ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شمسی ذرات کے واقعات کی شناخت کا نیا طریقہ زمینی مشاہدات کے جغرافیائی دائرے کو وسعت دے سکتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 4:36PM by PIB Delhi

بحرِ منجمد شمالی (آرکٹک) کے علاقے نی-آلیسونڈ اور بحرِ منجمد جنوبی (انٹارکٹک) کے علاقے میتری میں قائم ہندوستانی تحقیقی مراکز میں نصب گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات کے ذریعے شمسی واقعات کی ایک نایاب اور شدید قسم، جسے ’گراؤنڈ لیول انہانسمنٹ‘ (جی ایل ای) کہا جاتا ہے،  اس کی شناخت کے لیے ایک نیا طریقہ وضع کیا گیا ہے۔

جی ایل ای سے متعلق اس مطالعے سے زمینی مشاہدات کے جغرافیائی دائرے کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سورج اور زمین کے درمیان تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے اور خلا کے موسم کی شدید کیفیت کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگانے میں بھی مدد ملے گی۔

جی ایل ای عموماً سورج میں ہونے والے شدید دھماکوں سے وابستہ ہوتے ہیں۔ ان کے دوران انتہائی توانائی کے حامل ذرات، جن میں زیادہ تر پروٹون ہوتے ہیں، بین الکواکبی خلا سے گزرتے ہوئے زمین کے کرّۂ ہوائی میں داخل ہوتے ہیں اور وہاں ثانوی ذرات پیدا کرتے ہیں، جو ہیڈرونک، میسونک اور برقی مقناطیسی اقسام کے ہوتے ہیں۔

یہ شمسی توانائی کے حامل ذرات (ایس ای پی) کے واقعات کی انتہائی شدید صورتوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ اکثر شدید شمسی شعلے اور کورونا سے مادے کے تیز اخراج (سی ایم ای) کے واقعات بھی رونما ہوتے ہیں۔

ممبئی میں قائم انڈین انسٹی ٹیوٹ آف جیومیگنیٹزم (آئی آئی جی) کے سائنس دانوں نے پہلی مرتبہ 11 نومبر 2025 کو پیش آنے والے شمسی واقعے کے ریکارڈ سے جی ایل ای کی علامات کا پتا لگایا ہے۔ اس واقعے کو جی ایل ای نمبر 77 کا نام دیا گیا تھا اور اس کا تعلق ایک شدید ایکس کلاس شمسی شعلے، کورونا سے مادے کے تیز اخراج اور شمسی توانائی کے ذرات کے ایک شدید واقعے سے تھا۔ سائنس دانوں نے یہ شناخت آرکٹک کے علاقے نی-آلیسونڈ اور انٹارکٹک کے علاقے میتری میں قائم ہندوستانی تحقیقی مراکز میں نصب گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات کے ذریعے کی۔ آئی آئی جی، محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کا ایک خودمختار ادارہ ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261126163840_fbb844.jpg

شکل 1: این اے آئی (ٹی ایل) سِنٹی لیشن ڈیٹیکٹر (کھوج کار آلہ)

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261126163848_013380.jpg

شکل 2: 11 نومبر 2025 کو انٹارکٹک (اوپر) اور آرکٹک (نیچے) کے علاقوں میں گاما شعاعوں اور نیوٹران کی سطح میں ہونے والی تبدیلیاں

انٹارکٹک کے علاقے میتری اور آرکٹک کے علاقے نی-آلیسونڈ میں این اے آئی (ٹی ایل) سِنٹی لیشن گاما رے ڈیٹیکٹرز (گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف جیومیگنیٹزم (آئی آئی جی) نے اپنے تحقیقی پروگرام کے تحت نصب کیے تھے۔ اس پروگرام کا مقصد قطبی علاقوں میں زمینی مشاہدات کے ذریعے کائناتی شعاعوں اور خلا کے موسم سے متعلق مظاہر کا مطالعہ کرنا ہے۔

جی ایل ای کی شناخت کا یہ نیا طریقہ زمینی سطح پر گاما شعاعوں کے مشاہدے کی افادیت کو ثابت کرتا ہے۔ یہ نسبتاً کم خرچ طریقہ روایتی نیوٹران مانیٹر کے ذریعے کی جانے والی پیمائشوں کے لیے ایک معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

