صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی صحت سکریٹری کی محفوظ تر غذائی اشیا اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریاستی سطح پر ضابطہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی اپیل


محترمہ پونیا سلیلا سریواستو کا بنگلورو میں غذائی تحفظ اور ادویات کی انتظامیہ سے متعلق قومی سطح کی کانفرنس سے کلیدی خطاب، خطرات کی بنیاد پر معائنے، مؤثر نگرانی، ڈیجیٹل حل اور مرکز و ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا

کانفرنس میں غذائی تحفظ کے قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنانے، ادویات کے معیار کی نگرانی، تجربہ گاہوں کے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل ذرائع سے مصنوعات کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے اور صارفین میں بیداری پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 5:22PM by PIB Delhi

آج کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ’’محفوظ تر خوراک، محفوظ تر ادویات، صحت مند تر قوم‘‘ کے موضوع کے تحت غذائی تحفظ اور ادویات کی انتظامیہ سے متعلق قومی سطح کی کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا مقصد مربوط اقدامات، مؤثر نفاذ اور ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کے ذریعے خوراک اور ادویات سے متعلق ضابطہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اس کانفرنس میں حکومتِ ہند، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں، ضابطہ جاتی اداروں، صحتِ عامہ کے اداروں اور نفاذی ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس دوران اہم چیلنجوں پر غور و خوض کیا گیا اور ملک بھر میں غذائی تحفظ اور ادویات کی حفاظت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی نشاندہی کی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261126172437_9bcf82.jpg

 

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صحت سکریٹری محترمہ پونیا سلیلا سریواستو نے غذائی تحفظ اور ادویات سے متعلق ضابطہ جاتی اداروں کو صحتِ عامہ کا محافظ قرار دیا اور کہا کہ ان اداروں کو ہر شہری کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضابطہ جاتی اداروں کو عوامی صحت کے تحفظ اور کاروبار کرنے میں آسانی کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں مؤثر، مستعدی اور دیانت داری کے ساتھ انجام دینی چاہئیں۔

اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ ضابطہ جاتی فیصلوں کا براہِ راست اثر نہ صرف صحتِ عامہ بلکہ غذائی کاروبار سے وابستہ افراد، تیار کنندگان اور خوردہ فروشوں پر بھی پڑتا ہے، انہوں نے ضروری ضابطہ جاتی تقاضوں پر توجہ مرکوز کرنے اور مرکزی و ریاستی حکام کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

غذائی تحفظ کے حوالے سے مرکزی صحت سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ضابطہ جاتی کوششیں صرف غذائی اشیا میں ملاوٹ کی روک تھام اور غیر محفوظ خوراک کی فروخت پر قابو پانے تک محدود نہیں رہنی چاہئیں، بلکہ صحت بخش خوراک اور بہتر غذائیت کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے صلاحیت سازی اور خوراک کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے کے طریقوں کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261126172453_d44efc.jpg

غذائی تحفظ کے لائسنسوں کی مستقل مجاز مدت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ضابطہ جاتی اداروں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ مؤثر نگرانی اور خطرات کی بنیاد پر مستحکم معائنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ریاستوں سے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کے خطرات پر مبنی معائنے کے طریقۂ کار کے بارے میں اپنی آرا اور تجاویز بھی پیش کرنے کی اپیل کی۔

ادویات کے ضابطے کے حوالے سے محترمہ سریواستو نے معائنے کے بہتر نظام اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ذریعے ریاستی سطح پر ضابطہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پختگی کی سطح سے متعلق معیارات کے مطابق ذیلی قومی جائزے کا ایک خاکہ تیار کرنے کی تجویز کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے ادویات کے ریاستی ضابطہ جاتی نظام کی صلاحیت اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے گا۔

انہوں نے ریاستوں کو ورچوئل جائزے کے آلے ’شریشٹھ‘ (ریاستی صحت ضابطہ جاتی عمدگی اشاریہ) کا جائزہ لینے اور اس خاکے کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کی ترغیب دی۔ ڈیجیٹل ڈرگ ریگولیٹری سسٹم (ڈی ڈی آر ایس) کی تشکیل میں ریاستوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ اس نظام کی تیاری میں اپنےعملی تجربات اور تجاویز سے تعاون کریں۔

انہوں نے کلینیکل ٹرائلز، بشمول کنٹریکٹ ریسرچ آرگنائزیشنز (سی آر اوز) کے کام کاج میں شفافیت اور جواب دہی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

کانفرنس میں ضابطہ جاتی نظام، نگرانی اور نفاذ کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال

اس کانفرنس میں غذائی اشیا اور ادویات سے متعلق ضابطہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے، نگرانی اور قوانین کے نفاذ کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی اور تجربہ گاہوں کی صلاحیت میں اضافے اور مرکزی و ریاستی حکام کے درمیان مربوط اقدامات کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان مباحث میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ محفوظ خوراک اور محفوظ، مؤثر و معیاری ادویات تک رسائی صحتِ عامہ کے تحفظ، قابلِ تدارک بیماریوں کی روک تھام اور صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261126172505_e29af1.jpg

غذائی تحفظ سے متعلق اجلاسوں میں خوراک کے تحفظ اور معیارات سے متعلق ایکٹ، 2006 کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا، جس میں خطرات کی بنیاد پر معائنے، نگرانی، قوانین کے نفاذ، غذائی اشیا کی جانچ اور شواہد پر مبنی ضابطہ جاتی کارروائی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ان مباحث میں غذائی تحفظ کے ضوابط پر عمل درآمد کے سلسلے میں ریاستوں کی جانب سے اختیار کیے گئے بہتر طریقۂ کار کے ساتھ ای کامرس، نئی نوعیت کی غذائی اشیا اور صارفین کے اعتماد سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجوں پر بھی غور کیا گیا۔

ادویات کے تحفظ سے متعلق اجلاسوں میں جعلی اور ملاوٹی ادویات کی روک تھام اور منشیاتی ادویات و نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادّوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے تفتیش اور قوانین کے نفاذ میں بین ریاستی تال میل کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دیگر اہم موضوعات میں لائسنس جاری کرنے اور ضابطہ جاتی طریقۂ کار میں زیادہ یکسانیت، خطرات کی بنیاد پر معائنے اور نگرانی، نیز ڈرگْس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ، 1940 اور اس کے تحت وضع کردہ ضوابط کے مطابق ادویات کی تیاری اور تقسیم کے بہتر طریقۂ کار پر عمل درآمد شامل تھے۔

ان مباحث میں ادویہ سازی کے شعبے کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجوں، ’’دنیا کی فارمیسی‘‘ کے طور پر ہندوستان کی حیثیت برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں اور ادویات کی دریافت اور علاج معالجے میں ان کے استعمال کو تیز کرنے کے لیے جدید ترین خلیاتی اور سالماتی پلیٹ فارموں کے کردار پر بھی غور کیا گیا۔

***

ش ح۔ ک ح۔ ش ہ ب

U.No. 8312


(ریلیز آئی ڈی: 2342168) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी