مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ کی منظوری کے بعد، انڈیا پوسٹ 2,632 کروڑ روپے کی مالی لاگت سے اپنے تبدیلی کے عمل کو تیز کر رہا ہے


یہ سرمایہ کاری ملک بھر میں ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، لاجسٹکس کو مضبوط کرنے اور شہریوں پر مرکوز خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے

وزیراعظم جناب نریندر مودی کے وژن اور مسلسل تعاون کے ساتھ، انڈیا پوسٹ کو ایک جدید، موثر اور شہریوں پر مرکوز عوامی لاجسٹکس ادارے میں تبدیل کیا جا رہا ہے: مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 8:08PM by PIB Delhi

انڈیا پوسٹ 16ویں فنانس کمیشن سائیکل (مالی سال 27-2026 سے مالی سال 31-2030 تک) کے لیے 'پوسٹل آپریشنز' (ڈاک کے امور) اور 'اسٹیٹس مینجمنٹ' (املاک کے انتظام) اسکیموں کے تحت 2,632 کروڑ روپے کی مجموعی مالی لاگت سے اپنے تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس میں 'پوسٹل آپریشنز اسکیم' کو جاری رکھنے کے لیے 1,141 کروڑ روپے اور 'اسٹیٹس مینجمنٹ اسکیم' کے لیے 1,491 کروڑ روپے شامل ہیں؛ مرکزی کابینہ نے ان دونوں اسکیموں کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

ان اقدامات کی تفصیلات ایک پریس بریفنگ کے دوران پیش کی گئیں۔ اس بریفنگ سے مواصلات اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا، مواصلات اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت ڈاکٹر چندرا شیکھر پیماسانی، اور سیکرٹری (محکمہ ڈاک) جناب سبرت داس نے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ خطاب کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261126200941_615faa.jpg

مرکزی وزیر نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی بصیرت افروز قیادت اور مسلسل تعاون کے ذریعے ملک بھر کے ڈاک خانوں کو جدید اور شہریوں پر مرکوز مراکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ڈاک خانوں کی جدید کاری کے لیے درکار مالیاتی اخراجات کی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے میں وزیر اعظم کی حمایت کو سراہا، جس سے اس تبدیلی کے سفر کو ایک نئی تحریک ملے گی۔

مرکزی وزیر نے تمام ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا،’’انڈیا پوسٹ ‘‘خاندان کے ہر فرد نے اس ادارے میں تبدیلی لانے کے لیے غیر متزلزل لگن اور عزم کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس ادارے کی صلاحیتیں قومی حدود سے نکل کر عالمی سطح تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اپنے عزم کو کامیابی میں بدلنے کے مشترکہ ارادے کے ساتھ، تمام عملے نے اس وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

ایک تفصیلی پریزنٹیشن میں، سیکرٹری (پوسٹس) نے محکمہ کی ترقی کے سفر، مستقبل کے روڈ میپ اور ترقی کے مختلف شعبوں میں بجٹ کی تقسیم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے 'انٹیگریٹڈ انشورنس مینجمنٹ سسٹم' کے ذریعے آنے والی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا، جس کی بدولت 'پوسٹل لائف انشورنس پالیسی خریدنے کا مکمل عمل تقریباً 20 منٹ میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے اب تک تقریباً 2 لاکھ صارفین کو پریمیم کی ادائیگی میں سہولت ملی ہے، جس سے تقریباً 60 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔

سیکرٹری (پوسٹس) نے جدت اور ترقی کے لیے محکمہ کے ادارہ جاتی نقطہ نظر کو اجاگر کیا، اور اس سلسلے میں 'ڈیٹا اینالیٹکس ٹیم'، 'سکس سگما ٹیم'اور 'چیف مارکیٹنگ آفیسر' کے کردار پر زور دیا۔ یہ ٹیمیں چھ کلیدی شعبوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتی ہیں اور ان کی توجہ نئی مصنوعات اور خدمات تیار کرنے، آمدنی پیدا کرنے کے مواقع تلاش کرنے اور خدمات کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ یہ مشترکہ ادارہ جاتی نقطہ نظر 'انڈیا پوسٹ' کی تبدیلی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ اس کے چھ سروس ورٹیکلز (خدماتی شعبے) اس کی روح ہیں۔ اس مربوط نقطہ نظر کا مقصد مصنوعات اور خدمات میں مسلسل جدت لانا اور انہیں بہتر بنانا ہے، تاکہ معیار، کارکردگی اور صارفین کے اطمینان کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔

محکمہ کی ترقی کے عزائم کا اعادہ کرتے ہوئے، سیکرٹری (پوسٹس) نے مالی سال 2026-27 میں انڈیا پوسٹ کی سالانہ آمدنی کو تقریباً 19,803 کروڑ روپے تک پہنچانے کا وژن پیش کیا۔ اس ہدف کے حصول کے لیے آپریشنل کارکردگی، پارسل اور لاجسٹکس خدمات میں توسیع، ٹیکنالوجی کا استعمال اور صارفین کے ساتھ روابط کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261126200948_4c68de.jpg

آپریشنز کو مضبوط بنانا اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانا

1,141 کروڑ کی پوسٹل آپریشنز اسکیم چھ اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے، بشمول دیہی ڈاک تک رسائی، میل نیٹ ورک آپٹیمائزیشن، پارسل نیٹ ورک آپٹیمائزیشن، بین الاقوامی میل انفراسٹرکچر، مارکیٹنگ اور سروس کا معیار، اور فلیٹلی آپریشنز شامل ہیں ۔

1,491 کروڑ کی اسٹیٹ مینجمنٹ اسکیم پوسٹل عمارتوں کو جدید بنانے اور صارفین کو درپیش انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ کلیدی اقدامات میں 190 نئی محکمانہ پوسٹل عمارتوں کی تعمیر، 50 عمارتوں کی تعمیر نو، 2550 محکمانہ سب پوسٹ آفسز کی تزئین و آرائش اور برانڈنگ، 2500 کرائے کے ڈاک خانوں کی اپ گریڈیشن اور 20 ہیریٹیج پوسٹل عمارتوں کا تحفظ شامل ہیں۔ یہ اسکیم 150 رہائشی کالونیوں کی تزئین و آرائش اور بنگلورو میں سی ای پی ٹی کے لیے ایک مستقل انٹیگریٹڈ ٹیکنالوجی سنٹر کی ترقی میں بھی مدد کرے گی۔

نئی سرمایہ کاری، ٹکنالوجی کی قیادت میں جدید کاری اور ترقی کے واضح وژن کے ساتھ، انڈیا پوسٹ اپنے ملک گیر نیٹ ورک کو توسیع اور خدمات کی عمدہ کارکردگی کے اپنے اگلے مرحلے میں لے جانے کی تیاری کر رہا ہے۔

***

ش ح ۔ ال ۔ع ر

UR-8334


(ریلیز آئی ڈی: 2342261) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati