وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آئی آئی ٹی ایف 2026 میں آیوش پویلین کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی، دلچسپ سرگرمیاں، مفت طبی مشورے اور صحت بخش غذائی اشیا کی نمائش توجہ کا مرکز


وزارتِ آیوش نے بھارت منڈپم میں وراثت، تحقیق اور ڈیجیٹل اختراعات کو پیش کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 2:58PM by PIB Delhi

وزارتِ آیوش نئی دلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں شرکت کر رہی ہے۔ ’’آیوش کی وراثت سے صحت مند ہندوستان کی ترقی‘‘ کے موضوع پر قائم آیوش پویلین میں بڑی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔ اس پویلین میں عملی اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کے ذریعے ہندوستان کے روایتی طبی نظاموں کی میراث، تحقیق اور جدید دور میں ان کے استعمال کو پیش کیا جا رہا ہے۔

وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ الارمیل منگئی ڈی نے کل آیوش پویلین کا دورہ کیا۔ انہوں نے آیوش کے مختلف نظاموں سے متعلق نمائشوں، آیوش آہار مصنوعات کی وسیع اقسام اور دلچسپ معلوماتی نمائشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہومیوپیتھی کے او پی ڈی  میں ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور سی سی آر ایچ کی ڈیجیٹل سرگرمیوں، این آئی اے کی ورچوئل ریئلٹی سہولت اور سی سی آر یو ایم کے ذریعے مزاج کی جانچ کے عمل میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے این ایم پی بی، اے آئی آئی اے اور پی سی آئی ایم اینڈ ایچ کے نمائش اسٹالوں کا بھی دورہ کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261126150005_49e6b5.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261126150012_959fae.jpg

رہنمائی میں یوگا کے سیشن، سوریہ نمسکار کے مظاہرے، یوگا کے مقابلے، پراکرتی اور مزاج کی جانچ، آیوروید سے متعلق معلوماتی کھیل اور ورچوئل ریئلٹی کے تجربات لوگوں میں خاصے مقبول ہیں۔ بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کی ان سرگرمیوں میں گہری دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔ سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن ہومیوپیتھی (سی سی آر ایچ) کی جانب سے دواؤں کے پودوں سے متعلق پہیلی، پھولوں کی پہچان کا چیلنج اور سینسر پر مبنی صحت بخش اور غیر صحت بخش غذاؤں سے متعلق کھیل جیسی سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (این آئی اے)، جے پور کی جانب سے انسانی جسم کی ورچوئل ریئلٹی کے ذریعے سیر کرائی جا رہی ہے۔ فوٹو بوتھ اور فلیپ بُک کیوسک کے ذریعے زائرین کو وزارت کی مطبوعات پڑھنے کا موقع بھی مل رہا ہے، جن میں ’’جڑوں سے عالمی رسائی تک: آیوش میں تبدیلی کے 11 سال (2014-2025)‘‘ بھی شامل ہے۔

آیوروید، یونانی، سدھ اور ہومیوپیتھی کے شعبوں میں طبی مشورے فراہم کیے جا رہے ہیں اور معائنے کے بعد دوائیں بھی دی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ یوگا اور نیچروپیتھی کے طبی مشورے اور خشک کپنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ سی سی آر ایچ کی جانب سے 24 اور 25 نومبر کو ہومیوپیتھی کا  او پی ڈی  قائم کیا گیا، جہاں زائرین کو مفت طبی مشورے اور دوائیں فراہم کی گئیں۔

آیوروید سے متاثر ہو کر تیار کیے گئے بسکٹ، جڑی بوٹیوں سے بنی مصنوعات، یونانی ادویات اور غذائیت سے بھرپور ہلکی پھلکی غذائیں بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ ’دادی سے پوچھو‘ اور ’ملیٹس آن دی وہیل‘ جیسی پہل کے ذریعے روایتی غذاؤں اور موٹے اناج کے فوائد کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) کی جانب سے لائیو پودوں کی نمائش، دواؤں کے پودوں کے مفت پودے اور کیو آر کوڈ کے ذریعے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وہیں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) میں عام جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کی نمائش کی گئی ہے اور ماہرین کی رہنمائی میں ان کے محفوظ استعمال کی اہمیت پر زور دیا جا رہا ہے۔ تحقیق سے وابستہ کونسلیں اور قومی ادارے بھی آیوروید، یوگا اور نیچروپیتھی، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی کے شعبوں میں اپنے کام کو پیش کر رہے ہیں۔

آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت روایتی طبی نظاموں کے بارے میں بیداری پھیلانے، احتیاطی تدابیر پر مبنی علاج اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور ہندوستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں تحقیق، تعلیم اور اختراع کے کردار کو اجاگر کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261126150020_06c765.jpg

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ ا ع خ۔ ن  م۔

U-8294


(ریلیز آئی ڈی: 2341947) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese