پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 4:31PM by PIB Delhi
وزارتِ قانون و انصاف کے قانون ساز محکمے نے یومِ آئین 2026 کے موقع پر نئی دہلی کے وگیان بھون میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں ہندوستان کے آئین کا تازہ ترین ایڈیشن تمام 22 آئینی زبانوں میں جاری کیا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ تقریب میں قانون و انصاف کےوزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال اور قانون ساز محکمے و قانونی امورکے محکمہ کے سکریٹری ڈاکٹر راجیو منی بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز قومی گیت اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد نائب صدر جمہوریہ اور وزیر موصوف نے روایتی طور پر چراغ روشن کیا۔ اس موقع پر اس پہل کو اجاگر کرنے والی ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔ فلم میں آئین کو محض ایک مطبوعہ دستاویز کے بجائے عوام کی جدوجہد، لگن، ثقافتی ورثے، لسانی فخر اور جمہوری شعور کی ایک لازوال علامت قرار دیا گیا۔ اسے ایسے منشور کے طور پر بھی پیش کیا گیا جو ہر شہری کے لیے مساوات، آزادی، انصاف اور اخوت کی ضمانت دیتا ہے۔ فلم میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کے ارکان کے تصور کردہ ایک شمولیتی، مساوات پر مبنی اور سب کے لیے انصاف والا ہندوستان کا ذکر کیا گیا اور اس تصور کو حقیقت کی شکل دینے میں ہندوستانی زبانوں کے اہم رول کو اجاگر کیا گیا۔ اس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یہ پہل دیہی علاقوں، قبائلی برادریوں اور نوجوان نسل کو آئین سے مزید قریب لائے گی۔ فلم کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ آئین کو صرف پارلیمنٹ اور عدالتوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے ہر گاؤں، ہر گھر، ہر اسکول اور ہر شہری تک پہنچنا چاہیے۔

اس کے بعد نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے آئین کا تازہ ترین ایڈیشن تمام 22 آئینی زبانوں میں جاری کیا۔ یہ اقدام آئینی شعور کو فروغ دینے اور ملک کے اعلیٰ ترین قانون کو مختلف زبانیں بولنے والے شہریوں کے لیے قابلِ رسائی بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔
اپنے خصوصی خطاب میں نائب صدر جمہوریہ نے آئین کی دائمی اہمیت اور انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کی اقدار کو برقرار رکھنے میں اس کے رول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئینی معلومات کو ہر شہری کے لیے قابلِ رسائی بنانا ضروری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب ارجن رام میگھوال نے دستور ساز اسمبلی کے رکن اور مسودہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات کو یاد کیا، جنہوں نے ملک کو ایک ترقی پسند آئین دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ آئین انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے بنیادی ستونوں پر استوار ہے۔ انہوں نے آئین کو ہندوستان کے جمہوری نظام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے شہریوں میں ان کے آئینی حقوق اور فرائض کے تئیں بیداری کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر راجیو منی نے استقبالیہ خطاب پیش کیا اور یومِ آئین کی اہمیت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ان کی اپنی زبانوں میں آئین اور دیگر قوانین تک رسائی فراہم کرنے کے لیے محکمے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس اہم موقع کو ممکن بنانے میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ آئین کے نفاذ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اس کا تازہ ترین ایڈیشن تمام 22 آئینی زبانوں میں دستیاب ہوا ہے۔
ہندوستان کے آئین کا تازہ ترین ایڈیشن تمام 22 آئینی زبانوں میں جاری کیا جانا، آئینی معلومات تک سب کی یکساں رسائی کو فروغ دینے، آئینی خواندگی کو مستحکم کرنے اور آئین کے اصولوں کو ہر شہری کے قریب لانے کے تئیں حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
******
UNO- 8304
ش ح۔ع ح ۔اش ق