معروف فلم ساز کارتھک سبّاراج نے گوا میں بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے دوران ’’اگر ولن درست ہو تو؟‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک انٹرویو سیشن میں اخلاقیات کی پیچیدگیوں، برائی کی سماجی جڑوں اور تعصبات کو چیلنج کرنے میں سنیما کی صلاحیت پر اظہارِ خیال کیا۔ فلمی ناقد سدھیر سرینواسن کی نظامت میں منعقدہ اس نشست میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ ان کی فلمیں اچھائی اور برائی کے درمیان روایتی تفریق کو کس طرح چیلنج کرتی ہیں۔
یہ مشاہدہ کرتے ہوئے کہ انسانی رویے کی تشکیل حالات اور سماجی تجربات سے ہوتی ہے، سبّاراج نے کہا، ’’ہر شخص کی بنیاد میں خاکستری پہلو موجود ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے وضاحت کی کہ افراد جن لوگوں سے ملتے ہیں اور جن حالات سے گزرتے ہیں، وہ اس بات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ انہیں اچھا یا برا سمجھا جاتا ہے۔
اپنی فلم ’ڈوروتھی‘ پر بات کرتے ہوئے سبّاراج نے ان کرداروں کے درمیان فرق واضح کیا جو شعوری طور پر برائی کا ارتکاب کرتے ہیں اور جن کا نقصان دہ رویہ گہرے طور پر راسخ سماجی تربیت کا نتیجہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں وِسل ویریا ایک کھلے طور پر برے کردار کی نمائندگی کرتا ہے، وہیں پراٹھا دکان کے مالک جیسے کردار زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں، کیونکہ انہیں اپنے تعصبات اور غلط کاموں کا خود بھی احساس نہیں ہوتا۔

سبّاراج نے کہا کہ فلم ’ڈوروتھی‘ میں مردانگی اور پدرشاہی سوچ کو مرکزی کردار کی موت کے پس پردہ قوتوں کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس طرح کسی ایک فرد کے بجائے ایک جابرانہ ذہنیت کو اصل مخالف کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ فلم ’مرکری‘ سے اس کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ اس میں ایک گاؤں کی اجتماعی ذہنیت کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی فرد کے برے اعمال کی جڑیں وسیع تر سماجی رویوں میں بھی ہو سکتی ہیں۔
تذلیل اور جواب دہی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فلم ساز نے کہا کہ کسی کی نااہلی پر اس کا مذاق اڑانا اور اس پر ہنسنا، ڈانٹنے سے زیادہ تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پچھتاوے اور احساسِ جرم کو بھی سزا کی ایک صورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے اعمال کے نتائج کا اظہار ہمیشہ جسمانی نقصان یا موت کی شکل میں ہونا ضروری نہیں ہے۔
معاشرے پر اثر انداز ہونے کی سنیما کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سبّاراج نے ’ڈوروتھی‘ کے حوالے سے ناظرین کے ردعمل کو یاد کیا، جن میں ایسے مواقع بھی شامل تھے جب ناظرین نے ٹرانس جینڈر افراد کو اپنایا اور مردوں کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ردعمل نے ان کے اس یقین کو مزید مضبوط کیا کہ فلمیں محض تفریح سے آگے بڑھ کر ہمدردی کو فروغ دے سکتی ہیں اور سماجی تبدیلی کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہانیوں کے ذریعے تبدیلی لانے کا خیال ان کی فلم ’جگرتھنڈا‘ کے لیے اختیار کیے گئے طریقۂ کار میں بھی شامل تھا۔
گفتگو کے دوران سبّاراج نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کرداروں کو مکمل طور پر نیک ہیرو یا ناقابلِ اصلاح برے ولن کے طور پر پیش کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ اخلاقی فیصلوں کو تشریح کے لیے کھلا چھوڑ کر وہ ناظرین کو اپنے نقطۂ نظر سے کرداروں اور ان کے محرکات کا جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہیں۔

اس نشست میں سبّاراج کے فلم سازی کے انداز کے بارے میں بصیرت حاصل ہوئی، جس میں برائی کی جڑیں اکثر محض افراد میں نہیں بلکہ ان سماجی رویوں اور ڈھانچوں میں پیوست ہوتی ہیں جو ان کی شخصیت اور کردار کی تشکیل کرتے ہیں۔
سبّاراج کے خیالات نے اس بات کو اجاگر کیا کہ سنیما اچھائی اور برائی کے روایتی تصورات سے آگے بڑھ کر دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ناظرین کو راسخ تعصبات پر سوال اٹھانے اور پیچیدہ سماجی حقیقتوں کا سامنا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے موضوع ’اسٹوریز وِد آؤٹ بارڈرز‘ (سرحدوں سے ماورا کہانیاں) سے ہم آہنگ ان کا اندازِ داستان گوئی اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ مخصوص سماجی اور ثقافتی تناظر میں جڑی کہانیاں اخلاقیات، ہمدردی اور انسانی رویوں سے متعلق آفاقی سوالات اٹھا سکتی ہیں۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8389 )