57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

2001 کی یادیں تازہ: ہندی سنیما کو نئی سمت دینے والے فلم ساز 25 برس بعد پھر ایک ساتھ


’’سنیما معاشرے کا آئینہ ہے؛ میں پردے کی فرضی زندگی کے بجائے حقیقی زندگی کو پیش کرنے میں یقین رکھتا ہوں’’: مدھر بھنڈارکر

’’ایک اداکار کس طرح اشارے کو سمجھتا اور اس پر ردعمل ظاہر کرتا ہے، یہ بہت اہم ہے’’: آشوتوش گواریکر

’’بے خوف ہو کر کام کریں، اپنی انا کو پیچھے چھوڑیں اور اپنی کہانی خود بیان کریں’’: فلم سازی کے فن پر گفتگو کرتے ہوئےفرحان اختر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 6:01PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342760Views: 6

کرکٹ کے ایک کھیل کے ذریعے ایک گاؤں سلطنت سے ٹکر لیتا ہے۔ تین دوست دوستی، دل ٹوٹنے اور جوانی کی دہلیز پر پیش آنے والی غیر یقینی  صورتحال سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔ وہیں ایک فلم ساز اپنا کیمرہ خواتین اور زندگی کی ان حقیقتوں کی جانب موڑتا ہے جنہیں معاشرہ اکثر نظر انداز کرنے کا انتخاب کرتا ہے۔ غیر روایتی کہانیوں پر مبنی یہ تینوں فلمیں 2001 کو ہندی سنیما کے یادگار ترین برسوں میں سے ایک بناتی ہیں۔

لگان، دل چاہتا ہے اور چاندنی بار نے محض تفریح فراہم نہیں کی بلکہ روایتی طور طریقوں کو چیلنج کیا، نئی راہیں کھولیں اور سنیما کے موضوعات اور اندازِ بیان کو ایک نئی جہت عطا کی۔ جہاں لگان نے بغاوت کے جذبے کو اجاگر کیا، وہیں دل چاہتا ہے نے ایک نسل کے احساسات اور مزاج کی عکاسی کی، جبکہ چاندنی بار نے ان خواتین اور ان کی زندگیوں کی جانب توجہ مبذول کرائی جنہیں اکثر نظروں سے اوجھل رکھا جاتا ہے۔

پچیس برس بعد ان یادگار فلموں کے تخلیقی معمار، آشوتوش گواریکر، فرحان اختر اور مدھر بھنڈارکر، گوا میں منعقدہ  بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) میں ایک بار پھر ایک ساتھ جمع ہوئے۔ یہ موقع ‘دی لیجنڈری 25 ‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک خصوصی نشست کا تھا، جس میں ان فلموں کا جشن منایا گیا جنہوں نے روایتی سانچوں کو توڑنے کی جرأت کی اور ان تخلیق کاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی الگ راہ اختیار کی۔

’’مصنوعی ذہانت فلم سازی کا انداز بدل سکتی ہے، لیکن انسانی روح کی جگہ نہیں لے سکتی‘‘

سنیما کو معاشرے کا عکاس قرار دیتے ہوئے فلم ساز مدھر بھنڈارکر نے حقیقی زندگی سے جڑی کہانیاں پیش کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ خاص طور پر ایسی کہانیاں جو ان  مخفی  حقائق اور ان پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس دور کی مشکلات کا ذکر کیا جب فلمی صنعت خواتین کے بارے میں غیر روایتی انداز میں پیش کی جانے والی کہانیوں کو قبول کرنے سے ہچکچاتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین پر مرکوز موضوعات کی حمایت کرتے ہوئے ان کے اسی یقین نے چاندنی بار، کارپوریٹ اور فیشن جیسی فلموں کو جنم دیا، جن میں خواتین کی زندگی کے مختلف پیچیدہ پہلوؤں، کمزوریوں اور خوبیوں کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ‘‘میں ہمیشہ ایسے موضوعات پر فلمیں بنانا چاہتا ہوں جن کے بارے میں لوگ بات کرنے یا انہیں دریافت کرنے سے کتراتے ہیں۔ میں ان کہانیوں کی جانب راغب ہوتا ہوں جو پردے کے پیچھے ہوتی ہیں اور ایسی حقیقتوں کو سامنے لاتی ہیں جو اکثر عوام کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔ میرے لیے سنیما ہمیشہ سے معاشرے کا آئینہ رہا ہے۔ میں ایک مثالی فرضی زندگی تخلیق کرنے کے بجائے حقیقی زندگی کو پیش کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔‘‘

تخلیقی جرأت اور اپنے نظریے پر پختہ یقین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بھنڈارکر نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ فلمی صنعت کے رائج رجحانات یا ناظرین کی توقعات سے متاثر ہونے کے بجائے ان کہانیوں کے ساتھ مخلص رہیں جن پر وہ یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے فلم سازی میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی اظہار خیال کیا اور تسلیم کیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور بصری اثرات (ویژول ایفیکٹس) بصری کہانی گوئی کے لیے نئے اور دلچسپ امکانات پیدا کر سکتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ٹیکنالوجی اس انسانی عنصر کی جگہ کبھی نہیں لے سکتی جو سنیما کو جذباتی گہرائی عطا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ’’مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور بصری اثرات (ویژول ایفیکٹس) یقیناً بصری تجربے کو بہتر بنا سکتے ہیں اور فلم سازی کے امکانات کو وسعت دے سکتے ہیں، لیکن یہ کبھی انسانی لمس کی جگہ نہیں لے سکتے۔ ٹیکنالوجی تصاویر تخلیق کر سکتی ہے، لیکن وہ انسانی جذبات، احساسات اور اس جذباتی وابستگی کی نقل نہیں کر سکتی جو کسی کردار میں جان ڈالتی ہے۔’’

’’ہر فلم ایک نئے سرے سے آغاز ہوتی ہے۔ اداکاری کا اصل کمال الفاظ کے درمیان خاموشی میں پوشیدہ ہے۔‘‘

اپنے تخلیقی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے آشوتوش گواریکر نے ہر نئی فلم کو ‘‘صفر سے نئے سرے سے آغاز’’ قرار دیا، جس کے لیے نئے نقطۂ نظر، کشادہ ذہن اور کہانی سنانے کے فن کو ازسرِنو دریافت کرنے کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ غیر روایتی سنیما کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘‘جو کچھ بھی نیا، مختلف یا غیر روایتی ہوتا ہے، اسے اپنے ناظرین تک پہنچنے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔ ہمیں کسی فلم کے بارے میں صرف پہلے ہفتے کے کاروبار کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

اداکاری کے فن سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کردار کو جاندار بنانے میں توجہ سے سننے، تاثرات اور ٹھہراؤ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میرے نزدیک حقیقی اداکاری کا جوہر مکالموں کے درمیان ٹھہراؤ میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ غور سے سننا ایک اداکار کی اہم ترین خوبیوں میں سے ایک ہے۔ اداکار کسی اشارے یا مکالمے کو کس طرح سنتا ہے اور اس پر کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے، یہ بھی اتنا ہی اہم ہے۔‘‘

فلم سازوں کو یہ مشورہ دیتے ہوئے کہ وہ ناظرین کی پسند کے بارے میں پہلے سے کوئی رائے قائم کرنے کے بجائے اپنی کہانیوں پر بھروسہ کریں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ناظرین کو اپنی سمجھ اور سوچ کے مطابق فلم  کے بارے میں رائے دینے کا  موقع دیا جانا چاہیے۔

’’بے خوف ہو کر اپنی کہانی بیان کریں اور اپنی انا کو دروازے پر ہی چھوڑ آئیں۔‘‘

اصلیت اور تخلیقی بے خوفی کی وکالت کرتے ہوئے فرحان اختر نے ابھرتے ہوئے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ اپنی فطری صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور ایسی کہانیاں بیان کریں جو ان کے اپنے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتی ہوں۔ روایتی سوچ سے آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘‘ایک ہدایت کار یا مصنف کو اپنا دل اور ذہن کشادہ رکھنا چاہیے اور اپنی انا کو پیچھے چھوڑ دینا چاہیے۔ بے خوف رہیں، اپنے نظریے پر یقین رکھیں اور وہی کہانی بیان کریں جو آپ واقعی بیان کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

فلم کے اسکرپٹ کو ‘‘ایک جیتی جاگتی اور سانس لیتی ہوئی چیز’’ قرار دیتے ہوئے فرحان نے بتایا کہ کس طرح مصنفین، اداکاروں اور تکنیکی ماہرین کی اجتماعی تخلیقی صلاحیتوں سے ایک کہانی ارتقا پذیر ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلم سازی ایک مشترکہ عمل ہے، جس میں انفرادی انا کو بالائے طاق رکھنے سے کہانی کو آگے بڑھنے اور اپنی حقیقی شناخت حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے حد سے زیادہ تشہیر کے ذریعے سنیما کی اصل روح کو پس منظر میں چلے جانے سے بھی خبردار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بامعنی کہانی گوئی اور ناظرین کے ساتھ حقیقی جذباتی وابستگی کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

گفتگو کے اختتام پر ایک اہم بات ابھر کر سامنے آئی کہ بہترین سنیما تخلیقی جرأت، منفرد اندازِ کہانی گوئی اور روایتی طور طریقوں کو چیلنج کرنے کے جذبے سے جنم لیتا ہے۔ لگان، دل چاہتا ہے اور چاندنی بار نے پچیس برس قبل بھارتی معاشرے کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرتے ہوئے سنیما کے موضوعات اور اندازِ بیان کو نئی جہت عطا کی تھی۔ ان فلموں کے تخلیق کاروں نے ایک بار پھر اس بات کی توثیق کی کہ انسانی تجربات سے جڑی کہانیوں کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔

بھارت کے57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے موضوع ‘‘سرحدوں سے ماورا کہانیاں’’ کے جذبے کی عکاسی کرتے ہوئے اس گفتگو میں اجاگر کیا گیا کہ مستند اور حقیقی کہانیاں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی ثقافت یا جغرافیائی خطے سے ہو، سرحدوں سے آگے بڑھ کر دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں کو چھو سکتی ہیں۔ فلم سازی میں ٹیکنالوجی کے مسلسل بدلتے ہوئے کردار کے باوجود، بالآخر انسانی جذبات، تخلیقی یقین اور کہانی گوئی کی آفاقیت ہی سنیما کی پائیدار کشش کا اصل سبب ہیں۔

اس نشست کی نظامت معروف اداکارہ اور فلم ساز خوشبو سندر نے کی۔

آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں پڑھیں:

https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

*****

 (ش ح – م ع –م ذ)

U. No.8381

 


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342760
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026