بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ایم ایس ایم ای کےمرکزی وزیر، جناب جیتن رام مانجھی رائے پور میں این ایس ایس ایچ دفتر کا افتتاح کریں گے اور قومی ایس سی-ایس ٹی ہب کنکلیو کی صدارت کریں گے


ایس سی-ایس ٹی کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع کی راہ ہموار: قومی ایس سی-ایس ٹی ہب کنکلیو رائے پور میں منعقد ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 5:41PM by PIB Delhi

بھارت سرکار کی وزارتِ خرد، چھوٹی اور درمیانی صنعتیں (ایم ایس ایم ای) 28 نومبر 2026 کو چھتیس گڑھ کے رائے پور میں پنڈت دین دیال اپادھیائے آڈیٹوریم میں ‘قومی ایس سی-ایس ٹی ہب کنکلیو’ کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس کنکلیو کا مقصد کاروبار کو فروغ دینا، قومی ایس سی-ایس ٹی ہب اسکیم اور ایم ایس ایم ای کی دیگر پہلوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور ریاست کے موجودہ و نئے کاروباری افراد کی مدد اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس پروگرام میں سرکاری شعبے کے بڑے ادارے (سی پی ایس ایز)، بینک، مالیاتی ادارے، گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) اور ریاستی حکومت سمیت اہم متعلقہ فریق شرکت کریں گے، جو ایم ایس ایم ای کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ، یہ کنکلیو ایس سی/ایس ٹی طبقے سے تعلق رکھنے والے موجودہ اور نئے کاروباری افراد، سرکاری شعبے کے اداروں، صنعتی انجمنوں اور قرض فراہم کرنے والے اداروں کو باہمی تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کرے گا، تاکہ سرکاری خریداری میں ایس سی/ایس ٹی سے تعلق رکھنے والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں (ایم ایس ایز) کی شرکت بڑھائی جا سکے۔

اس کنکلیو کی صدارت مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای جناب جیتن رام مانجھی کریں گے۔ اس موقع پر چھتیس گڑھ حکومت کے وزیر برائے درج فہرست ذاتوں کی ترقی، ہنرمندی کی ترقی، تکنیکی تعلیم اور روزگار جناب گرو خوشونت صاحب اور وزیر برائے تجارت و صنعت جناب لکھن لال دیوانگن بھی موجود رہیں گے۔ کنکلیو میں رکنِ اسمبلی جناب پورندر مشرا کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران بھی شرکت کریں گے۔

مرکزی حکومت کی خرد اور چھوٹی صنعتوں (ایم ایس ایز) کے لیے سرکاری خریداری کی پالیسی کے تحت تمام مرکزی وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی سالانہ ضروریات کا کم از کم 25 فیصد سامان اور خدمات ایم ایس ایز سے خریدیں۔ اس میں 4 فیصد خریداری درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھنے والے افراد کی ملکیت والے ایم ایس ایز سے اور 3 فیصد خواتین کی ملکیت والے ایم ایس ایز سے کرنا لازمی ہے۔

‘قومی ایس سی-ایس ٹی ہب (این ایس ایس ایچ) اسکیم’ کا آغاز وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اکتوبر 2016 میں کیا تھا۔ اس اسکیم کا مقصد ایس سی/ایس ٹی طبقے سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دینا، انہیں سرکاری خریداری کے عمل میں حصہ لینے کے قابل بنانا اور ایس سی/ایس ٹی کی ملکیت والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں سے سرکاری خریداری کے 4 فیصد مقررہ ہدف کو پورا کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ایس سی/ایس ٹی طبقے میں کاروبار کو فروغ دینے کے لیے صلاحیت سازی، بازار تک رسائی، مالی سہولتوں کی فراہمی اور ٹینڈر کے عمل میں شرکت سمیت کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنانے کے لیے خصوصی کریڈٹ لنکڈ کیپٹل سبسڈی کے تحت، مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں سے وابستہ ایس سی/ایس ٹی کی ملکیت والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں کو ادارہ جاتی مالی معاونت کے ذریعے پلانٹ، مشینری اور آلات کی خریداری پر 25 فیصد سبسڈی دی جاتی ہے، جو زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے تک ہے۔ اکتوبر 2016 میں اسکیم کے آغاز کے بعد سے مالی سال 2025-26 میں ایس سی/ایس ٹی کی ملکیت والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں سے سرکاری خریداری میں 36 گنا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ میں این ایس ایس ایچ اسکیم کی رسائی کو مزید بڑھانے کے لیے رائے پور کے کچنا علاقے میں این ایس ایس ایچ دفتر کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ یہ دفتر ایک خصوصی سہولت مرکز کے طور پر کام کرے گا، جہاں ریاست کے ایس سی/ایس ٹی کی ملکیت والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں کو رہنمائی، ضروری تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اسکیم کے فوائد حاصل کر سکیں اور سرکاری خریداری میں اپنی شرکت بڑھا سکیں۔

ایس سی/ایس ٹی سے تعلق رکھنے والے خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں (ایم ایس ایز) کو جی ای ایم اور ادگم پورٹل پر اندراج میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کنکلیو کے مقام پر خصوصی اسٹال لگائے جائیں گے، جہاں وہ ان دونوں پورٹلز پر اپنا اندراج کرا سکیں گے۔

خرد، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کا شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس شعبے میں 10.19 کروڑ سے زیادہ کاروباری ادارے ہیں، جو 31 کروڑ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔ یہ ادارے ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 30 فیصد اور بھارت کی مجموعی برآمدات میں 45 فیصد سے زیادہ کا حصہ ڈالتے ہیں۔ حکومت ملک میں، بشمول چھتیس گڑھ، ایم ایس ایم ای شعبے کو مضبوط بنانے اور اسے بااختیار بنانے کے لیے کئی اسکیمیں اور پروگرام نافذ کر رہی ہے۔ ان میں وزیر اعظم روزگار پیداوار پروگرام، پی ایم وشوکرما، خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے کریڈٹ گارنٹی اسکیم، خرد اور چھوٹے کاروباری اداروں کے کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام، صنعت کاری اور ہنرمندی کی ترقی کا پروگرام، خریداری اور مارکیٹنگ معاونت اسکیم، بین الاقوامی تعاون اسکیم، ٹول رومز، ٹیکنالوجی سینٹر سسٹم پروگرام، ایم ایس ایم ای پائیدار سرٹیفکیشن اسکیم اور ادگم رجسٹریشن پورٹل پر ایم ایس ایم ای اداروں کا اندراج وغیرہ شامل ہیں۔

چھتیس گڑھ معدنی وسائل سے مالا مال ریاست اور ایک اہم صنعتی مرکز ہے۔ اس کے علاوہ، ریاست کے زرعی اور جنگلاتی وسائل میں غذائی اشیا کی تیاری و پروسیسنگ، جنگلات پر مبنی صنعتوں اور ایم ایس ایم ای اداروں کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مرکزی حکومت کی مختلف پہلوں سے فائدہ اٹھا کر چھتیس گڑھ کے عوام روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور اپنے معیارِ زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ پروگرام نئے اور پہلے سے کاروبار کرنے والے افراد کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں وہ بھارت سرکار کی وزارتِ ایم ایس ایم ای کی مختلف اسکیموں اور اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔ یہ پہل 2047 تک وکست بھارت کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے۔ توقع ہے کہ رائے پور اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے بڑی تعداد میں کاروباری افراد اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔

 

*****

 ( ش ح ۔ش ت۔ت ا)

U. No. 8379


(ریلیز آئی ڈی: 2342726) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी