرے میں ہوا۔

ارجنٹینا کے میدانی علاقے 'پامپاس' کے پس منظر میں بنی اس فلم کی کہانی نو سالہ میلو کے گرد گھومتی ہے، جو ارجنٹینا کا روایتی لوک رقص 'مالامبو' سیکھ رہا ہے، مگر اس کا خواب ٹرین کے ذریعے دارالحکومت بیونس آئرس جانا ہے—ایک ایسا شہر جسے اس نے صرف فلموں میں ہی دیکھا ہے۔ جب وہ اکیلے اس سفر پر نکلتا ہے، تو نئے اور اجنبی تجربات اور تنہائی کے لمحات اسے ایک ایسی دنیا دریافت کرنے کا موقع دیتے ہیں جو دوسروں کی جانب سے اس پر عائد توقعات سے بالکل الگ ہے۔ اس کا یہ سفر بچپن کی معصومیت، آزادی اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی راہ میں آنے والی مشکلات کو اجاگر کرتا ہے۔

اس پروجیکٹ کے آغاز کو یاد کرتے ہوئے مسٹر ٹورے نے بتایا کہ اس کی شروعات دوستوں کے درمیان ایک چھوٹی سی فلم بنانے کی غیر رسمی دعوت سے ہوئی تھی۔ جو کام ایک معمولی سی کوشش کے طور پر شروع ہوا تھا، وہ باہمی اعتماد اور اجتماعی محنت کے ذریعے بتدریج ایک مکمل فیچر فلم کی شکل اختیار کر گیا اور بالآخر برلن، سان سیباسٹین اور بیونس آئرس کے فلمی میلوں میں بین الاقوامی ناظرین تک جا پہنچا۔

فلم میں پروفیسر کا کردار ادا کرنے والی محترمہ پالز نے میلو بیریا کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کی، جو ایک کم عمر مالامبو رقاص ہیں اور جنہیں اس سے قبل اداکاری کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بچے سے کسی روایتی فلمی سیٹ کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کی توقع رکھنے کے بجائے، فلمی عملے نے اپنے کام کرنے کے طریقوں کو اس کی ضروریات اور مزاج کے مطابق ڈھال لیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس لچک نے کم عمر اداکار کو پورے تخلیقی عمل کا محور بنے رہنے کا موقع فراہم کیا۔

فلم کے ویژول اسٹائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے پروڈیوسر نے وضاحت کی کہ ’4:3 اسپیکٹ ریشو‘ہدایت کاروں کی کلاسک سنیما سے وابستگی اور پسندیدگی سے متاثر ہو کر اپنایا گیا، جبکہ اس سے ٹیم کو اپنے پروڈکشن بجٹ کے اندر رہ کر کام کرنے میں بھی مدد ملی۔ فلم کے بعض حصوں میں بلیک اینڈ وائٹ منظر کشی کا استعمال پرانے دور کے سنیما کا ماحول پیدا کرتا ہے اور کہانی کو ایک خوابناک کیفیت بخشتا ہے۔

مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر ٹورے نے بتایا کہ ان کی ٹیم 2027 میں دو بھائیوں کے سفر پر مبنی ایک روڈ فلم ’پلان دے فوگا‘ کی شوٹنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے اسپین میں فلم ’دی ریور ٹرین‘ کی حالیہ سنیما ریلیز کا بھی ذکر کیا اور مستقبل میں بھارت کے ساتھ فلم سازی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کی امید ظاہر کی۔

میلو کے سفر کے ذریعے فلم ’دی ریور ٹرین‘ نامعلوم دنیا کو کھوجنے اور زندگی میں اپنا راستہ خود تلاش کرنے کی آفاقی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔ اس فلم کی تیاری اس بات کی یاد دہانی بھی کراتی ہے کہ جب تخلیقی لگن کے ساتھ ہمدردی اور اجتماعی محنت شامل ہو جائے، تو معمولی شروعات سے بھی بامعنی سنیما جنم لے سکتا ہے۔

اس اجلاس کی نظامت انوشکا سرکار نے کی۔

مکمل پریس کانفرنس یہاں ملاحظہ کریں:

اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

**********

 

(ش ح –ا ب ن)

U.No:8396


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342857
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026