57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

اِفّی2026 میں دریائے سرسوتی پر بنائی گئی دستاویزی فلم نے سائنسی نقطۂ نظر سے قدیم دریا کے اسرار کو اجاگر کیا


‘‘وسیع تحقیقی مواد کو مختصر،پُر کشش اور دل چسپ انداز میں پیش کرنا ایک بڑا چیلنج تھا’’: ہدایت کار وشوناتھَن

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 3:09PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2341998Views: 5

زمین کی سطح کے نیچے پوشیدہ، قدیم مذہبی صحیفوں کے اوراق میں رواں اور ہندوستان کی تہذیبی یادداشت کا حصہ رہنے والا سرسوتی دریاطویل عرصے سے ملک کے پُراسرار دریاؤں میں شمار ہوتا رہا ہے۔ قدیم روایات اور جدید سائنسی تحقیق کے درمیان خلیج کو پاٹنے کی کوشش کے تحت ہندی دستاویزی فلم ‘دی اَن سین ہولی ریور– سرسوتی’ آج 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) 2026 کے انڈین پینورما زمرے میں پیش کی گئی۔ اس دستاویزی فلم میں دریا کی دلچسپ داستان اور اس کے وجود سے متعلق ڈاکٹر سبھاش سی سنگھ کی سائنسی تحقیقات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ فلم میں قدیم جغرافیائی حوالوں، ارضیاتی مشاہدات اور سائنسی تحقیقات کو یکجا کرتے ہوئے ہندوستان کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کے ایک دلچسپ پہلو کو پیش کیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.46.51PM_20261126151209_9795d2.jpeg

 آج پریس انفارمیشن بیورو(پی آئی بی) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلم کے ہدایت کار بھاسکر وشوناتھَن نے اپنی پہلی دستاویزی فلم بنانے کے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سرسوتی سے وابستہ اسرار ان کے لیے بھی یکساں طور پر پُرکشش تھا اور اس موضوع پر کی گئی تحقیق فلم کی تیاری کے لیے تحریک کا ایک اہم ذریعہ بنی۔ انہوں نے سرسوتی کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بالخصوص سرسوت تہذیب اور قدیم ویدک روایت سے اس کے تعلق کا ذکر کیا۔ یہ مانا جاتا ہے کہ ویدوں کی تصنیف اسی دریا کے کنارے ہوئی تھی۔ وشوناتھَن نے بتایا کہ وسیع تحقیقی مواد کو مختصر، پُر کشش اور دلچسپ انداز میں پیش کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ تحقیق پر مبنی بنیادی مواد کو برقرار رکھتے ہوئے دستاویزی فلم کو زیادہ سے زیادہ ناظرین کے لیے دلچسپی کا باعث بنایا جائے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.47.22PM_20261126151315_16c325.jpeg

فلم کے پروڈیوسر ابھینو ایم جین نے بتایا کہ ہندوستان کے دریاؤں اور ان کی تاریخی اہمیت کے بارے میں ان کے تجسس نے انہیں یہ فلم بنانے کی ترغیب دی۔ پریاگ راج میں کمبھ میلے کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تریوینی سنگم پر انہیں صرف گنگا اور جمنا دریا ہی دکھائی دیے، جس کے بعد انہوں نے تیسرے دریا سرسوتی کے بارے میں جاننے کی جستجو شروع کی۔ اس دریا کا ذکر ویدوں اور دیگر ہندو مذہبی صحیفوں میں بار بار ملتا ہے۔ تحقیق کے سائنسی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے جین نے روڑکی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائیڈرولوجی کی جانب سے کی گئی آئسوٹوپیک مطالعات کا حوالہ دیا، جن میں پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا اور زیرِ زمین آبی نظام سے متعلق تحقیق میں اہم معلومات فراہم کی گئیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at2.47.10PM_20261126151357_f6a378.jpeg

ارضیاتی تحقیق، قدیم روایات اور عصری فلم سازی کو یکجا کرتے ہوئے دستاویزی فلم ‘دی اَن سین ہولی ریور – سرسوتی’ ناظرین کو ہندوستان کے تہذیبی ورثے کے ایک اہم حصے کو سائنسی نقطۂ نظر سے دوبارہ جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اس پریس کانفرنس کی نظامت جناب سوا دھین شکتی پرساد نے کی۔

پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو یہاں دیکھیں:

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

***


ش ح۔ع ح ۔اش ق

UNO- 8298


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2341998
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026