پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 8:29PM by PIB Delhi
ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے جہاز (آئی سی جی ایس) سجَے نے سری لنکا کے شہر ٹرنکومالی کا اپنا تین روزہ سفر 23 سے 25 نومبر 2026 تک مکمل کیا۔ اس دورے کا مقصد بالخصوص سمندری آلودگی سے نمٹنے (ایم پی آر) کے شعبے میں دوطرفہ بحری تعاون کو مستحکم بنانا تھا۔
سفر کے دوران آئی سی جی ایس سجَے پر تعینات خصوصی آلودگی سے نمٹنے والی ٹیم نے سری لنکا کوسٹ گارڈ (ایس ایل سی جی) کے اہلکاروں کو آلودگی سے نمٹنے کے آلات کے استعمال اور انہیں تعینات کرنے کے طریقوں کی عملی تربیت دی۔ اس تربیت سے پیشہ ورانہ تبادلے کو فروغ ملا اور سمندروں کو صاف ستھرا اور محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ آپریشنل تیاری کو مستحکم کیا گیا۔
اس سفر کے دوران باہمی میل جول اور عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے کئی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں ’صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا‘ کے موضوع پر مشترکہ یوگا سیشن، دوستانہ والی بال میچ اور مقامی شہریوں کے لیے جہاز کا دورہ شامل تھا۔

اس تعیناتی کی ایک اہم خصوصیت ہندوستان-سری لنکا میتری سیتو یاترا مشترکہ بین الاقوامی سائیکلنگ مہم میں حصہ لینے والے این سی سی کے 22 کیڈٹس، تین افسران اور سات معاون عملے کو جہاز پر سوار کرانا تھا۔ یہ ٹیم ٹرنکومالی سے کارائیکل تک سمندری سفر کے لیے آئی سی جی ایس سجَے پر سوار ہوئی اور اس کے 26 نومبر 2026 کو پہنچنے کا پروگرام ہے۔
آئی سی جی ایس سجَے کا یہ دورہ ہندوستان کی ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی اور ’ساگر‘ (خطے میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی) کے وژن کے تئیں ملک کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سے بہتر آپریشنل تعاون، صلاحیت سازی اور بحر ہند کے خطے میں سمندروں کو محفوظ، مامون اور صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کے ذریعے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری مزید مستحکم ہوتی ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8265)