پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 3:27PM by PIB Delhi
ہیلائیڈ پیروسکائٹ نینو کرسٹلز کے استعمال سے رنگوں کو آپس میں گھلنے ملنے سے روکنے کا ایک نیا طریقہ تیار کیا گیا ہے۔ اس سے سفید روشنی پیدا کرنے والی ایل ای ڈی اور اسمارٹ فونز کے لیے مستحکم، بڑے پیمانے پر تیار کی جانے والی، لچکدار اور کم لاگت والی سفید روشنی کی ٹیکنالوجیز کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ہمارے گھروں اور اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی کمرشیئل سفید روشنی خارج کرنے والی ایل ای ڈی (ڈبلیو ایل ای ڈی) توانائی کی بچت کے لحاظ سے انتہائی مؤثر ہیں، تاہم ان میں چند خامیاں بھی ہیں۔ ان کی تیاری میں نایاب اور مہنگے زمینی عناصر کے ساتھ پیچیدہ اور زیادہ درجۂ حرارت والے طریقۂ کار کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ، ایک بار تیار ہونے کے بعد ان سے خارج ہونے والی سفید روشنی کی رنگت طے ہو جاتی ہے اور اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
اس سے زیادہ آسان، ضرورت کے مطابق روشنی کی رنگت تبدیل کرنے کے قابل اور کم لاگت والا متبادل تلاش کرنے کے لیے محققین ایک نئے قسم کے مادّے پر توجہ دے رہے ہیں، جسے آل اِن آرگینک ہیلائیڈ پیروسکائٹ نینو کرسٹلز کہا جاتا ہے۔ ان کا کیمیائی فارمولا (CsPbX₃) ہے، جس میں ایکس کی جگہ کلورین، برومین یا آیوڈین ہو سکتا ہے۔ یہ مادّے کم لاگت، چمک دار اور انتہائی خالص رنگوں کی روشنی خارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تاہم، ان پیروسکائٹ نینو کرسٹلز میں ایک اہم خامی پائی جاتی ہے، جسے اینیون ایکسچینج (منفی آئنوں کا تبادلہ) کہا جاتا ہے۔ جب مختلف ہیلائیڈ اجزا والے نینو کرسٹلز، مثلاً سبز روشنی خارج کرنے والے CsPbBr₃ اور سرخ روشنی خارج کرنے والے CsPbI₃، ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تو ان کے ہیلائیڈ آئن تیزی سے ایک کرسٹل سے دوسرے کرسٹل میں منتقل ہو کر آپس میں تبادلہ کر لیتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں دونوں مطلوبہ رنگ مل کر ایک غیر مطلوب درمیانی نارنجی رنگ میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور چند ہی منٹوں میں رنگوں کی اصل پہچان دھندلی پڑ سکتی ہے۔
بھارت کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت ایک خودمختار ادارے، بنگلورو کے سینٹر فار نینو اینڈ سافٹ میٹر سائنسز(سی ای این ایس) کے محققین کی ایک ٹیم نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی کے اشتراک سے رنگوں کو اپنی اصل حالت میں برقرار رکھنے کے لیے دوہری حفاظتی حکمتِ عملی تیار کی ہے۔
شکل: پیروسکائٹ پر مبنی فاسفر کنورٹڈ سفید روشنی خارج کرنے والی ایل ای ڈی (ڈبلیو ایل ای ڈی)، ان کے انفرادی اجزا اور فعال حالت میں پی سی-ڈبلیو ایل ای ڈی کی حقیقی وقت کی تصویر۔ یہ ڈبلیو ایل ای ڈی شیشے اور لچک دار پی ای ٹی دونوں طرح کے ذیلی مادّوں پر تیار کی گئیں۔ اسپرے کوٹنگ کے ذریعے سبز اور سرخ رنگ کے باریک نقش بنائے گئے، تاکہ مخصوص نقش و نگار والی ڈبلیو ایل ای ڈی تیار کی جا سکے
سب سے پہلے، محققین کی ٹیم، جس میں گوری شرما، سواتی کھرانہ، سمیر سپرا اور پرلے کے سنترا شامل ہیں، نے لیڈ سیلینائیڈ نامی مادّے کی مدد سے کرسٹل کی سطح پر ہیلائیڈ کی خالی جگہوں کو کم کیا۔ اس سے آئنوں کی منتقلی کا بنیادی راستہ بند ہو گیا، جبکہ مادّے کی چمک اور رنگت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔
دوسرے مرحلے میں، محققین نے اٹامک لیئر ڈیپوزیشن (اے ایل ڈی) کے ذریعے حفاظتی تہہ چڑھانے کا طریقہ اختیار کیا۔ اس کے تحت ایلومینیم آکسائیڈ (ایلومینا، Al₂O₃) کی صرف 5 سے 6 نینو میٹر موٹی، انتہائی باریک اور شفاف حفاظتی تہہ تیار کی گئی۔ یہ تہہ ایک جسمانی رکاوٹ کا کام کرتی ہے اور روشنی کے مختلف رنگ خارج کرنے والی ایک دوسرے سے متصل تہوں کے درمیان آئنوں کی منتقلی کو روکتی ہے۔
سادہ اور بڑے پیمانے پر قابلِ استعمال اسپرے کوٹنگ تکنیک کے ساتھ باریک نقش و نگار بنانے کے طریقے کو استعمال کرتے ہوئے محققین نے شیشے اور لچک دار پلاسٹک (پی ای ٹی) دونوں طرح کے ذیلی مادّوں پر کئی تہوں پر مشتمل سفید روشنی خارج کرنے والے ایل ای ڈی آلات تیار کیے۔ ان آلات کے بہتر بنائے گئے نمونے مسلسل 24 گھنٹے تک کام کرتے رہے۔ اس دوران ان سے خارج ہونے والی سفید روشنی مستحکم رہی اور گرم یا ٹھنڈا کیے جانے کے باوجود اس کی رنگت مثالی سفید روشنی کے قریب برقرار رہی۔ محققین نے یہ بھی ثابت کیا کہ صرف برقی رو میں تبدیلی کرکے سفید روشنی کی رنگت کو مدھم یا گرم رنگت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
تحقیقی جریدے ’سمال‘ میں شائع ہونے والا یہ کام مستحکم، بڑے پیمانے پر تیار کیے جانے کے قابل، لچک دار اور کم لاگت والی سفید روشنی کی ٹیکنالوجیز کی تیاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ تاہم، اسے عام بازار میں متعارف کرانے سے پہلے کچھ مزید بہتری کی ضرورت ہے، تاکہ سیسے کے زہریلے اثرات پر قابو پایا جا سکے اور اسے ماحول دوست بنانے کے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔
اشاعت کا ربط:
ڈی ،او آئی https://doi.org/10.1002/smll.202512820
*****
( ش ح ۔ش ت۔ت ا)
U. No.8361