روایتی نیوٹران مانیٹر کے مقابلے میں گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات حجم میں نسبتاً چھوٹے اور کم خرچ ہوتے ہیں۔ ایسے آلات کا وسیع نیٹ ورک موجودہ نگرانی کے نظاموں کی معاونت کر سکتا ہے، زمینی مشاہدات کے جغرافیائی دائرے کو وسعت دے سکتا ہے اور سورج سے آنے والے انتہائی توانائی کے حامل ذرات اور زمین کے کرّۂ ہوائی کے ساتھ ان کے تعامل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس مطالعے میں میتری اور نی-آلیسونڈ میں نصب این اے آئی (ٹی ایل) سِنٹی لیشن ڈیٹیکٹرز کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے گاما شعاعوں کے مشاہدات کا منظم طریقے سے تجزیہ کیا گیا۔ اس تجزیے کا مقصد جی ایل ای سے متعلق شعاعوں میں ہونے والے اضافے کو دیگر ممکنہ ذرائع سے الگ کرکے شناخت کرنا تھا۔ ان ذرائع میں زمین پر موجود تابکار مادوں سے پیدا ہونے والی پس منظر کی شعاعیں، زمینی گاما شعاعوں کے اچانک جھماکے (ٹی جی ایف)، آسمانی بجلی کی سرگرمی سے وابستہ گرج چمک کے دوران زمینی سطح پر تابکاری میں ہونے والا اضافہ (ٹی جی ای)، اور زمین سے باہر کے ذرائع، مثلاً گاما شعاعوں کے پھٹنے کے واقعات (جی آر بی) اور شمسی شعلے وغیرہ شامل ہیں۔

آئی آئی جی کے پروفیسر جی وِچارے، محترمہ پی تھاکر، جناب سی سیلو راج اور ناسا کے پروفیسر این گوپالسوامی نے ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کا تجزیہ کرکے توانائی کی مختلف حدود میں گاما شعاعوں کی گنتی کی شرح معلوم کی۔ اس کے بعد ان میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ واقعے سے پہلے کی پس منظر کی سطح کے مقابلے میں لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی روایتی نیوٹران مانیٹر نیٹ ورک میں جی ایل ای کی علامات اور توانائی کی مختلف حدود میں گوئز (جی او ای ایس) کے ذرات سے متعلق اعداد و شمار کا بھی موازنہ کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261126163857_de1d33.jpg

شکل 3: گوئز (جی او ای ایس) کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا شمسی شعلہ

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261126163912_e5997d.jpg

تصویر 5: سی ایم ای تصویر سے

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261126163904_9a478c.jpg

شکل 4: گوئز (جی او ای ایس) کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے شمسی توانائی کے حامل ذرات (ایس ای پی)

 

دونوں قطبی تحقیقی مراکز میں نصب گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات نے اس واقعے کے دوران وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کے الگ الگ واضح اشارے ریکارڈ کیے۔

انٹارکٹک کے میتری مرکز میں اس واقعے کا فوری اثر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آرکٹک کے نی-آلیسونڈ مرکز میں اس کا اثر بتدریج ظاہر ہوا۔ گاما شعاعوں کے مشاہدات روایتی نیوٹران مانیٹرز سے حاصل ہونے والی پیمائشوں کے مطابق پائے گئے۔ یہ وہ آلات ہیں جو عموماً جی ایل ای کی شناخت کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

تحقیقی جریدے ’ایسٹرو فزیکل جرنل لیٹرز‘ میں شائع ہونے والے ان مشاہدات سے یہ مطالعہ کرنے کا ایک اہم موقع ملا کہ سورج سے آنے والے انتہائی توانائی کے حامل ذرات مختلف جغرافیائی مقامات اور مختلف ارضی مقناطیسی حالات میں زمین کے کرّۂ ہوائی میں کس طرح داخل ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ کس طرح تعامل کرتے ہیں۔

حکمتِ عملی کے تحت منتخب کیے گئے مقامات پر ایسے کھوج کار آلات کا وسیع نیٹ ورک زمینی مشاہدات کے جغرافیائی دائرے کو وسعت دے سکتا ہے اور سورج سے آنے والے انتہائی توانائی کے حامل ذرات کے واقعات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انٹارکٹک کے میتری اور آرکٹک کے نی-آلیسونڈ مراکز میں گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات کی تنصیب اور ان کا کامیاب استعمال خلا کے موسم کی شدید کیفیت سے متعلق واقعات کو سمجھنے کی عالمی کوششوں میں ہندوستان کی ایک اہم شراکت ہے۔

دونوں قطبی مراکز پر جی ایل ای نمبر 77 کی کامیاب شناخت سے ہندوستان کی قطبی علاقوں میں مشاہدات کرنے کی صلاحیت کی سائنسی اہمیت ثابت ہوتی ہے۔ اس سے خلا کے موسم کی نگرانی کے لیے گاما شعاعوں کے کھوج کار آلات پر مشتمل ایک ایسے عالمی نیٹ ورک کی تیاری کے نئے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں، جو موجودہ نظاموں کی معاونت کر سکے۔

اشاعت کا لنک: https://doi.org/10.3847/2041-8213/aeaee7

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ ا ع خ۔ ن  م۔

U- 8307


(ریلیز آئی ڈی: 2342066) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी