پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 4:59PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر کے قومی ادارہ برائے سائنسی ابلاغ اور پالیسی تحقیق (سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر)، نئی دلی نے سی ایس آئی آر کے مربوط ہنرمندی اقدام (مرحلہ سوم) کے تحت 17 سے 19 نومبر 2026 تک ’’کتب خانوں کے لیے مصنوعی ذہانت‘‘ کے موضوع پر تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد کتب خانہ اور علمِ اطلاعات کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد، ماہرینِ تعلیم، محققین، طلبہ اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے ماہرین کو اس بات کا علم اور عملی مہارت فراہم کرنا تھا کہ کتب خانوں کی خدمات، تحقیقی معاونت، معلومات کی تلاش اور علم کے انتظام کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے کس طرح استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
افتتاحی اجلاس کے دوران سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے شعبۂ تربیت کے سربراہ جناب مکیش اے پُنڈ نے پروگرام کے مقاصد کا تعارف پیش کیا اور کتب خانوں اور معلوماتی خدمات کی کارکردگی اور مؤثریت کو بہتر بنانے کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں صلاحیت سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جناب سلیم انصاری نے اجلاس کی نظامت کی۔
اس پروگرام میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا، جن میں مصنوعی ذہانت کے بنیادی اصول اور کتب خانوں میں اس کے استعمالات، چیٹ بوٹس اور صارفین کے لیے انٹرفیس، بغیر کوڈنگ کے ویب سائٹ اور ایپ تیار کرنا، مصنوعی ذہانت کی مدد سے میٹا ڈیٹا کا حصول اور جدید طریقے سے کتابوں کی فہرست سازی، تحقیقی مواد کی تلاش اور نقشہ سازی، علاقائی زبانوں میں ترجمہ، حقائق کی جانچ، معلومات کی صحت و صداقت اور مصنوعی ذہانت کا اخلاقی استعمال شامل تھے۔
مورخہ18 نومبر 2026 کو ’’تحقیقی معاونت کے لیے مصنوعی ذہانت کے آلات: علمی مواد کی تلاش اور جائزہ، تحقیقی مقالوں کا خلاصہ اور حقیقی ذرائع کی مدد سے مصنوعی ذہانت کے نتائج کی جانچ‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس کی قیادت مہمان استاد ڈاکٹر ریتیش یادوونشی، اسسٹنٹ پروفیسر، اندرا گاندھی دلی ٹیکنیکل یونیورسٹی فار ویمن (آئی جی ڈی ٹی یو ڈبلیو) نے کی۔ اجلاس میں شرکا کو علمی مواد کی تلاش، تحقیقی مقالوں کے جائزے اور ان کا خلاصہ تیار کرنے نیز مصنوعی ذہانت سے حاصل کردہ معلومات کی مستند ذرائع سے تصدیق کرنے کے لیے مختلف آلات سے متعارف کرایا گیا۔ اس میں علمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں مصنوعی ذہانت کے نتائج کا تنقیدی جائزہ لینے اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا گیا۔
تربیتی پروگرام میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت کتب خانوں کے روزمرہ کے معمول کے کاموں کو خودکار بنانے، معلومات کی بازیابی کو بہتر بنانے، علم کی مؤثر تلاش میں سہولت فراہم کرنے اور صارفین کی ضروریات کے مطابق خدمات کو بہتر بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ جدید طریقے سے کتابوں کی فہرست سازی، میٹا ڈیٹا کے حصول، تحقیقی نقشہ سازی، چیٹ بوٹس اور علاقائی زبانوں میں ترجمے سے متعلق اجلاسوں میں بتایا گیا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز معلوماتی وسائل کو منظم کرنے، ان تک رسائی آسان بنانے اور انہیں تلاش کے لیے زیادہ قابلِ حصول بنانے میں کس طرح مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ حقائق کی جانچ اور مصنوعی ذہانت کے اخلاقی پہلوؤں پر ہونے والی گفتگو میں درستگی، شفافیت اور انسانی نگرانی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اختتامی اجلاس 19 نومبر 2026 کو منعقد ہوا، جس کے ساتھ ہی یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ شرکا کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علم اور مہارتوں کو اپنے پیشہ ورانہ کاموں میں بروئے کار لائیں اور کتب خانوں کی خدمات میں مصنوعی ذہانت کو ذمہ دارانہ انداز میں شامل کرنے کے امکانات تلاش کریں۔
اس پروگرام کی رابطہ کاری جناب مکیش پنڈ، سائنس داں جی اور شعبۂ تربیت کے سربراہ، سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر نے کی۔ محترمہ میتالی بھارتی نے نوڈل پرنسپل انویسٹی گیٹر اور جناب سلیم انصاری نے شریک نوڈل پرنسپل انویسٹی گیٹر کی ذمہ داری نبھائی۔
ایسے اقدامات کے ذریعے سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر پیشہ ورانہ صلاحیت سازی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ذمہ دارانہ طور پر اپنانے کے عمل کو مسلسل فروغ دے رہا ہے، جس سے ایک جامع، مؤثر اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ علمی نظام کی تشکیل میں مدد مل رہی ہے۔







۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ا ع خ۔ ن م۔
U- 8310