الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 11:23AM by PIB Delhi
مقامی مصنوعی ذہانت کے نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے سکریٹری جناب ایس کرشنن نے انڈیا اے آئی مشن کے تحت ’چیریٹ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے تیار کردہ’چیریٹ-1 فاؤنڈیشن ماڈلز‘کا افتتاح کیا۔ ان ماڈلز کا اجرا اور تحقیقی مظاہرہ نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ہوا، جس میں مقامی تحقیق اور اختراع کے ذریعے خودمختار مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔

’چیریٹ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ انڈیا اے آئی مشن کے تحت خودمختار فاؤنڈیشن ماڈلز تیار کرنے کے لیے منتخب کی جانے والی پہلی چار ٹیموں میں شامل ہے۔ یہ پہل مقامی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے، جدید تحقیق کی حمایت کرنے اور ایسے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیاری کو ممکن بنانے کے تئیں حکومتِ ہند کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو ملک کی مخصوص تکنیکی، لسانی اور سماجی ضروریات کو پورا کر سکیں۔
’چیریٹ-1‘ ماڈل سیریز میں’چیریٹ-1 لارج لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم)‘ اور’چیریٹ-1 ٹیکسٹ ٹو اسپیچ (ٹی ٹی ایس)‘ شامل ہیں، جنہیں بھارت میں ابتدا سے ہی پیشگی ٹریننگ دے کر تیار کیا گیا ہے۔ زبان کو سمجھنے اور تقریر تخلیق کرنے کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے مقصد سے تیار کیے گئے ان ماڈلز میں تحقیق پر مبنی نئی اختراعات شامل کی گئی ہیں، جن کا مقصد حسابی کارکردگی، کثیر لسانی صلاحیتوں اور مختلف ماحول میں استعمال کے لیے ان کی موافقت کو بہتر بنانا ہے۔
مقامی تحقیق کے ذریعے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کو فروغ
اس اجرا کی ایک اہم خصوصیت چیریٹ کی ٹیم کی تیار کردہ تین تحقیقی اختراعات کی پیش کش تھی، جنہیں ’چیریٹ-1‘ ماڈلز کی تربیت میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اختراعات زبان کی تفہیم اور ماڈلز کی تربیت سے متعلق بنیادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی ہیں، بالخصوص بھارت کے لسانی تنوع کے تناظر میں۔
’انڈک شفٹ‘ایک آزاد ماخذ پر مبنی اختراع ہے، جو بھارتی رسم الخط کے لیے ایک مشترکہ حروفِ تہجی متعارف کراتی ہے۔ اس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز ہر رسم الخط کو الگ الگ سمجھنے کے بجائے مختلف زبانوں میں موجود مماثلتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس طریقۂ کار کے تحت 12 بھارتی رسم الخط کے 1,012 حروف کو 350 بنیادی حروف کے ذریعے شامل کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں بھارتی زبانوں کے متن کے لیے اوپن اے آئی کے جی پی ٹی ٹوکنائزر کے مقابلے میں ٹوکنز کی تعداد 2.5 گنا تک کم ہو جاتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یکساں کمپیوٹنگ وسائل استعمال کرتے ہوئے بھارتی زبانوں میں ماڈل کی کارکردگی میں 5 سے 8 فیصد تک بہتری آتی ہے، جبکہ انگریزی زبان اور کوڈنگ کے شعبے میں کارکردگی برقرار رہتی ہے۔
’نیسٹڈ ٹریننگ‘کے ذریعے ایک ہی تربیتی عمل اور وزن کے ایک ہی مجموعے کو استعمال کرتے ہوئے ماڈل کے تین مکمل سائز بیک وقت تربیت دیے جا سکتے ہیں۔ یہ اختراع مختلف کمپیوٹنگ ماحول کے لیے الگ الگ ماڈل تیار کرنے کے چیلنج سے نمٹتی ہے اور ڈیٹا سینٹرز، لیپ ٹاپ، اسمارٹ فونز اور ایج ڈیوائسز سمیت مختلف آلات پر ان ماڈلز کے استعمال کو ممکن بناتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طریقۂ کار سے تینوں سائز کے ماڈلز کو الگ الگ ٹریننگ دینے کے مقابلے میں تربیت کی رفتار میں 62 فیصد بہتری آتی ہے۔
تیسری اختراع،’مکسچر آف ووکیبولریز‘ماڈل کے الفاظ کے انتخاب کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔ اس کے تحت ذخیرۂ الفاظ کو 11 گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ہر بار صرف متعلقہ گروپ کے الفاظ کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔ اس طریقۂ کار سے ہر لفظ کے لیے درجہ بندی کیے جانے والے ذخیرۂ الفاظ کے اندراجات کی تعداد 5.7 گنا کم ہو جاتی ہے اور یکساں جی پی یوز پر ٹریننگ کی رفتار میں 38 فیصد بہتری آتی ہے، جبکہ ماڈل کے لاس میں نہ ہونے کے برابر تبدیلی ہوتی ہے۔

