پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 6:47PM by PIB Delhi
عوامی شعبے کے بینک (پی ایس بی) محتاط قرض منظوری کے طریقۂ کار اور مؤثر رسک مینجمنٹ پالیسیوں کے ذریعے اصلاحات کے نتیجے میں مسلسل تیز رفتار ترقی کر رہے ہیں اور ان کے اثاثوں کا معیار بھی اعلیٰ سطح پر برقرار ہے۔ عوامی شعبے کے بینکوں میں نافذ کی گئی نظامی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن کی بدولت تمام شعبوں میں اعلیٰ معیار کے قرضوں کی تیز رفتار نمو دیکھنے میں آ رہی ہے، خصوصاً پیداواری سرگرمیوں کے لیے فراہم کیے جانے والے قرضوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوامی شعبے کے بینکوں کی جانب سے ایم ایس ایم ای اور کارپوریٹ اداروں کو قرضوں کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے اور ان دونوں شعبوں میں زراعت اور خوردہ شعبوں کے ساتھ تیز رفتار ترقی ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، کم نئے قرضوں کے غیر فعال ہونے اور متاثرہ قرضوں کی مؤثر وصولی کے باعث اثاثوں کا معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے اور اب تک کی بہترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اصلاحات کو ادارہ جاتی شکل دینے سے عوامی شعبے کے بینکوں میں نظام حکمرانی پر مبنی ایک مضبوط بینکاری نظام قائم ہوا ہے، جو معاشی ترقی کے تیز رفتار دور کو تقویت فراہم کر رہا ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں میں عوامی شعبے کے بینکوں (پی ایس بی) کے قرضوں میں 15.1 فیصد کی تیز رفتار نمو ہوئی ہے اور 30 ستمبر 2026 تک یہ بڑھ کر 127 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ تاہم، اس کے ساتھ ہی قرضوں کی منظوری کے معاملے میں محتاط رویے کا بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے، جس کا اظہار نئے غیر فعال قرضوں میں تیزی سے ہونے والی کمی سے ہوتا ہے۔ 31 مارچ 2021 تک 67.7 لاکھ کروڑ روپے کے قرضوں کے مقابلے میں مالی سال 2021-22 میں نئے غیر فعال قرضوں کی رقم 1.44 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی، جو 2.35 فیصد کی شرح تھی۔ اب مالی سال 2026-27 کی پہلی ششماہی میں 127 لاکھ کروڑ روپے کے قرضوں کے مقابلے میں یہ رقم گھٹ کر محض 38,780 کروڑ روپے رہ گئی ہے، جس کے نتیجے میں نئے غیر فعال قرضوں کی شرح صرف 0.62 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ محتاط بینکاری طریقوں کے ساتھ ترقی کی ایک نمایاں مثال ہے۔
قرضوں کی نمو نہ صرف اثاثوں کے معیار کے اعتبار سے محتاط ہے بلکہ مختلف شعبوں میں متوازن اور متنوع انداز میں مرکوز بھی ہے۔ عوامی شعبے کے بینک (پی ایس بی) بیک وقت پیداواری اور صرفی شعبوں کو قرض فراہم کر رہے ہیں، جبکہ خوردہ، زراعت، ایم ایس ایم ای اور کارپوریٹ شعبوں میں قرضوں کی بلند شرحِ نمو کے درمیان بھی مناسب توازن برقرار ہے۔ گزشتہ پانچ برس سے زائد عرصے کے دوران خوردہ اور زراعت کے شعبوں کو قرضوں کی فراہمی مسلسل مضبوط رفتار سے جاری ہے، وہیں ایم ایس ایم ای اور کارپوریٹ شعبوں میں بھی قرضوں کی فراہمی میں تیزی آئی ہے اور ان کی نمو معمولی طور پر دیگر شعبوں سے آگے نکل گئی ہے۔
قرضوں کی نمو کے لحاظ سے بینکوں کی انفرادی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو تقریباً تمام بینک یکساں طور پر قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کر رہے ہیں، جبکہ بینک آف مہاراشٹر اس معاملے میں دیگر بینکوں سے آگے ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا، کینرا بینک، بینک آف بڑودہ اور پنجاب نیشنل بینک جیسے بڑے بینک بھی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔
قرضوں کی بلند شرحِ نمو کے باوجود، تمام بینکوں میں نئے غیر فعال قرضوں کے تناسب میں مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ صرف پنجاب اینڈ سندھ بینک کے نئے غیر فعال قرضوں کے تناسب میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کا یہ تناسب پہلے ہی 0.57 فیصد کی کم سطح پر ہے۔ بڑے بینکوں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا، پنجاب نیشنل بینک اور کینرا بینک میں نئے غیر فعال قرضوں کا تناسب بدستور کم ہے۔ اب تمام عوامی شعبے کے بینکوں (پی ایس بی) میں نئے غیر فعال قرضوں کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم ہو گیا ہے۔
نئے غیر فعال قرضوں میں کمی سے بینکوں کو غیر فعال اثاثوں (این پی اے) کی سطح کم رکھنے میں مدد ملی ہے، جس میں مناسب احتیاطی مالیاتی التزامات اور قرضوں کی مؤثر وصولی کا بھی اہم کردار رہا ہے۔ محتاط قرض منظوری کے طریقۂ کار اور مؤثر وصولی کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں عوامی شعبے کے بینک (پی ایس بی) 127 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کے مجموعی قرضوں کے مقابلے میں خالص غیر فعال اثاثوں کی شرح محض 0.33 فیصد پر برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں، جن کی مجموعی مالیت صرف 44,100 کروڑ روپے ہے۔
عوامی شعبے کے بینکوں میں اسپیشل مینشن اکاؤنٹس (ایس ایم اے) کی صورت میں بھی قرضوں پر دباؤ کی سطح نمایاں طور پر کم ہے۔ پانچ کروڑ روپے سے زائد کے مجموعی قرضوں میں سے صرف 18,800 کروڑ روپے کے قرضے ایس ایم اے-1 اور ایس ایم اے-2 کے زمرے میں آتے ہیں۔ ایس ایم اے کی سطح میں بھی مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ 30 ستمبر 2026 کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کے ایس ایم اے-1 اور ایس ایم اے-2 قرضوں کا مجموعی معیاری قرضوں سے تناسب محض 0.14 فیصد رہا، جبکہ 30 ستمبر 2025 کو یہ تناسب 0.24 فیصد تھا۔
محتاط قرض منظوری کے طریقۂ کار اور مؤثر رسک مینجمنٹ کے طور طریقے ایک مضبوط اور مستحکم بینکاری شعبے کی راہ ہموار کر رہے ہیں، جو طویل مدت تک معیشت کی قرضوں سے متعلق ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
*********
ش ح۔ ف ش ع
U: 8323