پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 3:17PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کی وزارت نے آج یومِ آئین (سمویدھان دیوس) کے موقع پر بھارت کے آئین کے دیباچے کو اجتماعی طور پر پڑھا اور آئین میں درج بنیادی اصولوں اور اقدار کی پاسداری کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس پروگرام کی حکومت ہند میں سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کی وزارت کے سکریٹری جناب سدھانش پنت نے قیادت کی۔ وزارت کے افسران نے بھی ان کے ساتھ اجتماعی طور پر آئین کا دیباچہ پڑھا اور انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے آئینی اصولوں پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجتماعی عہد کے ذریعے تمام شہریوں کے لیے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کو یقینی بنانے، فکر، اظہار، عقیدے، مذہب اور عبادت کی آزادی برقرار رکھنے، مرتبے اور مواقع کی مساوات کو فروغ دینے اور ایسی اخوت کو پروان چڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جو ہر فرد کے وقار اور ملک کے اتحاد و سالمیت کو یقینی بناتی ہے۔

یومِ آئین ہر سال 26 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن 26 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی کے ذریعے بھارت کے آئین کو اختیار کیے جانے کی یاد تازہ کی جاتی ہے۔ یہ موقع آئین سازوں کی بصیرت افروز خدمات، خصوصاً مسودہ سازی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جن کی دیرپا میراث آج بھی ملک کو ایک منصفانہ، مساوی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے معاشرے کی تشکیل کی راہ دکھا رہی ہے۔

آئین کے دیباچے میں درج اصول سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کی وزارت کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ اس کی ذمہ داریوں کا گہرا تعلق سماجی انصاف کو فروغ دینے، انسانی وقار کے تحفظ، مواقع کی مساوات کو یقینی بنانے اور معاشرے کے محروم و کمزور طبقات کو بااختیار بنانے سے ہے۔
وزارت اپنی مختلف اسکیموں، پروگراموں اور پالیسی اقدامات کے ذریعے سماجی اور معاشی رکاوٹوں کو دور کرنے، مواقع تک رسائی کو بہتر بنانے اور ملک کی ترقی میں معاشرے کے تمام طبقات کی بامعنی شرکت یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

یومِ آئین کے انعقاد کے ذریعے وزارت نے جامع طرزِ حکمرانی، مساوی ترقی اور شہریوں پر مبنی خدمات کی فراہمی کے ذریعے آئینی اقدار کو عملی شکل دینے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا، تاکہ سماجی انصاف پر مبنی، بااختیار اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے وِکست بھارت 2047 کے تصور کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا تعاون دے سکے۔
***
(ش ح ۔رک)
U. No.8297