’چیریٹ-1‘: بھارت کے کثیر لسانی منظرنامے کے لیے مصنوعی ذہانت کی تیاری
’چیریٹ-1 ایل ایل ایم‘ ایک 11 ارب پیرامیٹرز پر مشتمل مکسچر آف ایکسپرٹس ماڈل ہے، جس میں ہر ٹوکن کے لیے 4 ارب پیرامیٹرز فعال ہوتے ہیں۔ بھارت میں ابتدا سے ہی پیشگی تربیت دے کر تیار کیے گئے اس ماڈل کے تین سائز دستیاب ہیں، جن میں 10.7 ارب، 1.7 ارب اور 745 ملین پیرامیٹرز شامل ہیں۔ یہ مختلف کمپیوٹنگ ضروریات اور استعمال کے ماحول کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔
اس لسانی ماڈل کے ساتھ’چیریٹ-1 ٹی ٹی ایس‘بھی پیش کیا گیا ہے، جسے انگریزی اور 10 بھارتی زبانوں میں گفتگو تخلیق کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ان زبانوں میں ہندی، بنگالی، مراٹھی، تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، گجراتی، پنجابی اور اوڈیا شامل ہیں۔
اس اسپیچ ماڈل کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ سیاق و سباق کو سمجھنے اور اس بات کا تعین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے کہ اعداد، تاریخوں، کرنسیوں، اکائیوں، ویب روابط اور مخففات کو کس طرح بول کر بیان کیا جانا چاہیے۔ اس سے زیادہ فطری اور سیاق و سباق کے مطابق گفتار تخلیق کرنے میں مدد ملتی ہے اور حقیقی دنیا میں استعمال ہونے والی اسپیچ ٹیکنالوجیز کی تیاری سے متعلق ایک اہم چیلنج کا حل نکلتا ہے۔
اس ماڈل نے ’ایسنک ٹی ٹی ایس پروننسی ایشن بینچ مارک‘ پر 97 فیصد سے زیادہ درست تلفظ کا مظاہرہ کیا۔ اس بینچ مارک میں حقیقی دنیا کے 1,029 جملے اور 42 زمروں میں غیر معیاری متن کی 2,251 مثالیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ، ماڈل نے ہندی میں 7.60 فیصد اور نو دیگر بھارتی زبانوں میں اوسطاً 6.47 فیصد کیریکٹر ایرر ریٹ حاصل کیا، جو رپورٹ کردہ آزمائشوں میں جانچے گئے نظاموں کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔
یہ پیش رفت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ بھارتی زبانوں کی پیچیدگیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لسانی ٹیکنالوجیز تیار کرنا کتنا اہم ہے۔ اس سے ملک کی متنوع لسانی برادریوں کے لیے مصنوعی ذہانت کو زیادہ قابلِ رسائی اور متعلقہ بنانے کے وسیع تر مقصد کو تقویت ملتی ہے۔
قیادت کے نقطۂ نظر

الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے سکریٹری جناب ایس کرشنن نے ’چیریٹ ون‘ کے اجرا پر چیریٹ کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور اسےبھارت کے ٹیکنالوجی نظام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے ٹیم کے اختراعی طریقۂ کار، بھارتی زبانوں کی مؤثر نمائندگی کے استعمال اور مقامی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں اس کے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اے آئی مشن کو اسی طرح کے باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ان دو افراد کے تعاون کو بھی سراہا، جنہوں نے جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے لیے بھارت واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق، ’چیریٹ ون‘ بھارت کے نوجوان اختراع کاروں کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی ملک کی بڑھتی ہوئی قابلیت کو ظاہر کرتا ہے۔
’چیریٹ-1‘ کا اجرا مقامی فاؤنڈیشن ماڈلز کی تیاری کو آگے بڑھانے میں بھارت مصنوعی ذہانت کے اداروں کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انڈیا اے آئی مشن کے ذریعے حکومتِ ہند مصنوعی ذہانت کی تحقیق، اختراع اور ترقی کے لیے ایک مضبوط نظام کو فروغ دے رہی ہے، جس میں ملک کے اندر اپنی صلاحیتیں استوار کرنے اور بیرونی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجیز پر انحصار کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
خودمختار فاؤنڈیشن ماڈلز تیار کرنے والی ٹیموں کی معاونت کے ذریعے انڈیا اے آئی مشن محققین، اختراع کاروں اور اداروں کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بلند عزائم پر مبنی تحقیق کرنے اور اسے ملک میں تیار کردہ تکنیکی حل میں ڈھالنے کے قابل بنا رہا ہے۔ اس طرح کے اقدامات مصنوعی ذہانت کا ایک جامع، خود کفیل اور عالمی سطح پر مسابقتی نظام قائم کرنے کے ہندوستان کے وژن کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔
اس تقریب میں این وی آئی ڈی آئی اے کے جنوبی ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب وشال دھوپر اور چیریٹ کے شریک بانی جناب سُورات بھوشن کے درمیان ایک خصوصی غیر رسمی گفتگو کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں مصنوعی ذہانت کی تحقیق کے ابھرتے ہوئے رجحانات اور بدلتے ہوئے ٹیکنالوجی کے منظرنامے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
***
(ش ح ۔رک)
U. No.8276