پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 3:12PM by PIB Delhi
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت 27 نومبر 2026 کو بال وِواہ مکت بھارت (بی وی ایم بی) کے موضوع پر ایک قومی سطح کی تقریب کا انعقاد کرے گی۔ یہ تقریب 27 نومبر 2024 کو شروع کی گئی قومی مہم کی دوسری سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ’حکومت کی مجموعی کوششوں‘ اور ’پورے معاشرے کی شمولیت‘ کے ذریعے کم عمری کی شادی کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔
یہ قومی تقریب نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہوگی، جس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، وزارتوں اور محکموں کے نمائندوں، کم عمری کی شادی کی روک تھام کے افسران (سی ایم پی اوز)، بچوں کی بہبود سے متعلق کمیٹیوں کے اراکین، قومی قانونی خدمات اتھارٹی (این اے ایل ایس اے)، سماجی تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس کا مقصد کم عمری کی شادی سے پاک ہندوستان کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
اس قومی تقریب میں خواتین و اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انپورنا دیوی، دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا اور خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر شرکت کریں گی۔
اس موقع پر بی وی ایم بی مہم کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے، زمینی سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں اور متعلقہ فریقوں کی خدمات کو تسلیم کرنے، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کو پیش کرنے اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔
اس دن کی اہمیت اس لحاظ سے بھی خاص ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 27 نومبر کو کم عمری اور جبری شادی کے خاتمے کے لیے عالمی دن کے طور پر نامزد کیا ہے۔
اپنے آغاز سے ہی بال وِواہ مکت بھارت مہم میں بیداری پیدا کرنے، برادریوں کو متحرک کرنے، کم عمری کی شادی کی روک تھام کے افسران کے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے، ایسے واقعات کی بروقت اطلاع دینے کی حوصلہ افزائی کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم، بااختیاری اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت ملک بھر میں بیداری پروگراموں، عوامی رابطہ مہم اور حلف لینے کی سرگرمیوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر لوگوں نے حصہ لیا ہے۔
اس موقع پر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ ریاستی، ضلع، بلاک اور گاؤں کی سطح پر بیداری پیدا کرنے اور عوامی رابطے کی خصوصی سرگرمیاں انجام دیں۔ ان سرگرمیوں میں پنچایتی راج اداروں، شہری بلدیاتی اداروں، تعلیمی اداروں، زمینی سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں، نوجوانوں، برادریوں اور مذہبی رہنماؤں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کو شامل کیا جائے۔ کم عمری کی شادی کے خلاف برادری کی سطح پر کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی گرام سبھاؤں، بیداری مہمات، حلف لینے کی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل ذرائع سے عوام کو متحرک کرنے جیسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
بال وِواہ مکت بھارت پورٹل (https://stopchildmarriage.wcd.gov.in/) کم عمری کی شادی کے واقعات کی اطلاع دینے، کم عمری کی شادی کی روک تھام کے افسران کی تفصیلات حاصل کرنے، بیداری کی سرگرمیوں کا اندراج کرنے اور کم عمری کی شادی کے خلاف حلف لینے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ شہریوں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں اور بال وِواہ مکت بھارت پورٹل، مائی گوو اور مائی بھارت پلیٹ فارموں کے ذریعے ہندوستان کو کم عمری کی شادی سے پاک بنانے کا حلف لیں۔
مؤرخہ27 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والی قومی تقریب کم عمری کی شادی کے خاتمے اور ہر بچے کے لیے محفوظ، صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار بچپن کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل، مربوط اور برادری پر مبنی کوششوں کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مزید تقویت عطا کرے گی۔
***
ش ح۔ ک ح۔ ش ہ ب
U.No. 8296