مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اربن چیلنج فنڈ کے تحت بازار پر مبنی مالی وسائل کے حصول کے امکانات سے استفادہ کرنے کے موضوع پر قومی ورکشاپ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 5:48PM by PIB Delhi

شہری ترقی کے محکمے (ڈی او یو ڈی)، وزارتِ ہاؤسنگ اور شہری امور (ایم او ایچ یو اے) نے 26 نومبر 2026 کو نئی دلی کے وانجیہ بھون میں ’’اربن چیلنج فنڈ کے منصوبوں کے لیے بازار پر مبنی مالی وسائل کے حصول کے امکانات سے استفادہ‘‘ کے موضوع پر ایک قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد شہروں کو ایسے منصوبے تیار کرنے میں مدد دینا تھا جن کے لیے بینکوں سے مالی اعانت حاصل کرنا ممکن ہو، نیز شہری بنیادی ڈھانچے کے لیے بازار پر مبنی مالی وسائل کے حصول کی جانب پیش رفت کرنا تھا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261126174938_995d5b.jpg

اس ورکشاپ میں 25 لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں کے میونسپل کمشنروں اور ترقیاتی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ متعلقہ ریاستوں کے ریاستی مشن ڈائریکٹروں نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ شعبہ جاتی ماہرین اور شہری ترقی کے محکمے اور وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، ایشیائی بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاری بینک (اے آئی آئی بی) اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ہڈکو) سمیت مختلف مالیاتی اداروں نے بھی اس ورکشاپ میں حصہ لیا۔ سی ای پی ٹی یونیورسٹی، آئی آئی ٹی کھڑگپور، آئی ایس ای جی، جن آگرہ، این آئی ٹی کالی کٹ، این آئی یو اے اور ایس پی اے سمیت علمی اداروں نے مختلف اجلاسوں میں شہروں کی معاونت کی۔

اس ورکشاپ کے ذریعے شہری منصوبوں کی تیاری اور ان کے لیے مالی وسائل کے انتظام کے مختلف پہلوؤں پر شہروں کو رہنمائی اور عملی معاونت فراہم کی گئی۔ اجلاسوں میں اربن چیلنج فنڈ کے ڈھانچے، اس کی ہر ذیلی شق کے تحت آنے والے منصوبوں کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے کے بین الاقوامی نمونوں، اور اصلاحات و معاون اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔ ان میں آمدنی کے اپنے ذرائع کو بہتر بنانا، شہری سڑکوں کی اصلاح کا اقدام، شہر کے اقتصادی منصوبے، کاربن کریڈٹ کی منڈیاں اور نجی سرمایہ کاروں کی توقعات شامل تھیں۔ سرکاری و نجی شراکت داری (پی پی پی) سے متعلق اجلاس میں منصوبوں کی ابتدائی جانچ، ان کی تشکیل، خطرات کی تقسیم اور آمدنی کے ذرائع کے علاوہ مختلف شہروں کے مخصوص تجربات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس کے بعد شہروں کے نمائندوں نے گروپوں کی شکل میں کام کیا۔ ہر گروپ کی رہنمائی ایک شعبہ جاتی ماہر اور علمی ادارے نے کی۔ ان گروپوں نے ورکشاپ کے دوران حاصل ہونے والے اسباق اور دیگر ریاستوں کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے شہروں کے ترجیحی منصوبوں کے تصورات وضع کیے اور ان کی تشکیل پر کام کیا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے اپنے نتائج اور مجوزہ منصوبے بھی پیش کیے۔

اربن چیلنج فنڈ (یو سی ایف) کو شہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے امداد پر مبنی طریقۂ کار سے ہٹ کر بازار سے مربوط، اصلاحات پر مبنی اور نتائج پر مرکوز نظام کی جانب پیش رفت کے مقصد سے وضع کیا گیا ہے۔ اس فنڈ کے تحت تقریباً 4 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کی مرکزی مالی امداد مختص کی گئی ہے۔ منصوبوں کو تین شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے: ترقی کے مراکز کے طور پر شہر، شہروں کی تخلیقی ازسرِنو ترقی، اور پانی و صفائی ستھرائی۔ اب تک تینوں شعبوں کے تحت قومی اعلیٰ کمیٹی کے اجلاسوں میں 16 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 50 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کو منظوری دی جا چکی ہے۔

ان منصوبوں کی تشکیل اس انداز میں کی گئی ہے کہ نجی سرمایہ اور بازار سے مالی وسائل کو راغب کیا جا سکے۔ قرضوں، میونسپل بانڈز یا سرکاری و نجی شراکت داری (پی پی پی) کے ذریعے کم از کم 50 فیصد مالی وسائل حاصل کرنے کی لازمی شرط کے مقابلے میں، ریاستوں نے ان ذرائع سے تقریباً 61 فیصد مالی وسائل حاصل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ شہروں میں اصلاحات کو فروغ دینا اربن چیلنج فنڈ کا ایک لازمی حصہ ہے اور یہ چیلنج پر مبنی طریقۂ کار کی بنیادی شرط بھی ہے۔ ان اصلاحات میں ڈیجیٹل، مالیاتی، منصوبہ بندی اور حکمرانی سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261126174949_2a2ca4.jpg

قومی اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں شہری ترقی کے محکمے، وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے سکریٹری کی صدارت میں منعقد ہوتے ہیں۔ ان اجلاسوں میں منظور کیے گئے نمایاں منصوبوں میں پٹنہ، لکھنؤ اور وارانسی میں شہروں کی تخلیقی ازسرِنو ترقی کے منصوبے؛ ورنگل شہر کی جامع ترقی، لکھنؤ میں کچرے سے توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ اور تمل ناڈو میں اسمارٹ میٹرنگ، پانی کی صفائی اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے؛ نیز ترقی کے مراکز کے طور پر شہروں سے متعلق آسام (سروسجائی، گوہاٹی) اور سکم (گنگٹوک گیٹ وے) کے منصوبے شامل ہیں۔

شہری ترقی کے محکمے، وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ’’شہری ترقی کے تئیں ہمیں اپنا نقطۂ نظر تبدیل کرنے اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، تاکہ شہری منظرنامے کے مختلف حصوں میں تبدیلی لانے والے منصوبوں کا تصور پیش کیا جا سکے اور انہیں عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ یہ ورکشاپ اسی سمت میں ایک مثبت قدم ہے، جس کا مقصد شہروں کو وہ مہارتیں اور نئے خیالات فراہم کرنا ہے جو انہیں اربن چیلنج فنڈ کے تحت بینکوں سے مالی اعانت حاصل کرنے کے اہل منصوبے پیش کرنے کے لیے درکار ہیں۔‘‘

***

ش ح۔ ا ع خ۔ ن  م۔

U- 8317


(ریلیز آئی ڈی: 2342119) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी